
مریم آصف
ہم اپنےارد گرد نظر دوڑائیں تو ہمیں بےشمارایسے واقعات نظرآتے ہیں کہ انسانیت سسک اٹھتی ہے۔ آج درس کے بعد خاتون اپنی المناک داستان
یوں سنارہی تھیں کہ میری پانچ بیٹیاں ہیں جوکہ ہمارے معاشرے میں ایک ناقابلِ تلافی جرم ہے۔میرے میاں کےسات بھائی اورایک بہن ہیں اور میری نند نے ہرزچگی کےبعد مجھے جتایا کہ میری ماں نے تو سات بیٹے پیدا کیے ہیں اورتم میرے بھائی کو ایک وارث نہ دے سکیں۔ آپ خود سوچیں کیا اس ماں کی خواہش نہ ہو گی کہ اسےبھی بیٹا ملےجو اس بے حسی معاشرے میں اپنی بہنوں کا محافظ بن سکے۔ بے شک حقیقی محافظ تو اللہ تعالیٰ کی ذاتِ اقدس ہی ہےلیکن یہ دنیا جہاں ہم رہ رہے ہیں بہت اذیت دیتی ہے۔ اس باپ کو بھی معاشرہ کوئی عزت نہیں دیتا جس کی پانچ بیٹیاں ہوں اورمزید ستم یہ کہ اس کے پاس مال و دولت بھی نہ ہو۔ بہرحال میں نے خودسے عہد کیا کہ جیسے بھی ہیں ہمارے عزیز واقارب ہی ہیں ان کے ساتھ ہمیشہ صلہ رحمی ہی کرنی ہےلیکن دوست تو انسان اپنی مرضی کے مطابق بنا سکتا ہے سوہم بھی کچھ ایسے لوگوں سے وابستہ ہو گئے جواعلائے کلمۃ اللہ کی سعی وجہد میں مصروف تھےاور وہاں سے اتنی محبت ملی اتنی عزت ملی کہ رشتہ داروں کے رویّوں کا جو دل میں قلق تھااس کی شدت کافی کم ہو گئی۔
دوبیٹیوں کی شادی خاندان میں ہی کی جب ان کے رشتےآئے تو ہم تذبذب میں تھےکہ یہاں کریں یا نہ کریں لیکن بچیوں نے ہی ہمت بندھائی کہ رشتہ داروں کا بڑا حق ہوتا ہے اور ویسےبھی اگر ہم ان سےکٹ جائیں گے تو اصلاح کیسے ہو گی۔ باقی خاندان سے باہر ہیں لیکن اصل آ زمائش چھوٹی بیٹی کی شادی کے بعد شروع ہوئی ۔شادی کے چند دن بعد ہی پتہ چل گیا کہ ہم نے ان لوگوں کو پرکھنےمیں شدید ترین غلطی کی ہے ۔ ہماری معصوم بچی پرایسے ایسے الزام لگائے گئے کہ روح تک کانپ اٹھی ۔بہرحال عدالت کے ذریعےعلیحدگی ہوگئی اور پھرمیرے سسرال والوں کی طرف سے وہ طعن و تشنیع شروع ہوئی کہ الامان الحفیظ۔ ان کی ساری ہمدردیاں لڑکے والوں کے ساتھ تھیں۔ ڈھونڈ ڈھونڈ کر مثالیں پیش کی گئیں کہ کس کس نے ناگفتہ بہ حالات میں اپنا گھر نہ چھوڑا۔ کبھی کہا جاتا عزیز واقارب کو تو آپ لوگ کچھ سمجھتے ہی نہیں ۔ اگر انہیں اندر شامل کر لیا جاتا تو معاملہ سلجھ سکتا تھا۔ ہمیں اس بات پر پریشرائز کیا جاتا رہا کہ بچی کوظلم و زیادتی کی چکی میں پسنےکے لیے دوبارہ اس گھر میں بھیج دیا جائےاور یہ وہ مرحلہ تھا جب مجھے لگا کہ میں نے خود سے جو عہد کیا تھا اسے پوراکرنا ناممکن ہے۔یہی وہ وقت تھا جب میرے میاں نے اپنا آبائی علاقہ چھوڑ دینے کا فیصلہ کیا اور ہم یہاں کرائے کے مکان میں شفٹ ہو گئے کہ ایک طرف تو ہم اپنی بچی کی وجہ سے پریشان تھے اور دوسری طرف ان نام نہاد اقرباء کی باتیں دل و جگر کو چھلنی کیے دے رہی تھیں۔
سوچنے کی بات تو یہ ہے کہ ہم اس نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی امت ہیں جنہوں نےبیٹیوں کی بہترین پرورشِ کرنےوالےکو جنت کی نوید دی۔ تو ہمارے نزدیک عزت کا دارومدار کیوں بیٹے ہونا یا مال و دولت کی فراوانی ہے؟ دوسرا یہ کہ اگر کسی بچی کے والدین بچی کا کوئی فیصلہ کر رہے ہوتے ہیں توخوشی سے نہیں کر رہے ہوتے بلکہ انتہائی رنجیدہ ہوتے ہیں۔اس لئے ان کے زخمی دلوں پر اپنی زبان کے نشتر چلا کر نمک پاشی سے گریز کیا جانا چاہیے۔ کریدنے یا ٹوہ لگانےسے گریز کیا جائے کہ ہمارے دین نے تو عدالت کو بھی یہ حق نہیں دیا ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اپنا محاسبہ کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔ہماری زبانوں اور دلوں کو نرم کردے۔ ہماری زبان اور ہمارے رویے سے کبھی دوسروں کو ایسی تکلیف نہ پہنچے جو روز محشر ہمارے لیے وبال جان بن جائے۔آمین



































