
نہایت ہی فکرانگیز تحریر
ثامرہ نذیر
یہ زمین ہےمیرے پیروں تلے،آگےاورپیچھے،دائیں اوربائیں۔ میں کتناہی بھاگنا چاہوں کہ اس کےسرے سےباہر نکل جاؤں ،نکل نہ سکوں گی ۔
غورکریں یہ زمین کتنا بڑامعمہ ہے۔یہ کن چیزوں سےبھری ہوئی ہے۔
اس کےاندردہکتی آگ بھی ہےاورپانی بھی جوزندگی کی بقاکا ذریعہ ہے۔گڑے ہوئےپہاڑ ہیں جواس کوپکڑکررکھےہوئےہیں۔ مبادا کےیہ ڈولےنہ ،دولت یعنی سونا ،چاندی اور دیگر قیمتی معدنیات بھی جس کی خاطر انسان اس کی سطح پرمسلسل جنگیں لڑرہا ہے۔روزقیامت یہ سب خزانےنکال باہرکرے گی مگر تب انسان کو ان سے کوئی غرض نہ ہوگی۔
قاتل دیکھ کرکہے گا کہ اسی(مال ) کی وجہ سےتو میں نےقتل کیا تھا، رشتہ داری توڑنے والا کہے گا اسی وجہ سےتو میں نےرشتہ داری توڑی تھی،چوردیکھ کر کہے گا کہ اسی مال کی وجہ سے میرا ہاتھ کاٹا گیا تھا ، پھرسب اس مال کو چھوڑ دیں گے اور کوئی اس میں سے کچھ نہیں لے گا۔
اس کےپیٹ میں ان گنت مردہ انسان دفن ہیں۔ اگریہ اس کی اجازت نہ دیتی توانسان کس قدرمشکل میں پڑجاتا ۔اس کی سطح زندوں کامسكن ہےاور اس کا پیٹ مردوں کا۔معلوم نہیں اس کے اندر کتنے رنگ اور ذائقے پوشیدہ ہیں۔ یہ انسان کی ضرورت کی ہرچیز اگاتی ہے۔انسان کی آنکھوں کی ٹھنڈک کے لیے رنگارنگ سجےباغات ، اس کی غذائی ضرورت پوری کرنے کے لیے انواع اقسام کی خوردنی اشیاء بھی ۔
سوچنے کی بات یہ ہےکہ انسان زمین کو دیتاہی کیا ہے،سوائے بوجھ کے،زندہ ہو یا مردہ ،یہ دونوں طرح زمین پربوجھ ہے۔ یا یہ اس کے چھوٹے چھوٹے حصوں پر اپنا حق جتاتے ہوئےجنگیں لڑتا ہے اور اس دوران زمین کو برباد کرنےمیں بھی یہ تردد نہیں کرتا اوربدلے میں وہ اسے کیا دیتی ہے ۔کیا ہو اگر وہ اس کے پیروں کے نیچے سے کھسکنا چاہے۔مردوں کو چھپانے سے انکار کر دے ۔اس کے لئے اگانے سے مکر جائے ۔ اپنےخزانوں کو ہاتھ بھی نہ لگانےدے۔ پانی کو اتناگہرائی میں لےجائےکہ انسان کی اس تک رسائی نہ ہولیکن وہ ایسا نہیں کرتی۔ وہ بےغرض ہو کر خود غرض انسان کو سب کچھ دیتی ہے۔بدلہ نہیں لیتی ۔
ناکارہ چیز لےکراحسن چیز لوٹاتی ہے۔اس کوایک بیج دو،یہ تناور درخت لوٹاتی ہے۔
اے انسان !زمین سے کچھ سیکھ ۔ حسن سلوک کیا ہوتا ہے ۔بدلہ کیسے لوٹایا جاتا ہے ۔خیرخواہی کیا ہوتی ہے۔



































