
مسرت جبیں/ لاہور
سورة فاطر (سورۃ 35 آیت 45)۔
وَ لَوۡ یُؤَاخِذُ اللّٰہُ النَّاسَ بِمَا کَسَبُوۡا مَا تَرَکَ عَلٰی ظَہۡرِہَا مِنۡ دَآبَّۃٍ وَّ لٰکِنۡ یُّؤَخِّرُہُمۡ اِلٰۤی اَجَلٍ مُّسَمًّی ۚ فَاِذَا جَآءَ اَجَلُہُمۡ فَاِنَّ اللّٰہَ کَانَ بِعِبَادِہٖ بَصِیۡرًا
۴۵﴾ 17
اگر کہیں وہ لوگوں کو ان کے کیے کرتوتوں پر پکڑتا تو زمین پر کسی متنفس کوجیتا نہ چھوڑتا مگر وہ انہیں ایک مقرر وقت تک کے لیے مہلت دے رہا ہے ۔پھر جب ان کا وقت آن پورا ہوگا تو اللہ اپنے بندوں کو دیکھ لے گا ۔
بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم ۔
سورۃ فاطر کی اس آیت میں رب رحیم کی رحمت کی مسلسل پھوہار ہےجو مسلسل اس کے بندوں کو سیراب کر رہی ہے ۔ کیسی برکھا رحمت ہے جو سوا ہو کر برستی ہے ۔ ہائے انسان تو اور تیرے گناہ ۔۔ ؟ہائے تیری بےباکی ۔ تیری نافرمانی ۔ تیری ہٹ دھرمی ، تیری غفلت تو تجھے ڈبو ہی چکی ۔ہم انسان اپنے نفس کے غلام ۔طاغوتی جال میں جکڑے ہوئے ۔شیطانی چالوں کے شکار ۔ کیسے کیسے مکر وفریب میں الجھے ہوئے ۔خوشی فہمی کے لبادے اوڑ رکھے ہیں ۔
بلوغت سےلیکر جوانیاں کتنی داغ دار ہیں ۔متاعِ غرور۔دنیا کی دل فریبی نےکیسےہمارے دلوں میں ڈھیرے ڈال دیئے ہیں۔اللّٰہ کی زمین پہ اللّٰہ کی حکمرانی میں ۔اللّٰہ کے دائرے اختیار میں رھ کر بھی گناہوں پہ گناہ کئے جا رہے ہیں ۔ اسی کی نعمتوں میں پلنے والے اجسام حلال وحرام کی تمیز بھلا کر شب وروز گناہوں کی دلدل میں پھنس چکے ۔
اپنے اپنے گریبانوں میں ذرا جھانک لیں ۔ہماری خلوت وجلوت کے مناظر کیسےہیں ؟ کون ہے جس کا دامن گناہ سے پاک ہے ۔ حب دنیا میں گردن گردن غرق ۔ متاعِ قلیل کی چاہ ابدی فوز عظیم کو نگل گئی ہے ۔
سبحان تیری شان رحیمی تیرے سامنے مولا رب بصیر وعلیم ہمارےاعمال کا دفتر کھلا پڑا ہے ۔تجھے سب خبر ہے ۔تجھ سےکچھ پوشیدہ نہیں ۔ سینوں کے راز تیرے لیے راز نہیں ۔ پھر میرے کریم اللّٰہ تیری رحمتوں کے دروا ہیں ہم پہ ۔ پھر بھی مہلت کی رسی دراز ہے ۔
سوائے پیغمبروں کے رسولوں کے انبیاء کرام ، صحابہ کرام رضوان اللہ تعالیٰ علیہم اجمعین ،اولیاء اللہ ،ولی جس کے ولی ہونے کی گواہی خود اللّٰہ دے، کوئی بھی تو معصوم نہیں ، گناہ سے بری نہیں ۔
غور کریں قرآن مجید میں ارشاد باری تعالیٰ کی اپنے بندوں سے محبت کہ وہ ہمیں ہمارے اعمال سؤ کی وجہ سے نہیں پکڑتا ۔ اور اگر وہ رب قدیر اعمال کی وجہ سے اپنی پکڑ میں لیتا تو پھر کوئی نہیں بچ پاتا ؟ احسان عظیم ہوا کہ دنیا کی زندگی کو امتحان گاہ بنایا گیا ۔جزا وسزا ،حشرکاوقت ،دن، گھڑی مقرر ہوچکی اور یہ امتحان کی دورانیہ بھی بہت کم بہت کم ہے ۔اس کی طرف سے مہلت عمل تھوڑی ہے ۔اجل مسمی طے پا گیا ہے ۔
وہ وقت مقررہ برحق ہے۔اس نےآکر رہنا ہے۔ اس کو واقع ہونے میں کوئی شک نہیں ،اس کوئی ٹالنے کی جرات نہیں رکھتا ۔ہائے انسان یہ موقع ہے اب ہی وقت ہے اس کے فرمان کو برحق جان لے ۔ اس کو مان کر اسی کی مان لے ۔
ورنہ جب مہلت ختم تو سب ختم ۔ دفتر لپیٹ دیئے جائیں گے ۔ پرچے مہر بند ہوگئے ۔تو کوئی اعمال کو بدل نہ پائے گا ۔ رحمت باری تعالیٰ سے کہ اس نے مہلت ہی نہیں دی بلکہ ہدایت کا پورا مربوط انتظام کیا ۔ صراط مستقیم صراط مبین کو اپنے کتاب عظیم میں بار بار بیان کیا ۔
رشد وہدایت کےسلسلےقیامت کی آخری گھڑی تک جاری وساری ہیں ۔ابھی مہلت عمل باقی ہے ۔ابھی در توبہ وا ہے ۔ ابھی رحمت باری منتظر ہے ۔ تہمارے پلٹ آنے کی ۔ کوئی ہے جو ہر پل ہر قدم ہر حالت میں احسان کرتا رہے ۔ پھر بھی اس کی ساتھ بے وفائی کی جائے ۔ پھر بھی احسان فراموش ہوا جائے۔ پھر بھی اس کی رحمت سے منہ موڑ لے ۔ پھر بھی اس در کوئی چھوڑ کر دردر پہ سوالی ہو ۔ پھر بھی اس ذات وصفات میں شریک کیا جائے۔تو وہ معاف کر دے ،مہلت دے۔
ڈھیل دے،اپنےتوبہ کےدر کھول دے۔ پھربھی زمین وآسمان کی وسعتوں میں حی علی الفلاح کی صدائیں صبح وشام گونجتی ہوں ۔ پھر بھی وقت سحر، رات کی خوبصورت ساعتوں میں اک رحیم صدا اک کریم پکار پکارتی ہو ہرشب ۔
ہاں ہے،وہ ہی رحیم اللّٰہ وہ ہی کریم اللّٰہ وہ غفار وستاراللّٰہ وہ تواب رحیم اللّٰہ وہ عظیم اللّٰہ ۔
سنو تو سہی اس پکار کو ۔۔؟
لیبک تو کہو اس کی پکار پر، لپک کر آؤ اس در پہ ۔وہ رحمت کے دریا بہہ دے ۔دامن بھر لے ۔سنو فرمان باری تعالیٰ پس جب مقررہ وقت آ گیا ۔ جب مہلت ختم ہو گئی تو پھر کچھ ہاتھ نہ آئے گا ۔تو اللہ اپنے بندوں کو خوب دیکھنے والا ہے ۔ خوب خبر لینے والا ہے ۔
یہ آیت ہمیں بتاتی ہےکہ اللّٰہ قادرمطلق ہے،وہ بندوں پہ پورا اختیار رکھتا ہے ۔وہ اگر پکڑنے کا ارادہ کر لے تو کوئی اس کو روک نہیں سکتا ۔وہ ذات اتنی عظیم ہے کہ اس کی پکڑ سے کوئی اعلیٰ وارفع کوئی بادشاہ وفقیر بچ نہیں سکتا ۔
لیکن وہ ہمیں مہلت دے رہا ہے اور یہ مہلت ہر انسان کی موت کی ہچکی تک ہے ۔ اس سےکچھ بھی پوشیدہ نہیں رھ سکتا ۔وہ خوب خوب خبر لے سکتا ہے لے رہا ہے ۔ آؤ اس کی رحمت کی طرف پلٹ چلیں ۔ اس کے در پہ اپنی گناہ گار پیشانی کو سجدوں سے پاک کریں ۔ کہ یہی ایک سجدہ ہزار سجدوں سے نجات دیتا ہے۔ اللّٰہ ہمیں عمل صالح کی توفیق نصیب فرمائے آمین ۔
عدل کرئیے تے تھر تھر کانبن اچی شاناں والے ہو
فضل کرئیےتے بخشےجاون میرے جئے منہ کالے ہو


































