
صباء خلیل
عید۔۔۔عید۔۔۔ جس کا تھا انتظارآگئی اورلائی بہار۔۔۔۔! عید کی نماز کے لیے صبح سویرے اٹھ کر جب سب تیار ہونے لگے تو وہی منظر تھا جو
آپ سب کے گھروں میں بھی ہوتا ہے۔۔کسی کوپینٹ نہ ملے تو کسی کو بنیان، کسی کو شیمپونہ ملے تو کسی کو کنگھی۔۔۔!ہر طرف شور شرابا ۔تین باتھ روم اور چھے لوگ لڑائی تو بنتی تھی اب جو دو منٹ اٹھنے میں دیر کیا ہوئی باتھ روم میں بکنگ ہوگئی۔اب کہاں سے لاؤں اتنا صبر کہ کر سکوں انتظار؟ایک ڈریسنگ اور بہنیں دو دونوں کو نقاب کرنا تھا لیکن آپی تو پھر آپی ہیں تو پھر مجھے ہی انتظار کرنا تھا (چھوٹی بہنوں کے مسائل)
سمجھ نہیں آتی کہ ابوکا ہارن اورمیرا نقاب ایک ساتھ کیوں ہوتا ہے؟؟؟اب نقاب نے بھی مجھ سےضد لگا لی کہ ہمیشہ کی طرح ڈانٹ پڑوا کر رہوں گا ۔ اللہ اللہ کر کےعید کی نماز پڑھنے کے لیے روانہ ہوئے اطمینان سے نماز پڑھی اور گھر کی طرف روانہ ہوئے گھر آتے ہی شور شرابے سے واسطہ پڑا آخر عید جو تھی۔ اماں نے آتے ہی پہنے پرانے کپڑے اور کر دیا اعلان کیا کہ جلدی سے کچن میں گھس کر کام پر لگ جاؤ
"آپی تو خود سے لگ گئیں پیاز ٹماٹروں کی حجامت کرنے اب میں جو عید کو مزے کا دن سمجھی تھی ۔معصومیت سے بولی ۔"امی عید پہ کون کام کرتا ہے یہ تو مزے کا دن ہوتا ہے"اماں بولیں"کراواں تینوں مزے" اماں کی ڈانٹ بھی سنی اور کام بھی کرنا پڑا۔ (مطلب معصوم لوگوں کا کیا بنے گا اس دنیا میں :اب شام تک گوشت سنبھالا، کھانے پکائے اورتھک ہارکرلیٹ گئے لیکن بھئی عید اتنی بورنگ تھوڑی ہوتی ہےاسی لیے میں نےسوچا اب اتنے صبر اور برتن دھونے کےبعد میرا فرمائش کرناتوبنتا ہے۔۔۔
چہرے پہ ڈھیروں معصومیت سجائے میں بولی: "امی اب تو پھپھو یا آپی کے گھرچلیں"؟؟؟ اماں کو مجھ پر ترس آگیا اوروہ مان گئیں ابھی میں خوش بھی نہ ہوپائی تھی کہ دروازے پر دستک ہوئی ، دل انجانے خوف سے دھڑکا اور صحیح ہی دھڑکا دروازے پر مہمان تھے اور ستم پر ستم یہ کہ مہمانوں کے ساتھ بچے بھی آئے اور ہر طرف بچوں کا شور شرابا تھا۔
بچےایک لمحے میں ادھر تو دوسرے لمحےمیں ادھرجیسے ٹانگوں میں اسپرنگ لگےہوں اب پھر سےدوڑیں اور ہماری ٹانگیں۔ اب کی بار توٹانگوں نے بھی معذرت کرلی تھی مہمانوں کےجانے کے بعد جب ڈھیروں برتن مجھ معصوم انسان نے اس امید پر سمیٹ لیے کہ اب شاید سیر کے بارے میں سوچا جائے لیکن نہیں اماں جان نے یہ کہہ کر ہماری امیدوں پر پانی پھیر دیا۔
"بیٹا اب سو جاؤ صبح ان شاء اللہ تمہیں گھمانے پھرانے لے کر جاؤں گی۔۔۔اور ہم بھی ٹھہرےمعصوم،فرمانبردار سےبچے۔۔۔خاموشی سے سرہانہ اٹھایا اور کمرے کی راہ لی۔



































