
عنیزہ عزیر
ایسے دردناک موضوع پرلکھنا نہایت مشکل ہی نہیں اذیت ناک بھی ہے۔بہت دن سے سوچ رہی ہوں کہ لکھوں لیکن دماغ ماؤف اورقلم چلنے
سےانکاری ہےلیکن جوہنراللّٰہ نے عطا کیا ہو اُس کوحق گوئی کیلئےاستعمال نہ کیا جائےتواس سےبڑی زیادتی اپنےساتھ کیا ہوگی ۔
ہم بحیثیت ایک قوم انتہائی بےحس ہو چکے ہیں۔ ہمیں دکھ صرف ان کاہوتا ہےجن سے قریبی رشتہ ہو۔اگرکسی دوسرے کوغم میں مبتلا دیکھیں گےبھی تو کچھ دیر کیلئے غم میں شریک ہوکرپھر اپنے زندگی میں مگن ہو جائیں گے لیکن کبھی کبھی ایسےٹھنڈی ہوا کےجھونکوں جیسےلوگ بھی موجودہوتےہیں جوایسے روزن کھولنے کی کوشش کرتے ہیں جو صدیوں سےبندپڑے زنگ آلود ہوچکےہوتے ہیں جن کو کھولنے میں ان کے ناصرف ہاتھ فگارہوتے ہیں بلکہ روح تک چھلنی ہوجاتی ہے لیکن سلام ہے ان پر کہ وہ پھربھی پیچھے نہیں ہٹتے۔
ایسی ہی سال ہا سال کی کوششوں کےبعد بالآخرایک روزن کھلاہے۔قوم کی بیٹی جو برسوں سےقیدوبند کی صعوبتیں برداشت کررہی تھی۔ قید خانے میں نجانے کس کس طرح کےظلم وستم سہہ رہی تھی ۔ وہ ہماری ہونہارعافیہ جواپنوں سےدور،ایک تشدد بھری زندگی کاٹ رہی ہے۔ آج اس کی اپنی بہن سےملاقات ہوئی لیکن یہ ملاقات بھی کیسی ملاقات تھی ، کیا اس کو دیکھنے کی ہمت بھی ہو گی۔ وہ بہن جس نے کتنے نازوں سے اپنی چھوٹی کو پالا ہو گا ؟اس کی کیاحالت ہوئی ہو گی جب اس نے زنجیروں میں جکڑی اپنی بہن کی جھلک دیکھی ہو گی؟ ۔
آہ! میرا دل خون کے آنسو رو رہا ہےاورحقیقتاََ آنکھوں سے آنسو رواں ہیں بالکل اس طرح جس طرح آج سے پندرہ سال پہلے فوزیہ صدیقی سےان کی بہن عافیہ صدیقی کے بارے میں باتیں سنتےجاری تھے۔ مجھے آج بھی وہ لمحات یاد ہیں جب فوزیہ صدیقی اپنی بہن کا نام لیتی تھیں تو ان کے لہجے سے کیسے محبت ٹپکتی تھی اور جدائی کا ذکر کرتے کیسے آواز میں درد کی کاٹ ہوتی تھی کہ پنڈال میں بیٹھا ہرشخص ان کے ساتھ با آواز رو رہا تھا لیکن میں یہ سوچ رہی ہوں کہ آج اتنے برسوں بعدعافیہ صدیقی اپنی بہن کو دیکھ کرخوش ہونے کی بجائے ان کی حالت دیکھ کراور غمگین ہوں گی۔ ہاں اگراللّٰہ کوئی معجزہ دکھا دے اور ان کی رہائی کا کوئی سبب بن جائےتو یقیناً اس بہن کی ساری ریاضتیں قبول ہو جائیں۔ اللہ تو بہترین مسبب الاسباب ہے کوئی بہترین سبب بنا دے کہ قوم کی بیٹی اپنے گھرآسکے۔
اپنی بہن وبچوں کے ساتھ اپنی باقی زندگی گزارسکےاورمیرے رب! یہاں آنے پربھی اس کی حفاظت کرنا کہ غیروں سےزیادہ تو اپنے اس سب میں ملوث رہے ہیں۔ اس لئے اپنوں کےدرمیان آنےپربھی اس کی حفاظت فرمانا یاربی۔
نوٹ: ایڈیٹرکا بلاگرکے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ( ادارہ رنگ نو )



































