
منیبہ عثمان
کائنات ہے آئینہ قدرت کا ہر ذرہ ہے اس میں جلوہ گر
یہ جلوے ہیں اس کے جمال کے ہر ذرہ ہے اس کا پیغام بر
اللہ تعالیٰ نے دنیا میں بےشمار مخلوقات پیدا کیں۔ ہر مخلوق، چاہے وہ بے جان پتھر ہو، ٹھوس دھات ہو، رقیق مائع ہو، ہوا میں محلول گیس ہو، یا پھر ذی روح مخلوق، جیسے پودے، حشرات، خوردبینی کیڑے, چرند، پرند، چوپائے، درندے اور انسان، یہ سب اللہ تعالیٰ کی فن کاری کا ایک منہ بولتا ثبوت ہیں اور قدرت کی عظمیٰ کاریگری کی ایک اعلانیہ دلیل بھی۔
اللہ تعالی نے ہر مخلوق کو بے مثال مہارت اور حکمت سے تخلیق کیا ہے۔ ان تمام مخلوقات میں سب سے افضل اور اشرف المخلوقات انسان کو کہا جاتا ہے جس کے جسم کے ہر حصے کو اللہ تعالیٰ نے بے پناہ باریک بینی اور نفاست سے ترتیب دیا ہے۔ جیسا کہ قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ نے خود اس بات کی گواہی دی ہے:
لَقَدْ خَلَقْنَا الْاِنْسَانَ فِیْۤ اَحْسَنِ تَقْوِیْمٍ
بیشک یقینا ہم نے آدمی کو سب سے اچھی صورت میں پیدا کیا۔
اللہ تعالی نے انسان کو کھنکھناتی ہوئی مٹی سے تخلیق کیا ہے اور اس احسان کا ذکر قرآن پاک میں بھی متعدد مقامات پر کیا ہے۔ جیسےانسان کو (تو نے) کھنکھناتی ہوئی مٹی سے بنایا ہے۔(الحجر: 33)
انسان کے وجود کے ابتدائی مرحلے کا آغاز نطفے سے شروع ہوتا ہے اور پھر یہ ننھا سا انسان، جو ایک مرد اور عورت کے ملاپ سے وجود میں آتا ہے، ماں کے رحم میں اپنی جگہ بنا کر آہستہ آہستہ ایک کامل انسان کی شکل اختیار کرتا ہے۔ اس پیچیدہ سفر کے دوران، نطفے میں موجود خلیات تقسیم ہوتے ہیں جو مختلف اعضاء اور نظاموں میں ڈھلتے چلے جاتے ہیں۔
اگر ہم تفصیلی جائزہ لیں تو معلوم ہوتا ہے کہ ابتدائی مراحل کا نطفہ ایک پیچیدہ عمل سے گزرتا ہے جسے جنین سازی کہا جاتا ہے۔
اس عمل میں نطفہ تین پرتوں میں تقسیم ہو جاتا ہے جو بیرونی، درمیانی، اور اندرونی پرتیں کہلاتی ہیں۔ ہر پرت اپنے مخصوص اعضاء اور نظاموں کی تشکیل کرتی ہے۔
بیرونی پرت
بیرونی پرت سے انسانی جسم کا اعصابی نظام، جلد، اور بال بنتے ہیں۔
درمیانی پرت
درمیانی پرت سے ہڈیاں، غضروف، پٹھوں، اور خون کی نالیاں اور رگیں بنتی ہیں۔
اندرونی پرت
اندرونی پرت سے اندرونی اعضاء جیسےکہ دماغ، پھیپھڑے، جگر، لبلبہ، گردے، دل، معدہ، اور آنتیں بنتی ہیں۔
جیسے جیسے جنین بڑھتا ہے، اس کی ہڈیاں مضبوط ہوتی جاتی ہیں اور ان پر گوشت چڑھنا شروع ہو جاتا ہے۔ اس کے ساتھ ہی، جسم کے دوسرے اعضاء مکمل ہوتے جاتے ہیں۔
کم و بیش پورے نو ماہ یا چھتیس ہفتوں بعد ایک ننھا منا انسان ماں کے رحم کی محفوظ دنیا سے اس دنیا میں آ جاتا ہے۔
ماں کا کردار اس سفر میں انتہائی اہم ہے۔ وہ بچے کو اپنے رحم میں پالتی پوستی ہے اور اس کی پرورش کرتی ہے اور اس کا پیٹ بچے کے لیے ایک محفوظ اور آرام دہ گھر ہوتا ہے، جہاں وہ بڑھنے اور ترقی کرنے کے لیے ضروری غذائیت اور آکسیجن حاصل کرتا ہے۔
نوزائیدہ بچہ اللہ کی تخلیق کا ایک بہترین شاہکار ہے۔ وہ ایک مکمل انسان ہے جس میں سوچنے، محسوس کرنے، اور سیکھنے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہوتی ہے۔دنیا میں آنے کے بعد بھی انسان عمر کے مختلف مراحل سے گزرتا ہے بچپن کے ابتدائی سال زبان اور مختلف سرگرمیاں سیکھنے میں، لڑکپن کا زمانہ مختلف علوم اور مہارتیں سیکھنے میں، اس کے بعد زمہ داریاں نبھانے کا دور جس میں اولاد، خاندان، رشتے اور نوکری۔
پھر اگلا مرحلہ شعوری ارتقاء کا ہوتا ہے جس میں انسان کی زندگی کا سورج ڈھلنے کے قریب تر ہو جاتا ہے اور وہ زندگی کی بہت سی حقیقتوں کو ان کے اصل روپ میں دیکھنے لگتا ہے اور ایسے راز اس پر افشا ہونے لگتے ہیں جو واقعتاً اس کو زندگی کے اصل اصول سے آشنائی دلواتے ہیں۔پھر ایک دن ایسا آتا ہے کہ انسان اپنی روح اپنے مالک حقیقی کے سپرد کرنے کے عمل سے گزرتا ہے اور اپنی حقیقی منزل کی جانب رواں ہو جاتا ہے اور یہ وہ دن ہوتا ہے جب ایک جیتا جاگتا انسان چند ہی لمحوں میں تاریخ کے اوراق میں گم سم ہو جاتا ہے اور ایک یاد ماضی کے سوا کچھ نہیں رہتا۔محد سے لحد تک کا یہ سفر بہت طویل لگتا ہے لیکن درحقیقت سب سے مختصر سفر یہی ہوتا ہے۔۔۔۔کہانی کا اختتام، ہمارا آغاز ہی متعین کرتا ہے۔۔۔
؎ آگاہ اپنی موت سے کوئی بشر نہیں
سامان سو برس کا ہے پل کی خبر نہیں


































