
منیبہ عثمان
آوازکا تعلق انسان کی حس سماعت سے ہےاور یہ حس جس انسان کے پاس ہے،نعمت خداوندی کاشکر بجا لانا اس پرلازم ہے۔اس کےبرعکس جواس نعمت سےمحروم ہیں ،ان
کی بےبسی کا اندازہ لگانا ہمارے لیے ناممکن کی حد تک مشکل ہے۔
آوازوں کا پیدا ہونا ہوا کی لہروں میں دباؤ کی وجہ سےہوتا ہے،جب بھی ہوا کی لہروں کےدباؤ میں کسی ذریعے سےنرمی یا سختی ہوتی ہےتو لہریں کسی سطح سے ٹکراتی ہیں اوراس ٹکر کی صورت میں آواز کا پیدا ہونا ایک قدرتی عمل ہے۔
انسان کی زندگی میں آوازوں کی ان گنت اقسام ہیں،کچھ آوازیں اندورونی، کچھ بیرونی اورکچھ تخیلاتی قسم کی ہوتی ہیں لیکن مقصد سب کا ایک ہےکہ ان کو "سنا "جاتا ہے اور وہ "سناںٔی" دیتی ہیں۔
صبح آنکھ کھلتے ہی الارم کی آواز، گلی سے گزرتی گاڑیوں کی آواز اور پرندوں کی چہچہاہٹ۔ یہ تمام آوازیں کانوں کو بھلی محسوس ہوتی ہیں جب تک ان میں ناگوار شدت نہ ہو۔
دن چڑھتے ہی فضا میں مختلف آوازوں کے شامل ہو جانے سے مدھم اور بھینی آوازیں کہیں دب جاتی ہیں۔ جیسے گاڑیوں کی آوازیں، کسی ٹرک کا چنگھاڑتا ہوا ہارن، دروازے پر گھنٹی کی آواز، ردی اخبار والے کا بولتا ہواسپیکر،پانی کی موٹر،کسی گھرسےپالتوجانوروں کی آوازاورگھرمیں ادھم مچاتے بچوں کی آوازیں۔
پورا دن ہی خوش گواراورناگوارآوازوں کےامتزاج کو لیے جب شام کی آغوش میں جانےلگتا ہے تو ایسے میں اگرمسجد سے اذان کی آوازآجائے تو دل و دماغ کو جیسے سکون کی دوامل گئی ہو۔
اندرونی آوازوں کا ذکر کیا تھا میں نے،جیسے ضمیر کی آواز جو کسی دل پسند کام کو کرتے ہوئے، ممنوع کام کرتے ہوئے یا یوں کہہ لیں کہ اچھے اوربرے کام کرنے سے پہلے ہمارا ضمیر ایک آواز لگاتا ہےکہ سوچ لو یہ کام اوراس کا انجام۔اگر ہم سن لیں تو فائدے میں ہی رہتے ہیں ورنہ ایک وقت تو ضمیر بھی آواز لگاناچھوڑدیتا ہےاورانسان کو اس کے حال پر چھوڑ دیتاہے۔
کچھ ایسی آوازیں بھی ہیں جوہمارے تخیل کی صوتی کیفیات ہوتی ہیں۔ یہ وہ آوازیں ہیں جو نیوٹن نےکشش ثقل کی تحقیق کےدوران سنیں،یہ وہ آوازیں ہیں جنہوں نےہیلن کیلرکوعزم و حوصلے کی داستان کے طور پر و امر کردیا۔ یہی وہ آوازیں ہیں جنہوں نے الفارابی سے ایک حیرت انگیزموسیقی کا آلہ بنوادیا، یہی وہ آوازیں ہیں جنہوں نےعمر بن الخطاب کی دھاک ودبدبہ میلوں دوران کے دشمنوں کے دلوں میں خوف کی صورت میں بٹھا دیا۔ یہی وہ آوازیں ہیں جنہوں نےچاند پر پہلا قدم رکھتے ہی نیل آرم سٹرانگ کو اللہ تعالیٰ کی وحدانیت کا دعویدار بنا دیا۔ یہی وہ آوازیں ہیں جنہوں نے سمندر کی اتھاہ گہرائیوں میں مچھلی کے پیٹ سے یونس علیہ السلام کی دعا سےرب غفور کا عرش ہلا دیا، یہی وہ آوازیں ہیں جنہوں نے رواں دور کے سائنسدانوں کو یقین کرنے پرمجبور کر دیا کہ کاںٔنات میں سوئی جتنی جگہ بھی خالی نہیں جہاں ملاںٔکہ اللہ تعالیٰ کی حمد بیان نہ کر رہے ہوں۔
آوازکی رفتار بجلی کی رفتار سےکم ہے لیکن اس کا اثر صدیوں تک محسوس کیا جا سکتا ہے۔آوازوں کو محسوس کیجیے، پہلے نہیں کیا تو آج سے لازمی کیجیے۔
چھپ گئے وہ ساز ہستی چھیڑ کر
اب تو بس آواز ہی آواز ہے۔


































