
مسرت جبیں/ لاہور
سورة الجاثية ( سورۃ45،آیت 15)۔
مَنۡ عَمِلَ صَالِحًا فَلِنَفۡسِہٖ ۚ وَ مَنۡ اَسَآءَ فَعَلَیۡہَا ۫ ثُمَّ اِلٰی رَبِّکُمۡ تُرۡجَعُوۡنَ ﴿۱۵
جو کوئی نیک عمل کرے گااپنے ہی لیےکرے گا اور جو برائی کرے گا وہ آپ ہی اس کا خمیازہ بھگتے گا۔پھر جانا تو سب کو اپنے رب ہی کی طرف ہے ۔
بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم ۔
یہ آیت مبارک اور اسی مفہوم سے ملتی ہوئی آیات اکثر بیان کی گئی ہیں اور جب اللّٰہ رب العالمین کسی بات کو مقرر کرے ۔ کثرت سے کسی اصول کا ذکر ہو تو اس کی اہمیت بڑھ جاتی ہے ۔اللّٰہ کی تو ہر ہر بات ہر حکم معتبر ہے، برحق ہے ۔
جس نے کوئی صالح عمل کیا ۔ کوئی نیکی کمائی ۔ تو اس نے اپنے ہی نفس کے لیے یہ عمل کیا ۔ ہر نیک عمل اپنے کرنے والے ہی کے لیے مفید ہے ۔ نافع بخش ہے ۔ خود اسی کی ذاتِ کے لیے فوز عظیم کی ضمانت ہے ۔ نوید ہے ۔ رب رحیم کا وعدہ ہے ،کوئی انسان اپنے نیک اعمال سے کسی دوسرے کو فائدہ نہیں پہنچا سکتا ۔
اسی بات کو اللہ نے یوں بھی بیان کیا کہ ،، ہمارے لیے ہمارے اعمال اور تمہارے لیے تمہارے اعمال ۔ کسی کے نیک یا بد اعمال کسی بھی اپنے خواہ وہ کتنا بھی قریبی ہو ۔ نافع یا نقصان نہیں دے سکتے ۔
یہاں تک کہ وہ عظیم ہستی جس کے لیے دونوں جہاں سجائے گئے ۔ وہ جو محبوب خدا صلی اللّٰہ علیہ وسلم ہیں ۔ جن کے لیے جنت مزین ہوئی ۔ جن کی جنت منتظر ہے ۔ وہ جو جب تک جنت میں داخل نہ ہوئے جنت میں کوئی جا نہیں سکتا ۔ انہوں نے ھاں محبوب خدا صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی پیاری لخت جگر کو،، جنہیں دنیا میں ہی خاتون جنت کا خطاب مل چکا ۔ جو جنت میں عورتوں کی سردار ہیں ۔ ،، فرما دیا کہ اے فاطمہ بنت محمد ۔ رضی اللّٰہ عنہا اس زعم میں نہ رہنا کہ تیرے بابا محبوب خدا ہیں ۔ نبی ہیں رسول ہیں ۔ خلیل اللہ ۔ منیب اللّٰہ کے برگزیدہ نبی اپنے والد آزر کو نہ بچا سکے ۔ حضرت نوح علیہ السلام کے سامنے کنعان کو طوفان کی موجیں نگل گئی ۔
جب اتنے عظیم پیغمبر اپنے قریبی رشتوں کو اللہ کی پکڑ سے نہ بچاسکے تو سوچنا ہےکون کس کو بچائے گا ۔ جب عظیم نبیوں کےاعمال صالح قریب ترین رشتوں کے کچھ کام نہ آسکے تو عام انسان کیا معنی رکھتا ہے ۔
پھر انسان کے عمل صالح خود اس کی ذاتی دنیا و آخرت کےلیےہےصرف ہاں کچھ صورت حال اس سےاستثنیٰ ہے،مثلاً اولاد کے نیک اعمال کا اجر والدین کو ملتا ہے ۔ اور والدین کی نیکیوں کا صلہ ،ثمر ضرور اولاد تک پہنچتا ہے ۔جیسے ایک نیک بندے کے عمل صالح نے اس کی اولاد کا خزانہ بچانے کے لیے دو عظیم پیغمبروں کو ذریعہ بنایا گیا(سورۃ کہف)صالح شاگرد کے اعمال صالح استاد کے لیے صدقے جاریہ ہیں۔
جو کوئی خلق خدا کی خدمت کےلیےکچھ بھی کرے اس کا صلہ اس کے نامہ اعمال میں لکھا جاتا رہے گا ۔ان شاءاللہ ،اور اعمال سؤ کا وبال خود اسی پر ہے ۔دنیاوی رشتے کتنے ہی قریبی کیوں نہ ہوں کسی کے اعمال بد اللّٰہ کے مخلص بندوں پہ اثر انداز نہیں ہوتے،جیسے کہ فرعون کا کفر وتکبر۔ اعمال بد حضرت آسیہ علیہا السلام کے ایمان وتقوی میں کمی نہ کر سکے ۔
حضرت لوط علیہ السلام اپنی بیوی کو عذاب الہٰی سے بچا نہ لے گئے ۔ دنیا کی محبت میں مدہوش قرآن مجید غوطہ زن ہو اور اس حقیقت کو مان کہ کوئی کسی کے کچھ بھی کام نہیں آسکتا ۔یہ دنیا کے جھوٹے پیرومرشد کیسےاللّٰہ کی پکڑسےبچا سکتےہیں۔جان لوغافل انسان یہ سب دعویدارفریب ہیں جھوٹےہیں۔
پھراللّٰہ رب قدیر کو انسانوں کےعمل صالح سےکوئی فرق نہیں پڑتا ۔کسی انسان کے عمل صالح خداکی خدائی میں اضافےکاسبب نہیں بن سکتے۔نہ رب عظیم کوکوئی حاجت ہے کسی کےعمل صالح کی اورنہ ہی کسی انسان کے عمل سؤخدا کی خدائی میں کمی لانے کی مجال رکھتے ہیں ۔ اس لیے خوب جان لیں کہ ہمیں لوٹ کر اسی رب عزوجل کے حضور حاضر ہونا ہے ۔ اپنے اپنے اعمال کا حساب لے کر۔وہ قیامت کی قیامت گھڑی میں کوئی بوجھ اٹھانے والی کسی دوسرے کا بوجھ نہیں اٹھائے گی ۔
سب سے بد بخت انسان ہے وہ جو دوسروں کی دنیا سنوارنے میں اپنی آخرت برباد کر لے۔محشر کی ہولناکیوں میں یہ اولاد یہ بیویاں ۔ یہ بہن بھائی تمہیں ایک بھی نیکی نہیں دے سکتے ۔ ایک بال برابر بھی جہنم کی آگ سے بچاؤ کا ذریعہ نہ بنیں گے ۔ لہذا اب غفلت سے بیدار ہوں صدا ربانی پہ لیبک کہیں اور عمل صالح کرنے میں سبقت لے جائیں ۔ اللّٰہ رب العزت ہمیں عمل صالح کی ہمیشہ توفیق نصیب کرے ۔ اور برے اعمال سے بچائے ۔
یآ رب رحیم ہم عاجز صرف تیری توفیق سے نیکی کر سکتے ہیں برائی سے بچ سکتے ہیں ۔ یا اللّٰہ ہمیں برائی سے بچا لے ۔ اور نیکی کرنا آسان فرما ۔
وما توفیقی الا باللہ علیہ توکلت علیہ انیب
آمین ثم آمین


































