
روبینہ اعجاز/ کراچی
واہ! کتنی زبردست خوشبوئیں ہیں ۔پورا گھرمہک رہا ہے۔ فراز نے گھر کے اندر آتے ہی ایک لمبی سانس کھینچتے ہوئے کہا ۔فضہ جو باورچی خانہ میں صبح
سے مصروف تھی۔اس نےجلدی سےاپنے ماتھے کاپسینہ خشک کیااورگرم گرم چائے اور شامی کباب فراز کو پیش کیے ۔
باورچی خانے کی طرف دیکھتے ہوئے اور چائے پیتے ہوئے فراز نے قدرے حیرت سے پوچھا ۔یہ سب کیا ہے ؟ آپ بھول گئے،آج ہم نےآپا کو دعوت کر کے بلایا ہے ۔فضہ نے مسکراتے ہوئے جواب دیا ۔اوہ۔ہاں ۔میں تو آفس کی مصروفیات میں بالکل ہی بھول گیا تھا مگر یہ تم نے اتنا زیادہ تکلف کیوں کر لیا ۔فراز نے باورچی خانے میں چائے کا کپ رکھتے ہوئے کہا ۔بس میرا دل چاہ رہا تھا اچھی سی دعوت کرنے کوآپا کبھی تو آتی ہیں ہمارے گھر ۔
فضہ نے پلاؤ کو دم پر رکھتےہوئے کہا ۔اوہ میں تیارہوجاؤں آپاآتی ہوں گی ۔وہ وقت کی بہت پابند ہیں۔فضہ تیارہونے کو گئی ۔وہی ہوا کچھ دیر بعد گیٹ پر گھنٹی بجی۔اورآپا بمعہ اپنے شوہر اور دوعدد بچوں کے موجود تھیں ۔فراز نےان لوگوں کو بیٹھک میں بٹھایا ۔اتنے میں فضہ بھی آگئی ،سب ملکر باتیں کرنے لگے کہ آپا نے فراز سے شکایت کی لگتا ہے تم لوگ ہمارے گھر کا راستہ بھول گئےہو۔ان کا لہجہ ترش تھا تو فراز نے بھی بیزاری سے کہا بس کیا بتاؤں آفس سے آتے آتے یہ وقت ہو جاتا ہےاوراکثر اس سےبھی زیادہ دیر ہو جاتی ہے پھر میری ہمت جواب دے جاتی ہے ۔اتنے میں آپا کےشوہر نے بھی لقمہ دیا ۔دیکھو تم بھائی ہو اور انکا فرض ہوتا ہے کہ بہنوں کے پاس جائیں ان کی خیر خبر لیتے رہیں ۔
بھائی جان میں ان باتوں کا پابند نہیں جس کو وقت ملے وہ خیر خبر لے لے۔فراز نے جھنجلاتے ہوئے کہا اتنے میں فضہ جو خاموشی سے سب کچھ سن رہی تھی ۔اٹھ کر میز پر کھانا چننے لگی ۔دوسری طرف آپا اور فراز کے شکوے شکایات بحث کا رخ اختیار کرچکے تھے ۔بات اتنی بڑھی کہ فراز دوسرے کمرے میں چلا گیا ۔اتنے میں فضہ نے نہایت سلیقے سے میز پر کئی طرح کے پکوان سجا دئیے ۔
آئیے آپ سب کھانے کی میز پر آجائیے۔آپااورآن کے گھر والے خاموشی سے کھانے کی میز پر آکربیٹھ گئے ۔فضہ نےدیکھا کہ فراز ادھر نہیں ہیں تو وہ انہیں دوسرے کمرے میں بلانے گئی ۔آجائیے سب کھانےکی میز پر آپ کا انتظار کر رہے ہیں ۔فرازنےروکھے پن سے جواب دیا۔تم ان لوگوں کے ساتھ کھا لو۔میرا موڈ نہیں ۔
فضہ ان کی عادت جانتی تھی کہ جب ان کا موڈ خراب ہو تو کوئی ٹھیک نہیں کرسکتا۔ سووہ خاموشی کےساتھ واپس لوٹ آئی ۔سب لوگوں نے بادل نخواستہ تھوڑا تھوڑا کھایا اورجلد ہی رخصت ہو گئے ۔موڈ تو آپا کا بھی خراب ہو چکا تھا ۔ان کے جانےکے بعد فضہ نے کھانا سمیٹنا شروع کر دیا ۔زیادہ تر کھانے بچے ہوئے تھے پھر اس نے برتن دھونے شروع کر دئیے ۔وہ بھی پریشان تھی، آج صبح سےاس نے کتنی محبت اور خلوص سے دعوت کی تیاری کی تھی ۔
اس کا سارا دن باورچی خانے میں گزرا تھا کہ اسے پتہ ہی نا چل سکا کہ کب سورج ڈھلا اورشام ہوئی ،پھر اس کی تعریف تو کجا یہاں تو معاملہ بگڑچکا تھا ۔اسے فراز پر رہ رہ کرغصہ آرہا تھا ،وہ ان کی عادت جانتی تھی سو اس نے کچھ نا کہنے میں عافیت جانی۔دو۔تین دن اسی طرح گزر گئے ۔
فضہ ان سے دور دور رہتی تو وہ بھی آفس سے آکر کمپیوٹر پر کچھ نا کچھ کام کرتے رہتے ۔آج جب فراز آفس سے آئے تو ان کا موڈ قدرے خوشگوار تھا۔انہوں نے فضہ کے ہاتھ میں کچھ رقم رکھی ۔فضہ نے حیرانی سے ان کی جانب دیکھا ۔ فراز نے مسکراتے ہوئے کہا ایسا کرو تم اپنی امی کہ گھر جا کر دو دن رہ آؤ اور رمضان اور عید کی خریداری بھی کر لینا ۔وہ اچھی طرح جانتے تھے کہ فضہ کو سوئی سے لیکر بڑی سے بڑی چیز لینی ہوتی تووہ اپنی آمی کے گھر کے قریب کہ بازار سے لیتی ۔اسے وہیں کی ہر چیز سمجھ آتی ۔
فضہ نے جب ان کا موڈ اچھادیکھا تو اس کی ہمت بندھی ،دیکھیں آپ صحیح کہہ رہےہیں مجھےرمضان کی تیاری ابھی کر لینی چاہیے تاکہ رمضان میں صرف عبادات کر سکیں ۔فراز نے اس کی ہاں میں ہاں ملائی ۔واقعی رمضان تو خالص عبادات کا مہینہ ہے پھر ہم تو ہمیشہ ایسا ہی کرتے ہیں لیکن فراز ۔۔۔اسنے ہچکچاتے ہوئے کہا ۔ میں سوچ رہی ہوں کہ رمضان سے پہلے جہاں ہم سب تیاریاں کر رہے ہیں ،وہاں دلوں کی صفائی بھی ضروری ہے ،کیا مطلب ،فراز نے ناسمجھتے ہوئے کہا ۔میں آپا کی ناراضی کی بات کر رہی ہوں ۔فراز نے ہنستے ہوئے کہا۔آپا کی ناراضی کوئی مسئلہ نہیں ۔ہم انہیں عید پر دعوت کر کے بلا لیں گے ۔اچھا۔فضہ دھیمے لہجے سے کہتی ہوئی اٹھی اور الماری سے کپڑے نکال کر امی کے گھر جانے کیلئے بیگ تیار کرنے لگی ۔اس کے دل میں تو جیسے پھانس چبھی ہوئی تھی ۔رات سونے کیلئے لیٹی تو وہ ماضی کی یادوں میں کھو گئی ۔جب وہ اس گھر میں شادی ہو کر آئی تھی تووہ یونیورسٹی میں پڑھ رہی تھی ۔گھر کے کام کاج میں کچی تھی۔آپا نے اس کا بہت ساتھ دیا ۔اسے تو ان کی مہربانیاں یاد آ رہی تھیں ۔دراصل فراز کے والدین کا تین برس پہلے انتقال ہو چکا تھا کیونکہ آپا کے شوہر بحری جہاز میں ملازم تھے اورانکا اپنا مکان تعمیر ہو رہا تھا ۔اس لیے وہ اپنے بھائی کے ساتھ رہنے لگیں کہ جب بھائی کی شادی ہو گی پھر اپنے گھر جاؤں گی مگر جب تک اس کے امتحانات ناہوئے وہ یہیں رہیں ۔انہوں نے اسے ہاتھ پکڑ کر ہر کام سکھایا۔
دوسرے دن صبح آفس جاتے ہوئے فراز نے اسے اس کی امی کے گھر چھوڑ دیا۔امی کے گھر اس کی خوب آؤبھگت ہوئی ۔دوپہر کے کھانے کے بعد وہ اپنی امی اور چھوٹی بہن سے باتیں کر رہی تھی کہ اس کی اتری ہوئی شکل اور دھیمے لہجے سے امی ایک لمحے کو ٹھٹھک گئیں ۔فضہ خیریت توہےکیا بات ہے ۔اصل میں مائیں تو بیٹیوں کے چہرے کے تاثرات سے اور لہجے کے اتار چڑھاؤ سے حالات کا اندازہ لگا لیتی ہیں اور وہ ان کو کھلی کتاب کی مانند پڑھ لیتی ہیں ۔ فضہ نے رندھے ہوئے لہجے میں آپا کی ناراضی کا واقعہ سنایا ۔امی۔۔ اس نے اپنی امی کی آنکھوں سےآنکھیں ملائیں ،اس کی آنکھوں میں نمی تیررہی رہی تھی۔امی مجھے تو یہ احساس ہو رہا ہے کہ رمضان میں ہماری عبادات کیسے قبول ہوں گی جبکہ کوئی ہم سے ناراض ہو کچھ کرنا ہو گا ۔کس طرح مداوا کروں۔ اچھا امی نے سوچتے ہوئے کہا پھراسے ایک مشورہ دیکر اس پر عمل کرنے کو کہا ۔دو روز بعد فضہ اپنے گھر پہنچی تو اس نے فراز سے آپا کے گھر جانے کااصرار شروع کردیا کہ میں رمضان سے پہلے آپا سے ملاقات کرنا چاہتی ہوں تو فراز نے خدشہ ظاہر کیا کہ کہیں بات اورنا بگڑ جائے ۔
فضہ نےبھی ٹھانی ہوئی تھی کہ اسے معاملات درست کرنے ہیں ۔سو اس نے تیار کر ہی لیا ،وہ دونوں دوسرے دن آپا کے گھر میں تھے ۔آپا۔فراز اور فضہ تین نفوس مگر خاموش ۔ایک دوسرے سے نظریں چراتے ہوئے ۔فضہ آپا کے قریب آئی ۔آپا۔۔۔اس نے میٹھے لہجے سے کہتے ہوئے ان کا ہاتھ پکڑا اورانہیں دوسرے کمرے میں لے گئی ۔کمرے کا دروازہ بند ہو چکا تھا ۔فراز عجیب تذبذب کی حالت میں تھے ۔کبھی بند دروازے کو دیکھتے تو کبھی زمین کو گھورنے لگتے ۔ ان کے چہرے سے ایک رنگ آرہا تھا تو ایک جا رہا تھا ۔اتنے میں آپااور فضہ کی ہنسی کی آواز نے انہیں چونکا دیا ۔یہ کیا جادو ہے ،وہ سوچ ہی رہے تھے کہ وہ دونوں کمرے سے باہر آئیں ۔اب تم دونوں رات کا کھانا میرے پاس کھاؤ گے ۔ہاں یہ تم نے اتنا تکلف کیوں کیا ۔کیسا تکلف ۔فراز کی آنکھیں حیرت سے پھیل گئيں ۔یہ ۔۔۔آپا نے ایک ڈبہ ان کے آگے کر دیا جس کے اندر خوبصورت سوٹ تھا ۔وہ بات سمجھ چکے تھے ۔اب ان دونوں کی ہنسی کی آواز میں فراز کی آواز شامل تھی۔سچ پوچھیں تو اس دن سے انکا دل بھی اداس تھا ۔آپا اور فضہ باورچی خانے میں تھیں ۔کھانا پکنے کی خوشبوئیں پھیلی ہوئی تھیں اور فراز مسکراتے ہوئے تحفے کو دیکھ رہے تھے۔۔



































