
مسرت جبیں/ لاہور
سورة البقرة ( سورۃ 2 ،آیت 2016)۔
کُتِبَ عَلَیۡکُمُ الۡقِتَالُ وَ ہُوَ کُرۡہٌ لَّکُمۡ ۚ وَ عَسٰۤی اَنۡ تَکۡرَہُوۡا شَیۡئًا وَّ ہُوَ خَیۡرٌ لَّکُمۡ ۚ وَ عَسٰۤی اَنۡ تُحِبُّوۡا شَیۡئًا وَّ ہُوَ شَرٌّ لَّکُمۡ ؕ وَ اللّٰہُ یَعۡلَمُ وَ اَنۡتُمۡ لَا تَعۡلَمُوۡنَ ﴿۲۱۶
﴾
تم پرجہاد فرض کیا گیا گووہ تمہیں دشوار معلوم ہو ،ممکن ہے کہ تم کسی چیز کو بری جانو اور دراصل وہی تمہارے لئےبھلی ہو اور یہ بھی ممکن ہے کہ تم کسی چیز کو اچھی سمجھو ،حالانکہ وہ تمہارے لئے بری ہو حقیقی علم اللہ ہی کو ہے ، تم محض بے خبر ہو ۔
بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم ۔
سورۃ بقرہ کی آیت اللّہ کی اپنے بندوں کے لیے تھپکی ہے ۔ دلاسہ ،حوصلہ اور محبت ہے ۔
آغاز اسلام میں مکی زندگی مسلمانوں کے لیےبڑا کڑا امتحان تھی جو بھی کفر کےخلاف اٹھ کھڑا ہوتاجو بھی ایمان کی حلاوت پاتا وہ اسلام پہ ڈٹ جاتامگر مشرکین مکہ اس پر زندگی تنگ کر دیتے ۔
وحشیانہ تشدد کیا جاتا تو مسلمان قتال کی اجازت کے خواہش مند ہوتے تھے مگر ان کو اس وقت قتال کی اجازت نہ دی گئی ۔یہی اللّٰہ کی حکمت تھی کہ اس وقت کے حالات واقعات قتال کے مواقف نہ تھے اور جب مدینہ منورہ میں مسلمانوں کی قوت زور پکڑ گئی ۔مضبوط قیادت و وسائل مہیا ہو گئے تو قتال کو فرض کر دیا گیا ۔کتب کا مطلب ہےفرض کیا گیااور فرض کسی طرح ٹالا نہیں جا سکتا ۔
گو یہ فرض کفایہ ہےاور اس کے لیےکچھ شرائط وضوابط اور حالات وواقعات کی پابندی ضروری ہے۔اب جب قتال فرض ہوا تو منافقین کو تو قتال ناگوار تھا ہی کچھ کمزور ایمان والےمسلمان بھی قتال کو ناپسند کرنے لگےتھے اور ہو سکتا ہے جس چیز کو تم ناپسند کرو وہ ہی تمہارے لیے بہتر ہو ۔
یہی قتال آغاز اسلام میں تمہارے حق میں برے نتائج لا سکتا تھا اور اب جب تمہیں برا لگ رہاہے۔ گھٹن ہو رہی ہے۔دل حلق تک آ گئے ہیں تو یہی تمہارے حق میں کامیابی کے دروازے کھول دے گا۔ تمہاری شان وشوکت میں اضافےکا باعث ہو ۔
انسان زندگی میں بہت سے مراحل سے گزرتا ہے۔ہمیشہ اسے متضاد حالتوں سے واسطہ پڑتا ہے ۔
انسان ہمیشہ اپنے نفس کا غلام رہا ہے۔من چاہی ہی من چاہتا ہے۔دل کے فیصلے ہی دل قبول کرتا ہے
ہمیشہ اپنی خواہشات کی تکمیل ہی اسے محبوب ہوتی ہے ۔ اپنی پسندیدہ چیزیں ہی اسے بھاتی ہیں ۔
اپنی پسندید کے حصول میں وہ ہر حد سے گزر جاتا ہے ۔ حلال وحرام کی تمیز میں تمیز نہیں رہتی ۔
دنیا و آخرت کے نفع ونقصان سے لاپروا ہو کر دلوں کا سودا کرنا قبول کرتا ہے ۔ لیکن انسان مخلوق ہے ۔ خالق ہی مخلوق کے نفع ونقصان کا صحیح ادراک رکھتا ہے ۔
انسان کی عقل شعور علم محدود ہے ۔ جب کہ اللّٰہ اپنے بندوں سے بہت محبت کرتا ہے ۔اللّٰہ کے اپنے بندوں کے حق میں کئے گئے تمام فیصلے حکمت پہ مبنی ہوتے ہیں ،اللّٰہ وہ کرتا ہے جو اس کے بندوں کے لیے بہترین ہوتا ہے حالانکہ انسان کم تر کے لیے مچلتا ہے ۔عبادات ہوں کہ انسان کو گرم بستر کا آرام سکون دیتا ہے مگر اس آرام کو ،، نماز جو معراج ہے مومن کی ،، نماز پہ قربان کرنا ہے ۔ مومن کے حق میں کامیابی ہے ۔ مال و زر کی محبت زکوٰۃ وصدقہ وخیرات کی ادائیگی میں مانع ہےمگر زکوٰۃ وصدقات آنے والی آفت کو ٹال دیتے ہیں ۔
عمرہ وحج پہ جانا گراں ہے ۔مال میں کمی نہیں بلکہ فقر وفاقہ سے نجات ہے۔ رشتوں کو جوڑ کر رکھنا وبال جان نظر آتا ہے ۔ خاص کر "ان رشتوں جو زندگی میں تلخیاں پیدا کرتے ہوں "سے تعلق نبھانے کے لیے نفس کو کچلنے کی ضرورت ہے ۔یہی تو رب رحیم کی طرف سے تھپکی ہے ۔چلو میری رضا کے لیے سب معاف کرو اور صلہ رحمی کے تقاضے بھی پورے ہوں ۔
سب سے کٹھن مرحلہ ہی یہ ہےمگر اللّٰہ فرما رہا ہےکہ تم جس کو ناپسند کرتے ہو وہی تمہارے لیے بہتر ہے۔حرام میں لذت بھی ہے ۔ بظاھر فراوانی بھی نظر آتی ہےمگر بہتری حلال کے ثمرات میں ملے گی ۔
نسل نو فی زمانہ ناجائز آشنائی ،، مرد و زن کی دوستی ،، کو ترجیح دیتی ہے ۔مگر نکاح کا خوبصورت بندھن معاشرے کی خوبصورتی ہے اور جب نکاح کا بندھن بندھ جائے ۔تو اپنے شریک حیات کو خوبیوں ،خامیوں سمیت قبول کرو۔ ہو سکتا ہے جس کی شکل وصورت تمہارے من کو نہیں بھائی اسی سیرت وکردار تمہاری زندگی میں سکون کی چھاؤں بن جائے ۔
زندگی میں بہت سی کمی، مال کی اولاد کی ،رشتوں کی ، ہمہارے حق میں بہتر ہو سکتی ہے ۔ ہو سکتا ہے یہ سب ہوتا مگر ہمہارے لیے وبال ہوتا۔ہو سکتا جو ہم پسند کرتے ہیں وہ اچھا نہ ہوتا اور جس کے لیے جان جاتی ہے۔ اس کے لیے نہ ہونا ہی اللّٰہ کی حکمت ، اللّٰہ کی طرف سے بہترین ہے ۔
کبھی کبھی انسان کو ایسے سخت ترین حالات کو سامناکرنا پڑتا ہےکہ لگتا ہے یہی سب سے بڑی مصیبتیں ناکامیاں زیاں ہیں۔
رشتوں کو ٹوٹ جانا ،عین کامیابی پہ ناکامی، منزل پہ پہنچ کر منزل کو کھو دینا ۔ طلاق ہو جانا ۔ منگنی ٹوٹ گئی ، عہدوں سے معزولی، لین دین جو چاہا نہ ملا ،جس کی تمنا نہ تھی وہی شامل زندگی ۔
یہاں کسی کو حسب آرزو نہ ملا
کسی کو ہم نہ ملے اور ہمیں تو نہ ملا
کھو جانا ۔گم ہوجانا ،چھین جانا ،ان چاہیے رشتوں ۔معاملات، حالات اور چیزوں سے نبھا کرنا ۔
یہ سب قسمت مقدر کے کھیل ہیں ۔
اس کے لیےدوسروں کو الزام دینا ، نفرتیں ، دشمنی پال لینا،اللّٰہ کےاس فرمان کےمنافی ہے ۔
اللّٰہ رب العالمین اپنے بندوں سے کس قدر محبت کرتا ہے۔ کیا خوب حوصلہ ، تھپکی ہے، دلاسہ ہے اس آیت مبارکہ میں ۔
یہ آیت رنج غم دور کر دیتی ہے ۔
حسد ،دشمنی، نفرت ، دلوں کی کدورتیں ۔ غیظ وغضب کے طوفان ، ناامیدی کے سبھی دروازے بند کر کے توکل کےدر وا کر رہی ہے ۔ یہ آیت ایمان باللّٰہ کو تقویت دیتی ہے۔ توکل علی اللہ ۔سکون قلب کی دولت سے مالا مال کر رہی ہے ۔
آؤ اپنی خواہش نفس ، جذبات واحساسات ،من کی چاہ ، پسند کو قربان کر کےاپنے رب کی پسند پہ راضی ہونا قبول کریں ۔
رب حکیم کی حکمتوں پر ایمان ہی سکون قلب کا باعث ہے۔
اللّٰہ ہمیں عمل کی توفیق عطاء فرمائے آمین ثم آمین ۔


































