
مسرت جبیں/ لاہور
سورۃ الانعام ( سورۃ 6 ،آیت نمر17)۔
وَ اِنۡ یَّمۡسَسۡکَ اللّٰہُ بِضُرٍّ فَلَا کَاشِفَ لَہٗۤ اِلَّا ہُوَ ؕ وَ اِنۡ یَّمۡسَسۡکَ بِخَیۡرٍ فَہُوَ عَلٰی کُلِّ شَیۡءٍ قَدِیۡرٌ ﴿۱۷
اور اگر تجھ کو اللہ تعالٰی کوئی تکلیف پہنچائےتو اس کو دور کرنے والا سوا اللہ تعالٰی کے اور کوئی نہیں اوراگر تجھ کو اللہ تعالٰی کوئی نفع پہنچائے تووہ ہرچیز پر پوری قدرت رکھنے والا ہے۔
بسم اللّٰہ الرحمٰن الرحیم ۔
یہ آیت توکل علی اللہ ہےاور بس اللّٰہ ہی پر توکل ہے اور ہونی چاہیے ۔ یہی ایمان کی کسوٹی ہے۔ اللّٰہ رب قدیر وحکیم کی ذاتِ ہی قادرمطلق ہے۔سارے اختیارات اسی کے ہیں ۔
وہ ہی خالق کائنات ہےاور وہ پوری کائنات کے نظام کا واحد مالک کل ہے۔ جتنا مختار کل رب کی ذاتِ ہے۔اتنا ہی انسان بےبس۔عاجزہے۔
انسان اپنی مرضی کاذرابرابربھی اور لحظ برابربھی مالک نہیں ۔انسان تو اتنا بھی با اختیار نہیں کہ خود اپنی ذات کے نفع ونقصان پر قدرت رکھتا ہوجس خالق حقیقی نےاس کی تخلیق کی ہے۔وہ اتنا رحیم حکیم ہے۔جتنا رب کائنات رب العالمین اپنے بندوں کو جانتا ہے اتنا تو خود بندے خود کو نہیں جانتے۔
ابھی انسان دنیا کی ہوا کو بھی نہیں چھوتا کہ اس کی تقدیر لکھی جا چکی ہوتی ہے ۔
کب کب کہاں کہاں کتنی کتنی کیسے کیسے اس کی زندگی میں تکلیف یا راحتیں ہیں ۔
اوران راحتوں اورتکالیف کا دورانیہ کتنا ہے۔کب اور کیسے یہ تکلیف دورہوگی ۔کب تک راحتیں زندگی کوراحت بخشیں گی۔انسان کی زندگی میں جتنی بھی تکلیف ، غم ، رنج ، دکھ بیماری ،پریشانی آتی ہیں ۔ سب امرربی ہیں ۔ میرے رب کاحکم اور بس ،جو آگئی تو سارے جتن کر لو سارے حمایتی اکھٹے کر لو سارا مال لوٹا دو ۔ یہ مصیبت ٹلنے والی نہیں ۔
مگر میرے اللّٰہ کے حکم سے وہ جب چاہے جس قدر چاہے، بظاہر کوئی اسباب نہ ہوں ۔ تم تن تنہا ہو کمزورولاچارہو۔ساری دنیا تمہاری مخالفت میں کھڑی ہے۔ پھربھی جب رب رحیم کے کن کا فیصلہ آگیا تو سب دروا،سب روکاوٹیں دور۔سب مشکلات آسان سب دکھ سکھ میں بدلتے دیرنہیں لگتی ہے۔ سب دکھ، غم، رنج ، مصیبت اللّٰہ کے حکم سے آئی اور ان کو کھولنے والا رب رحیم کے سواکوئی نہیں ۔ اسی لیے اسی رب کے در پہ جھکے رہو اوراگر اللّٰہ کی رحمت جوش میں آ گئی ۔ آگر راحتیں ،خوشیاں ۔کامیابیاں سکھ خوشحالی کا فیصلہ میرے اور آپ کے حق ہوچکا تووہ اللّٰہ رحیم ہر چیز پہ قادر ہے ۔
یہ آیت ایک مومن کے ایمان کو مضبوط کرتی ہے۔ اللّٰہ پہ توکل کی کسوٹی ہے ۔ مایوسی کے بادل چھٹ جاتے ہیں ۔ بندوں کی غلامی سے نجات ہے ۔در در کی ٹھوکروں سے بچا کر ایک در پہ لاتی ہے ۔ اللّٰہ رب العالمین کی بندوں سے محبت کا پیمانہ ہے ۔ اور بندوں کا اللّٰہ سےمحبت اور یقین کی کسوٹی ہے ۔ جب دکھ سینے چیر رہے ہوں ۔جب دل کی گھٹن بڑھ جائے ۔جب چار سو اندھیرا ہو ۔جب زندگی کی ناؤ بھنور میں ڈوبتی ہو ۔
جب اپنے اپنے نہ رہیں ۔ جب بیگانے تیروں سے چھلنی کریں ۔جب غم کی آندھیاں منہ زور ہوں ۔ جب گھٹا ٹوپ تاریکی بڑھ جائے اور امید کی کوئی ننھی کرن بھی دکھائی نہ دے تو ایسےمیں رب رحمان رب رحیم کی رحمتوں کی آس ٹوٹنے نہ پائے،ساری کائنات کی دشمنی نا امیدی کے چراغ کو امید کی روشنی سے روشن نہیں کرسکتی جب تک رب کریم رب رحیم کن کا حکم نہ ہو ۔ساری کائنات میں ساری مخلوقات جمع ہو کر تجھ کوئی ذرا برابر نفع دینے پہ قادر نہیں ۔
سارے محبوب مل کر سارے وسائل حاصل ہو کر ساری قوتیں مل کر ساری جمع پونجی خرچ کر کے بھی نفع نہیں مل سکتا نہ کوئی دے سکتا ہے اور اگر رب مہربان نفع دینے کا فیصلہ فرما لے تو کوئی روک نہیں سکتا ہے ۔
جب رب کائنات ہی مختار کل اور ہم انسان ہی ہر حال میں ہر وقت ہر معاملے میں ہر زمانے میں بے بس ،محتاج ، لاچار تو پھر ایک ہی بات رھ جاتی ہے کہ وہی خدا ہے جو نظام ہستی چلا رہا ہے ۔وہ ایک در ہی تو ہے جس کے سوا کوئی در نہیں ۔
تو آؤ ایمان اور یقین کے اسی در پہ جبیں نیاز ہمیشہ ہمیشہ کے لیے جھکا دیں ۔
اسی کے ہو کر اسی کے یقین پہ کمند ڈال لیں ۔ پھر یقین ایسا کہ دل و اذھان سے سارے وسوسے نکال دیں ۔پھر کسی سے دشمنی کیوں ؟کسی پہ الزام کیوں ؟ کوئی وہم کیونکہ ؟
جادو نظر بد کا وہم کیسا ؟
ہاں کتنا مہربان ہے،وہ رب عظیم یہ قرآن نعمت عظمیٰ یہی تو شفا ہے تمام بیماریوں کا ۔ یہی تو توڑ ہے جادو ونظر بد کا ۔ اسی سے رشتہ مضبوط کریں ۔یہ ہے نا راہ ھدایت ۔
ہہ ہے نا حقیقی علاج ۔ یہ ہے نا مداوا دکھوں کا ۔یہ ہے نا نسخہ کیمیاء ۔ خالق سے بڑھ کر کون کارساز ۔خالق سے بڑھ کر کون نبض شناس ۔خالق سے بڑھ کر کون خیر خواہ ۔
خالق سے بڑھ کر کون تھامنے والا ۔خالق سے بڑھ کون خبر گیری کرنے والا ۔کیسے پرت کھل گئے محبتوں کے یقین کے ۔ کیسی کیسی خوشبو ہے قرآن پاک میں اللّٰہ کی محبت کی ۔ کیسا رنگ ہے اس کی اپنائیت کا ۔
الحمدللہ ہم اسی رب کے بندے
اسی پہ بھروسہ اسی پہ یقین کامل
یا اللّٰہ ہمارے یقین کو مزید کاملیت عطا فرما ۔ آمین ۔
تم میرے پاس ہوتے ہو گویا
جب کوئی دوسرا نہیں ہوتا


































