
مریم شہزاد
وہ میرے ساتھ آفس میں کام کرتا تھا،اکثر ہی ہم کھانا آفس میں ساتھ ہی کھا لیتےتھےآج بھی ہم کھانا کھانےبیٹھے تو وہ
ہمیشہ کی طرح شروع ہو گیا میری بیوی یوں اور میری بیوی یوں, اس کو اپنی بیوی سےکوئی نہ کوئی شکایت ہی رہتی تھی ۔
" ہر وقت اس کے ہاتھ میں موبائل ہی ہوتا ہے "
اس نے کہا تو میں نےچونک کراس کو دیکھا وہ صاف ستھری استری شدہ کپڑے پہنے ہوئے تھا، میں نے اس سے پوچھا
" ہر وقت "؟
تم اپنے کپڑے ڈرائ کلین کراتے ہو؟
" نہیں تو"
" استری تو کراتے ہوگے"؟
"نہیں میری بیوی ہی کرتی ہے۔
" اچھا تو کپڑے دھوتا کون ہے"؟میں نے پوچھا
بیوی ہی دھوتی ہے۔
" چار بجے ہیں تمہارے،ان کے بھی وہی دھوتی اور استری کرتی ہوگی "
" ہاں
" اچھا کھانا پکانا، سبزی بنانا، گھر کی صفائ ، یہ سب کون کرتا ہے ؟"
ظاہر ہے بیوی ہی کرتی ہے ۔
اچھا بچے ٹیوشن جاتے ہیں یا تم آفس سےجانے کےبعد پڑھاتے ہو "
نہیں بھئی، میں تو آفس سے جاکر اتنا تھک جاتا ہوں اور پھر ماشاء اللہ بچوں کی ماں پڑھی لکھی ہے ،وہ خود ہی دیکھ لیتی ہے،ٹیوشن کی فیس افورڈ نہیں کرسکتا میں ۔
اچھا پھر بچے بد تمیزہوں گے تمہارے؟ "
اس کے چہرے پر ناگواری کا سایا لہرایا ۔
نہیں، بہت با ادب بچے ہیں ،ہر کوئ تعریف کرتا ہے۔
اچھا حیرت ہے۔
گھر تو زیادہ ترپھیلا ہوا اورگندہ ہی ہوتا ہوگا؟ ہے نا۔
نہیں ایسا تو نہیں " وہ زچ ہو گیا ۔
تو تم گھر جاکر کیا کرتے ہو ۔
میں! میں کھانا کھا کر چائے پیتا ہوں پھرٹی وی یا موبائل کرلیتا ہوں ۔
اس وقت تمہاری بیوی کیا کرتی ہے "؟
پتا نہیں ،ٹائم ہی ----نہیں ہوتا ----- اس کودیکھنے کا " اس نے اٹکتےہوئےسوچتے ہوئے کہا ۔ پھر تم نے یہ کیوں کہا کہ وہ ہروقت موبائل میں لگی ہوتی ہے ۔
اس نے میری بات نہ سمجھتے ہوئے مجھے دیکھا تو میں نے کہا اگر وہ دن بھر اتنے سارے کام کے بعد بھی تمہاری توجہ سے محروم ہے اور کچھ دیر موبائل کرلیتی ہے تو میرا خیال ہے کہ کوئی حرج نہیں " اور وہاں سے اٹھ گئی ۔



































