
روزینہ خورشید
ابن مریم ہوا کرے کوئی
میرے درد کی دوا کرےکوئی
مرزاغالب کو تو اللہ جانےکس طرح کا درد تھا جس کی وہ دوامانگ رہے تھےمگر پاکستان میں مہنگائی کےہاتھوں ستائےجانےکادرد یقیناً سب کا مشترک ہے۔جس کی دوا ڈھونڈنے کی کوئی کوشش بھی نہیں کرتا۔
فی زمانہ مہنگائی کی تعریف ہم اس طرح کر سکتے ہیں کہ "مہنگائی دراصل وہ بم ہے جو حکومت کی جانب سے عوام پر گرایا جاتا ہےاور نہتے عوام حکومت کا کچھ نہیں بگاڑسکتے۔"
آج مہنگائی کی وجہ سے ہر شخص پریشان ہےخواہ تاجر ہویا آجر، بینکار ہو یا صنعت کار،ملازمت پیشہ ہویا دیہاڑی دار مزدور سب کے سب ہی مہنگائی کے ہاتھوں پریشان ہیں لیکن سب سے زیادہ متوسط طبقہ اس عذاب میں گرفتار ہےکیونکہ وہ کسی کے سامنے ہاتھ بھی نہیں پھیلا سکتا۔
امیر طبقہ کو تومہنگائی سے کوئی فرق ہی نہیں پڑتا اورغریب مسکین لوگ بھی دست سوال درازکرکے اپنی ضروریات پوری کر لیتےہیں مگر متوسط طبقہ جسے ہم مڈل کلاس کہتے ہیں نہ ادھرکا رہتا ہے نہ ادھر کا ۔
حالیہ مہنگائی نے تو ویسے لوگوں کی کمر توڑکر رکھ دی ہے۔ایک وقت تھا دودھ پچیس روپے کلو تھا اب دوسو روپےکلوہے ،انڈے جو سو سے ایک سو بیس روپے درجن تھے اب ڈھائی سو سے اوپر ہیں، تیل اور گھی میں اضافہ کو دیکھ لیں دو سو روپے کلوملنے والا تیل ساڑھے پانچ سو روپے فی کلو تک پہنچ گیا ہے ،چینی، دالیں، چاول ،دیگر مسالہ جات غرض کہ تمام اشیائے خورونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں۔رہی سہی کسر آٹے کی قیمت میں ہوشربا اضافے نے پوری کر دی ہے جس نے غریب سے دو وقت کی روٹی بھی چھین لی مگر ارباب اختیار کو اس سے کوئی غرض نہیں۔
غریب شہر کے بچوں کو میسر نہیں روٹی
امیر شہر کے کتے بھی کھاتے ہیں بسکٹ
اسی طرح سبزیوں اور پھلوں کی بات کریں تو"پیاز" اور ٹماٹر جن کے بغیر پاکستانی کھانوں کا تصور بھی محال ہے وہ بھی دو سو روپے فی کلو سے نیچے نہیں اتر رہی ہیں باقی سبزیوں کی قیمتیں بھی چار گنا تک بڑھ چکی ہیں۔ بینگن جسے اکثر لوگ منہ نہیں لگاتے تھے اب وہ لوگوں کو منہ چڑا رہا ہے کہ ہمت ہے تو مجھے خرید کر دکھاؤ اور پھلوں کی قیمت کا تو کیا کہنا چند دنوں بعد ایسا لگتا ہے تمام دکاندار ایک بورڈ لگا دیں گے جس کے اوپر لکھا ہوگا
" برائے کرم شوگر، ہائی بلڈ پریشر اور ہارٹ کےمریض دکان سے دور رہیں ورنہ قیمت سن کر آپ کی طبیعت خراب ہو سکتی ہے"
مہنگائی جس حساب سے بڑھ رہی ہے ملازمت پیشہ افراد کی تنخواہوں میں اس لحاظ سے اضافہ نہیں ہورہا وہ بیچارے اپنی قلیل تنخواہ میں مکان کا کرایہ، یوٹیلیٹی بلز ،بچوں کی فیسیں ،(اسکول+ مدرسہ+ ٹیوشن )گروسری، دودھ، گوشت ،سبزیاں،پھل اور دوائیاں خریدیں یا پھر عید، بقر عید اور شادی بیاہ کی تقریبات کے لئے کچھ بچت کریں (جو کہ ناممکن ہے) بچت کا لفظ تو اب لوگوں کی زندگی سے ہی نکل گیا ہے۔
غریب طبقہ کوتو چھوڑیں متوسط طبقہ کی بھی چیخیں نکل گئی ہیں اور یہی وجہ ہے کہ آج کل چوری، ڈاکے اور لوٹ مار میں بھی ریکارڈ اضافہ ہورہا ہے اس کے علاوہ آئے روز ہمیں اس طرح کی خبریں بھی سننے کو ملتی ہیں کے غربت سے تنگ آکر چار بچوں کے باپ نے خودکشی کرلی یا پھر کوئی غریب ماں اپنے بچوں کوبھوک سے بلکتا نہ دیکھ سکی اور بچوں سمیت نہر میں کود گئی ۔
یہ تو بوجھ اٹھانے والے جانتے ہیں
مہنگائی سر اٹھائے تو کیا ہوتا ہے
سیانے کہتے تھے چادر دیکھ کر پاؤں پھیلانے چاہئیں مگر اب تو چادر دوپٹہ بنتی جا رہی ہے کہ سر ڈھانپو تو پاؤں باہر اور پاؤں ڈھانپو تو سر باہر لہذا ہمیں چاہیے کہ اگرچادر بڑی نہیں کرسکتے تواپنے آپ کو سمیٹ کر اسی چادر کے اندر رہنے کی کوشش کریں،یعنی جو چیزیں بہت زیادہ مہنگی ہوجائیں ان کا استعمال کم سے کم کردیں جب بھی بازارجائیں تو چیزیں خریدنے سے پہلے اپنے آپ سے سوال ضرور کریں!کیا یہ چیز ابھی لینی بہت ضروری ہے؟ اگر جواب ہاں میں آئے تو لیں ورنہ رہنےدیں ۔۔۔ اکثر ایسا دیکھا گیا ہے کہ ہم سپر اسٹور سے فضول میں بہت سی چیزیں اٹھا کرلے آتے ہیں اور رکھ کر بھول جاتے ہیں، لہذا جب جس چیز کی ضرورت ہو وہی خریدیں
اس کے علاوہ جب بھی آپ خریداری کے لیے بازار جائیں تو ان لوگوں کو ضرور یاد رکھیں جو اپنی ضروریات زندگی بہت مشکل سے پورا کر رہے ہیں کوشش کریں ۔ان کے لئے بھی کچھ نہ کچھ لےلیں کیونکہ ہمارے مال میں اللہ نے ضرورت مندوں کا بھی حق رکھا ہے ۔
حدیث نبوی صلی اللہ علیہ وسلم ہے
"اوپر والا ہاتھ نیچے والے ہاتھ سے بہتر ہے"
لہذا ہمیشہ اوپر والا ہاتھ بننے کی کوشش کریں ۔
اللہ ہم سب کو عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔ آمین



































