
مسرت جبیں / لاہور
سورة الملك (سورۃ 67 ،آیت 23)۔
قُلۡ ہُوَ الَّذِیۡۤ اَنۡشَاَکُمۡ وَ جَعَلَ لَکُمُ السَّمۡعَ وَ الۡاَبۡصَارَ وَ الۡاَفۡئِدَۃَ ؕ قَلِیۡلًا مَّا تَشۡکُرُوۡنَ ﴿۲۳﴾
کہہ دیجئے کہ وہی ( اللہ )ہے جس نے تمہیں پیدا کیا اور تمہارے کان آنکھیں اور دل بنائےتم بہت ہی کم شکر گزاری کرتے ہو ۔
بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم ۔
فرما دیجیے"اے محمد صلی اللّٰہ علیہ وسلم میرے بندوں کو" وہی ہی تو اللہ ہے۔وہی تو عظیم ہستی ہے۔ واحد لاشریک جس نے تمہیں پیدا فرمایا اور کیا خوب فرمایا ۔
احسن تقویم۔ کتنا بڑا احسان عظیم کہ اس نے مجھے آپ کو انسان بنایا ۔تمام مخلوقات میں اشرف المخلوقات کا تاج عطاء فرمایا ۔کیا ہی عمدہ تخلیق کیا۔ کیا خوب ترکیب دیا۔انسانی تخلیق میں کوئی سقم نہیں ؟ ہرہرضرورت کومدنظر رکھا گیا۔ہر فطری تقاضوں کالحاظ ۔ ہرخواہش کی تکمیل کے اسباب پیدا کیےگئے۔
اشرف المخلوقات کےمنصب پہ فائز ہونے کے لیےسمع وبصر اوردل کا لازم تھا۔یہی حواس خمسہ جانوروں کو بھی عطاء ہوئےلیکن ان کےلیےآنکھ ،کان اوردل کے الفاظ استعمال ہوتےہیں۔
سورۃ ملک کی آیت اور اسی مفہوم سے ملتی جلتی آیات قران میں کثرت سےموجود ہیں ۔ بذات خود انسان کا انسان ہونارب عظیم کی نعمت عظمیٰ ہے۔ مقصود تخلیق آدمیت کا جائزہ لیا جائے تو ان تینوں حواس کے بنا انسان نہ صرف نامکمل تھا بلکہ انسان اپنے مقصود کوپانےمیں کامیاب ہی نہیں ہوسکتا تھا ۔
کیا ہی خوبصورت اسلوب بیان ہے۔سماعت کا ذکرفرمایا گیاکان کانہیں۔کان محض ایک عضو ہےجو بظاہر ایک آلہ سماعت ہے۔اصل توسماعت ہے۔سننے کی حس بات سننے کی صلاحیت ورنہ کتنے کانوں والےسن نہیں سکتے۔کتنے اللہ کے بندے ہیں آنکھوں والے دیکھنے کی حسرتیں لیے جی رہے ہیں ۔ دیکھنے میں ان چہروں پہ کیا خوبصورت آنکھیں دیکھائی دیتی ہیں مگر اصل بصارت ہے ۔دیکھنے کی صلاحیت، اب یہ دونوں صلاحیتیں بھی جانوروں کے پاس موجود ہیں۔
تو پھرانسانی سمع وبصر کی بات بار بار کیونکہ ۔؟ کس قدر کمال کی اللّٰہ نے یہ کائنات بنائی ہوئی ہے۔کیا کیا رنگ ہیں۔کیا کمالات، کیا کیا شان ہے کیسے کیسے انوکھے کارنامے،پوری کائنات میں صبح وشام ہورہے ہیں ۔کس شان سےشان والے رب نے آسمان کی چھت تنی ہوئی ہے۔ کس کمال سے زمین بچھائی گئی۔کس کس حکمت سےاس زمین پہ مخلوق خدا بسائی گئی ۔ یہ کان یہ آنکھیں یوں ہی عطاء نہیں ہوئیں تو رب کائنات پرغور فکر کے لیے تدبر کے لیےکائنات کے تسخیر کے لیے، اس عظیم رب کی تخلیق کا ادراک شعور علم فہم وفراست جاننے کے لیےہے ۔
تخلیق آدم کا مقصود ہی ہےکہ رب کائنات، خالق کائنات کی پہچان رب کے بندوں تک پہنچنے کا فریضہ ،کان ہی سنتے ہیں۔ آسمان کی کڑکتی کڑک ، بادلوں کی گرج ، آبشاروں ،جھرنوں کے ترانے،پرندوں کی چہچہاہٹ اور زلزلوں کی گھڑگھڑاہٹ،نومولود کا پہلے پہل رونا اوروقت نزع حلق میں اٹکی جان کنی کی غرغر،خوشیوں کی تھاپ اور غموں کی چھاپ ۔
محبتوں کی سرگوشیاں اورغیظ وغضب کی پھنکار ،قرآن کی روح میں اترتی تلاوت ، دل کے تاروں کو چھوتی ہوئی ۔ دلوں میں سکون و راحت اور عقل وشعور سے ہوش وحواس سے بیگانہ کردینے والی اور ایمان کی حلاوت سےناآشنا کرنے والی موسیقی ۔
ہاں یہ کان ان کی سماعت کی صلاحیت بخش دینے والےرب سے عہد وفا کرنا مطلوب ہے یا ناشکری ؟ یہ آنکھیں رب کائنات کی کائنات دیکھتی توہیں ۔اس کی قدرت کی رنگینی دل میں رنگ توبھر دیتی ہےکیا یہ رنگ اللّٰہ کے رنگ میں ڈھل جانے کی دعوت نہیں دے رہے ۔ ؟
کیا اشرف المخلوقات کا تاج اس بات کا متقاضی نہیں کہ یہ سماعت یہ بصارت صرف اور صرف رب کائنات کی نعمتوں کا اعتراف کرنےکے لیے ہیں ۔اس کے آگے سجدہ شکر بجا لانے کے لیے ۔ یہی تو عقل وشعور،علم کی دولت ونعت تھی جووقت تخلیق عطاء ہوئی تھی ۔اس نعمت کی عطاء پہ انسان مسجود ملائکہ ہواتھا۔انسان دنیا میں قدرت کی قدرتیں دیکھتا ہے۔ اس کی نعمت کو سنتا ہے ۔ آنکھ دیکھ کر،کان سن رب العالمین کی عظمتوں کا دل سے اقرار کرتا ہے یا انکار کرتا ۔
اسی لیے تو انسان کو سماعت اور بصارت عطاء ہوئی اورجانوروں کومحض آنکھیں اورکان۔بصارت سےبصیرت تک کا سفر طےکرنا ہی مقصود حیات ہے۔ یہی سفر خدا کی خدائی کے راز کاسفر ہے ۔ یہی سفر ، یہی بصیرت فناسے بقاء تک لے جاتی ہے۔یہی بصیرت اللّٰہ کومطلوب ہے۔یہی بصیرت انسان اورحیوانات میں حد فاضل ہے، تمیزہے۔ فرق ہے۔اسی لیےجزاوسزاہے۔اسی لیے انسان کا یوم حساب ہے، جانوروں کا نہیں ۔ انہیں نعمتوں پر شکر واجب ہے ۔روز محشریہی حواس قوت گویائی دیئےجائیں گے۔
ہمارے ایک ایک عمل پر گواہ ، اس لیے ان کو اپنےنفس کے نہیں اپنے خالق کے تابع کرنا ہے ۔یہ نہیں کہ اللّٰہ نے جن انسانوں کو کان ،آنکھ ، دل کی سماعت وبصارت سے محروم کیا وہ اللّٰہ کےناپسندیدہ ہیں ۔یا اللّٰہ نےکوئی ناانصافی کی ہے، ان کےساتھ۔ یہ تو حکمت ربانی ہے۔
اللّٰہ نعمتیں دے کربھی آزماتا ہےاورلےکربھی ۔یہی صبر وشکر کا کھیل ہے۔ صبروشکر کا امتحان ہے۔پھر جب اللّٰہ کوئی نعمت لے لیتا ہےتواس کا بدل اور نعمتوں کی صورت دنیا میں بھی اورآخرت میں بھی بے حساب دیتا ہے۔بس امتحان صبروشکر کا ہے ۔اسی لیے ان نعمتوں کے ساتھ ساتھ دل بھی عطاء فرمایا کہ اس دل میں بس رب کوبسا لو ۔یہ دل بس رب کامسکن ہو۔رب کا گھر ہو۔ رب کی یاد ہو۔ دل کی ہر دھڑکن ربی ربی پکارتی ہو۔قرآن مجید فرقان حمید میں کتنی شدت کےساتھ کس قدرزوردیکر بار بار فرمایا گیا ۔اے انسان تو ناشکرا ہے، تم کم ہی شکر کرتے ہو، تھوڑے ہیں جوشکر کرتے ہیں ۔
ناشکری کی وجہ سے بنی اسرائیل کو نبوت کےمنصب سے معزول کیا گیا، ناشکری رب کےغضب کو دعوت دیتی ہے۔ شکررحمت ربانی ہے، شکربذات خود ایک عظیم نعمت ہے۔شکر رب کو محبوب ہے ۔ کیا جس رب نے انسان بنایا کان آنکھ کوسماعت بصارت، بصیرت اور دل جیسی عظیم نعمتوں سےنوازا ہو، اس رب رحیم سے رب کریم سے بغاوت ، بےوفائی ، بےرغبتی ،غفلت اور دوری ممکن ہے۔؟آؤ سجدہ شکربجا لائیں کہ ہمارا ایک رب ہے۔ ہم امتی محبوب خدا صلی اللّٰہ علیہ وسلم ہیں۔الحمدللہ ۔ ہم مسلمان ، ہمارے پاس اللّٰہ کی لا تعداد نعمتیں ہیں ۔
یا اللّٰہ ہمیں ان نعمتوں پہ شکرکی توفیق نصیب فرما ۔ ایمان وصحت سے نواز ،شکر ، ذکر اور حسن عبادت کی توفیق دے ۔ ان نعمتوں کے زوال سے تیری پناہ مانگتے ہیں ۔ دنیا وآخرت میں اپنی نعمتوں سےنوازاپنی رضامندی اوردیدارکی نعمت نصیب فرما۔ یا اللّٰہ اقامت دین کے لئے چن لے، موت کی آخری ہچکی تک ایمان نصیب فرما۔بس قبول فرما لے ۔آمین


































