
عظمیٰ پروین
انسانیت کی سب سےبڑی اوراہم ضرورت صراط مستقیم کافہم ہے۔اللہ رحیم وکریم اپنی مخلوق پربےانتہامہربان ہےلہذا اس نےقرآن مجیدنازل فرماکر ہمیں وہ
علم عطافرمایاجس پر دنیامیں ہماری راست روی اور آخرت میں ہماری فلاح کاانحصارہے۔
ترتیل:قرآن کےمفہوم تک رسائی حاصل کیےبغیراس کےحقیقی خزانوں اورعظیم کوپالیناقطعی ناممکن ہے ۔اسے بندذہنوں،کانوں اورقفل لگےدماغوں کےساتھ پڑھنےکی اجازت نہیں۔قرآن کریم کوترتیل سےپڑھنےکی ہدایت ہے(4:73)یعنی کسی قسم کی جلدی کےبغیرواضح طورپرسکون سے،غوروفکرکے ساتھ جس میں زبان،دل ودماغ اوراعضائے جسمانی مکمل طورپرہم آہنگ ہوں۔
غوروفکر:؛قرآن میں میراہی ذکر ہے۔(10:21)اس کاہرجملہ میرےلیےہے،لہذاقرآن کےبیان کے مطابق دل کی کیفیات میں تغیر ناگزیرہے،جب نعمتوں کاذکرہوتو دل حمدوشکرکےجذبات سےپرہو جاتا ہے ،کائنا ت کی رنگینیوں کے بیان پرتدبر،آخرت کےذکرپر یاددہانی اورپیغمبروں کےبیان پراطاعت کاآرزومندبن جائےجوخوش بخت قرآن میں غوروفکر کومعمول بنالیں اوردل ودماغ کواس کامسکن بنا لیں تو ان پرزندگی میں چلتےپھرتےبھی یہ اپنامفہوم آشکارہ کردیتاہے۔
تعلق باللہ:صرف قرآن میں ہی ہم اپنےخالق کی آوازسن سکتے ہیں۔یہ میرےاورمالک کےدرمیان مکالمہ ہے۔وہ میرےساتھ ہے۔ دیکھتااورسنتاہے۔میری نیت، میراعمل،میراماضی،حال اورمستقبل سب اس پرعیاں ہے۔ جتناہم اپنےآپ کورب تعالیٰ کے قریب کرپائے ،ہمارےاحساسات مسرت اورمٹھاس سےبھرجائیں گےاورایسی تلاوت کی قدروقیمت میں بےپناہ اضافہ ہوجائے گا ۔
اولین مخاطب:نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات طیبہ قرآن کی بہترین عملی تصویرہے۔آپ کےساتھیوں کوذرہ برابرشبہ نہ تھاکہ قرآن کےذریعےخوداللہ تعالی ہم سے کلام فرمارہاہے۔وہ اسےمکمل طورپراپنادستورحیات بناتےچلے گئے۔یوں معمولی کاروبارکرنے والےانسانیت کےرہنمابن گئے۔ دراصل اس دنیامیں شراورباطل کی قوتوں کےخلاف قرآن کمزور انسانی وجودکی مددہے۔
اطاعت :قرآن نفس انسانی کے امراض اورچاروں طرف جواجتماعی خرابیاں ہیں ان کےلیےشفاہے۔دراصل فہم قرآن کی شاہ کلیداطاعت وفرماں برداری ہے۔ہمیں اپنےخیالات اور اعمال کوقرآن کےمطابق ڈھالنے کی جدوجہدکرنی ہے۔اس کی پیروی کےلیےآمادگی اورعزم وارادہ کےساتھ مسلسل کوشش جاری رکھنی ہے۔اس راہ کی مشکلات میں تعلق بالقرآن کے ساتھ ساتھ صبراوردعاکاسہارا انتہائی کارگرہے۔مومن کاکام ہےکہ اپنےآپ کوقرآن کےآگےڈال دے۔یہ جوکچھ بھی کہےاس پر عمل کرےاورجس راہ کی طرف اشارہ کرےاس پرگامزن ہوجائے۔اقبال نےکیاخوب کہاہے:
قرآن میں ہوغوطہ زن اےمرد مسلمان
اللہ کرےتجھ کوعطا جدت کردار



































