
ندااسلام
تحائف دینا بہت اچھی بات ہے۔ سنت بھی ہےاورباہمی محبت کے فروغ کا ذریعہ بھی۔ آپ اپنے بہن بھائیوں کووالدین کوہدیہ دیتےرہتے ہیں۔۔۔ بہت خوب۔۔۔گویا آپ صلہ رحمی
کرناجانتے ہیں اورپائیدارتعلقات کے فروغ کے لئےکوشاں رہتے ہیں۔ آپ کا دل کرتا ہے کہ آپ کے قرابت دارآپ سے محبت کریں،عزت دیں،احترام کریں اور آپ کو اچھے لفظوں میں یاد کریں۔ آپ اپنے دلی جذبات کی تسکین کے لئے اپنی استطاعت سے بڑھ کر تحائف دیتے ہیں مگر بہت سے لوگ ایسے بھی ہیں جن کا فہم اپنےاقارب سے تعلق نبھانے اور ان کے جذبات کو تسکین بخشنے کے لئے تو بخوبی کام کرتا ہےمگر جب بات نصف بہتر(بیوی) کے اقارب کی آتی ہے تو یہی لوگ یشح نفس کا شکار نظر آتے ہیں۔ کیا یہ رویوں کا تضاد نہیں؟ آپ کو اپنے بہن بھائیوں کی ضروریات سےتو مکمل آگاہی ہے۔ان کے جذبات کی قدر کرنا تو خوب معلوم ہے مگر بیوی پر خرچ کرنا آپ کو گراں گزرتا ہے۔ گن گن کر خرچ کرتے ہیں اور بیوی کے اقارب کے لئے تحائف دینا تو آپ بالکل اسراف سمجھتے ہیں۔ کیا بیوی اپنے اقارب کے لئے ویسے ہی نرم گوشہ نہیں رکھتی ۔ جیسے آپ اپنے اقارب کے لئے رکھتے ہیں؟ کیا بیوی کےدلی جذبات کی تسکین کےلئے اس کے اقارب سےحسن سلوک اور ہدیہ دینا آپ کی بیوی کے دل میں آپ کی قدر کئی گنا بڑھا نہ دے گا؟ آپ کو اپنی بہن کے ہاں جاتے ہوئے تو سارے رسموں سےآگاہی ہوتی ہےمگر بیوی کے والدین کے ہاں جاتے آپ کو پھل کا تحفہ دینابھی گراں گزرتا ہےیا آپ اس کی ضرورت نہیں سمجھتے۔
سردست،اس جاہلیت اورفرسودہ سوچ کو ذہن سے نکال کر پھینک دیں کہ لڑکی کو اپنے نکاح میں لےکر آپ نے اس پراور اس کے والدین پراحسان عظیم کیا ہے۔ نکاح کےبعد دونوں ایک دوسرے سے جذباتی،نفسیاتی اوراخلاقی تعلق میں بندھ جاتے ہیں اوراس تعلق کی مضبوطی کے لئے شعوری کوشش نہ کی جائے اورمسلسل دوسرے فریق کی جذباتی اور نفسیاتی تسکین سےاغماض برتتے رہیں اوراخلاقی لحاظ سے جو کچھ کرسکتے ہوں وہ نہ کریں تو کچھ عرصہ تو بیوی آپ کے اقارب سے آپ کی دلچسپی ومحبت کومحبت پاش نظروں سے دیکھے گی اور رشتوں کی خوبصورتی سے لطف اندوز ہو گی مگر جلد ہی اسے یہ احساس چین نہیں لینے دے گا کہ میں اپنے اقارب سےتعلقات کیسے نبھاؤں؟
جب شوہر کو بیوی کے دلی جذبات کا احساس نہیں تو رشتہ مؤدت ورحمت کی تسکین کیوں کرہو گی!!!"عورتوں کے لیےمعروف طریقے پرویسےہی حقوق ہیں جیسے مردوں کے حقوق ان پر ہیں۔،"(القرآن)
اللہ کے رسولﷺ کا ارشاد ہے:"مسلمان اپنے گھروالوں پر خرچ کرتا ہےاوراس میں اجرکی نیت رکھتا ہے تو یہ اس کی طرف سے صدقہ ہے۔"[إذا أنفق المسلم نفقۃ علی أہلہ وہو یحتسبہا کانت لہ صدقۃ](بخاری،مسلم)
لہٰذا شوہرکا اپنے اقارب پر وہ خرچ جو بیوی کی حق تلفی کرکے کیا جائے،اس کی ضروریات،لباس وغیرہ کی فراہمی میں تساہل کرکے کیا جائے کسی طور مستحسن نہیں کہلا سکتا۔ بیوی اپنے سسرال میں تعلق نبھانے کے نام پر قربانیاں دیتی رہےتو وہ اس کا فرض ہے اور شوہر ناپ تول کر بیوی پر خرچ کرے۔اس کے اقارب پر خرچ کرنے کو اسراف سمجھے تو یہ کیسے 'عاشروھن بالمعروف' کا درست فہم ہو سکتا ہے؟ اللہ ہمیں رویوں کے تضاد سے محفوظ رکھے۔



































