
روزینہ خورشید
آہ! کس کی نظر لگ گئی ہےروشنیوں کےشہر کراچی کو، ہمارا پیارا شہرجو آج سےچند دہائی پہلےعروس البلاد کہلاتا تھا،جہاں لوگ بےخوف وخطر راتوں
کو بیٹھکیں کیا کرتےتھے ،خواتین آرام وسکون سے بچوں کے ہمراہ روزمرہ کی خریداری کے لیے بازاروں کا چکر لگایا کرتی تھیں۔موبائل اتنےعام نہ تھے،لہذا یہ بھی خوف نہ تھا کہ کوئی موبائل چھیننے کی کوشش میں مار ڈالے گا ۔ لڑکے بالے ٹائرکو سڑکوں پرلکڑی کی مدد سےچلاتے چلاتے،دوردور کا چکر لگا یا کرتے تھے ،چھوٹے بچے محلے کی گلیوں میں خوب کھیلا کرتےتھےنہ بچوں کو کوئی خوف تھا کہ اغوا کر لیے جائیں گے اور نہ ہی کسی طرح کی ہراسمنٹ کا ڈرتھا۔
اس کے بعد وقت نےانگڑائی لی اورکراچی لوٹ کا مال بن گیا ہرکوئی اسےنوچنے اور کھسوٹنے میں لگا ہوا ہے، اس کی حالت اب اس ماں جیسی ہےجو دس بچوں کوپال پوس کرجوان کردیتی ہےمگران بچوں میں سے کوئی بھی اسے اون نہیں کرتا تبھی تو کراچی اب لاوارث شہر بن چکا ہے، اس کا کوئی پرسان حال نہیں۔ اب یہ مکمل طور پر ڈاکوؤں کے ہاتھوں یرغمال بن چکا ہے۔
روشنیوں کےشہر میں اندھیرنگری اور چوپٹ راج ہے، رواں برس یعنی 2024 میں اب تک 61 افراد ڈاکوؤں کے ہاتھوں جان سےہاتھ دھو بیٹھے جس میں صرف رمضان کے مہینےمیں21 افراد کوموت کے گھاٹ اتاردیا گیا۔ کیا جرم تھا، ان معصوم لوگوں کا؟ کیا اے ٹی ایم سےاپنےحق حلال کی تنخواہ نکالنا جرم ہے؟ کیا گھرسے باہر سودا سلف لانے کے لیےرقم لےکرجانا جرم ہے؟ کیا اپنےہی گھر کےباہرموبائل پربات کرنا جرم ہے؟کیا سیلون میں موبائل ساتھ رکھنا جرم ہے ؟ کیا دوستوں کے ساتھ ہوٹلوں میں بیٹھ کر چائے پینا جرم ہے ؟ہاں اگرآپ کراچی میں رہتے ہیں تو یقیناً یہ سب جرم ہے کیونکہ آپ کو نہیں پتا کون کب اچانک سامنے آ کر پستول تان لے اور آپ سےموبائل اوررقم سب کچھ چھیننے کے بعد گولی بھی مارکرچلا جائے ۔ کہاں ہے ریاست؟ کہاں ہے انتظامیہ؟ کیوں ان لٹیروں کو لگام نہیں دی جاتی؟ وجہ ہم سب جانتے ہیں کہ۔۔۔۔ محافظوں کی ملی بھگت کے بغیر کبھی بھی جرائم کا ارتکاب نہیں ہوتا ۔۔ معذرت کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ جن کا کام کرائم کنٹرول کرنا ہے وہ خود ہی کرائم پارٹنربنے بیٹھے ہیں کیونکہ ایسے بہت سے واقعات رپورٹ ہوئےہیں کہ سامنے ہی پولیس کی موبائل کھڑی ہوتی ہے ،اگروہ ڈاکوؤں کو نہیں پکڑتی اوراگر کبھی عوام ڈاکوؤں کو پکڑ کران کے حوالے کر بھی دیں تو دوسرے یا تیسرے دن وہ پھرسے آزادانہ باہردندناتے پھرتے ہیں۔
آج حالت یہ ہےکہ خواتین کی جان اس وقت تک سولی پرلٹکی رہتی ہےجب تک ان کے بچےاور شوہر خیریت کےساتھ گھرواپس نہ آجائیں۔آخر اہل کراچی کاقصورکیا ہے،کیا وہ گھر سے نکلنا بند کر دیں،کب تک ان کے اوپر خوف کی تلوار لٹکتی رہے گی ۔افسوس! ارباب اختیار کے پاس سوائے زبانی کلامی دعوؤں اورجھوٹے وعدوں کے سوااس بات کا کوئی جواب نہیں ۔ذرا سوچیں توسہی ان بچوں کے دلوں پر کیا گزرتی ہوگی جن کے سرسے باپ کا سایہ چھین لیا گیا۔ان خواتین کے دل کیسے دھڑکتے ہوں گے جن کے سہاگ دن دہاڑے جاڑدیے گئے۔ان ماؤں کی آنکھوں سےجاری اشک کیسے رکیں گےجن کےلعل کو ہمیشہ کے لیے ان سےجدا کردیا گیا،اس بوڑھے باپ کا سہارا اب کون بنےگاجس کا گھبروجوان بیٹا ڈاکوؤں نےمار ڈالا۔ بعض اوقات توایسا محسوس ہوتا ہے کہ ہم جنگل میں رہ رہےہیں لیکن۔۔۔۔۔۔
سنا ہے جنگلوں کا بھی کوئی دستور ہوتا ہے
سنا ہے شیر کا جب پیٹ بھرجائے
تو وہ حملہ نہیں کرتا
درختوں کی گھنی چھاؤں میں جا کر لیٹ جاتا ہے
ہوا کے تیز جھونکےجب درختوں کو ہلاتے ہیں
تو مینا اپنے بچے چھوڑ کر
کوے کے انڈوں کو پیروں میں تھام لیتی ہے
سنا ہے گھونسلے سے کوئی بچہ گر پڑے تو
سارا جنگل جاگ اٹھتا ہے
سنا ہےجنگلوں کا بھی کوئی دستور ہوتا ہے
خداوندا، جلیل و معتبر
دانا و بینا، منصف و اکبر
میرے اس شہر بے اماں میں بھی
ایسا جنگلوں کا ہی کوئی قانون نافذ کر



































