
مریم شہزاد
پیاری امی کچھ توجہ ادھر بھی۔احمد ایک خاموش اورسنجیدہ سا بچہ تھا جو شرارتیں بھی نہیں کرتا تھا اور کچھ کچھ ڈرا سہما سا
رہتا تھا۔ اس کا اسکول میں صرف ایک ہی دوست تھا جس کا نام یوسف تھا ۔ایک دن اسکول کے ایک بچےنےاحمد کو مارا تو اس کو بہت زور سے لگا مگر وہ رونا ضبط کر گیا۔ یوسف یہ سب دیکھ رہا تھا۔
" جب معیز نے تم کو مارا تو تم روئے کیوں نہیں" ؟ یوسف نے احمد سے پوچھا
" میں بڑا ہوں نا اس لیے، امی کہتی ہیں بڑے بچوں کو رونا نہیں چاہیے " احمد نے کہا۔
" لیکن تم کو رونا تو آ رہا تھااور تم بڑے کیسے ہو گئے؟ تم بھی چھ سال کے ہو اور میں بھی چھ سال کا ہوں لیکن میں تو بہت روتا ہوں ، اگر کوئی مجھے مارے ۔ مجھے تو کوئی نہیں کہتا کہ تم بڑے ہو گئے ہو" یوسف نے حیران ہو کرکہا۔
" پتا نہیں ، میرے تو دو چھوٹے بھائی بہن اور بھی ہیں ۔اس لئے میں بڑا ہوں "
" دو بھائی تو میرے بھی ہیں مگر وہ مجھ سے بڑے ہیں مگر ہیں تو ہم دونوں چھ سال کے پھر تم بڑے اور میں چھوٹا کیسے ہوگیا "
ان دونوں کی سمجھ میں نہیں آرہا تھا کہ ایسا کیوں ہے تو احمد نے کہا۔
" ایسا کرتے ہیں کہ میں اپنی امی سے پوچھوں گا کہ میں کیوں نہیں روسکتا اور میں کیوں بڑا ہوں اور تم کیوں چھوٹے ہو ،اور تم اپنی امی سے پوچھنا"
گھر آ کر اس نے امی سے پوچھا تو امی نے ایک دم چونک گئیں ۔
" واقعی چھ سال کا بچہ، بچہ ہی تو ہوتا ہےاگر گھر میں سب بچوں میں بڑا ہے تو کیا ہوا؟ ہے ابھی بچہ ،" وہ سوچ میں پڑ گئیں۔
" پتا نہیں ہم کیوں بڑے بچوں کو اتنا بڑا سمجھ لیتےہیں کہ وہ اپنا بچپن ختم کرلیتے ہیں۔ اس کو ابھی سےاگرپابندیاں لگا دیں گے تو پتہ نہیں کیا نتیجہ نکلے "
انہوں نے چھوٹے علی کو گود سے اتارا اور احمد کو گود میں لے کر بہت سارا پیار کیا اور کہا
" میرا احمد بھی چھوٹا ساہی ہے ، وہ بھی رو سکتا ہے ضد بھی کرسکتا ہے بس وہ ابھی سے بھائی جان بن گیا ہے نا تو گھر میں اس کو تھوڑا سا بڑا بننا پڑتا ہے ۔ورنہ اسکول میں تو وہ بھی سب بچوں جیسا چھوٹا سا بچہ ہے ۔جو شرارت بھی کرسکتا ہے اور چوٹ لگے تو رو بھی سکتا ہے ۔" امی نے اس کو ایک دفعہ پھر پیار کیا تو احمد بہت زیادہ خوش ہوگیا اور بولا
" اچھا تو آپ مجھے پیار بھی کرسکتی ہیں نا ! ابھی تو میں بھی چھوٹا ہوں نا "
یہ سن کر امی کی آنکھوں میں آنسو آ گئے، انہوں نےاحمد کو ڈھیر سارا پیار کیا ۔
" ہاں میری جان کیوں نہیں" انہوں نے کہا اور دل میں عہد کیا کہ اب وہ ابھی سے اس کو اتنا بڑا نہیں سمجھیں گی کہ وہ ان کے پیار کو بھی ترس جائےاور امی نے ابو اور دادا دادی کو بھی یہ بات سمجھائی تو سب نے ان کی تائید کی ۔اس طرح احمد بھی پر اعتماد ہوگیا اور وہ بھی سب بچوں کے ساتھ ہنسی خوشی شرارتیں بھی کرنے لگا اور چوٹ لگنے پر تھوڑا سا رو بھی لیتا ہے مگر اب اس کو کوئی یہ نہیں کہتا کہ تم بڑے ہو اس لئے رو نہیں سکتے۔اب احمد بہت خوش ہے۔
اکثر مائیں یہ غلطی کرتی ہیں کہ جب اوپر تلے بچے ہوجاتے ہیں تو وہ سب سے بڑے بچے سے امید لگا لیتی ہیں کہ وہ بڑا ہے تو اب اس کو بچوں جیسی باتیں نہیں کرنی ہیں چاہئیں۔ وہ چھ یا سات سال کا ہی کیوں نہ ہو وہ یہ بات بھول جاتی ہیں کہ بچہ تو بچہ ہی ہوتا ہے اور جب وہ اپنے برابر کے بچوں کو شرارتیں کرتےدیکھتا ہےیا بچپن انجوائے کرتا دیکھتا ہےتو سخت پریشان ہوجاتا ہے اور اس کی سمجھ نہیں آتا کہ وہ کیوں اور بچوں کی طرح شرارتیں نہیں کرسکتا۔کیوں نہیں رو سکتا ۔
اس لئے ماؤں کے لیے ضروری ہے کہ بچہ کو بچہ ہی سمجھیں اور اس سے بڑوں کی جیسی توقعات نہ رکھیں ورنہ وہ خوف کا اور عدم اعتماد کا شکار ہو جائے گا۔اسے اپنا بچپن انجوائے کرنے دیں ۔یہ اس کے لئے بھی بہت ضروری ہے اوراس کے چھوٹے بہن بھائی کے لیے بھی ورنہ وہ صرف بڑا بھائی یا بہن بن کر رہ جاتا ہے اوردوسرے بھائی بہنوں سے دوستی نہیں کرپاتا اور اس کی زندگی میں ایک خلا رہ جاتا ہےجو آئیندہ زندگی میں اس کے لئے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔ یہ ماؤں کی ہی ذمہ داری ہے کہ بچوں کو یکساں توجہ اور محبت دیں تاکہ وہ ایک بھرپور زندگی گزار سکیں.



































