
منیبہ عثمان
بارش تیز ہوا تے بدل، سب دی اپنی تھاں ہوندی اے
دھپ وی پانویں چنگی لگے،چھاں تے آخر چھاں ہوندی اے
بھین بھرا ، ابا یا پتر، سارے ای رشتے ودھیا نیں
پوری دنیا گھم کے ڈٹھا، ماں تے آخر ماں ہوندی اے
یہ بولتی تصویر بہت سوں کےلیےمحض ایک تصویرہی ہوگی لیکن ایک ماں کے لیے یہ کسی تلوار کے گھاؤ سے بھی گہری، درد کی اخیر حد، سانسوں کا تھم جانا، دل کا دھل جانا، آگ کے انگاروں پر چلنے کی تکلیف سے بھی کہیں زیادہ شدت درد کو بیان کر رہی ہے۔
ماں کی کوکھ سے لےکرماں کی گود تک کا سفر انتہائی تکلیف دہ اورناقابل بیان ہے۔یہ ایک ماں جانتی ہے کہ اس کے دن، اس کی راتیں، اس کے صبح شام کس اذیت میں گزرے۔ایک وہ دن جس کے لیے ماں دنیا کا ہر درد سہہ سکتی ہے، جس کی خاطر وہ اپنی زندگی کا ہر دن تمام تر درد سہہ کر بھی مطمئن ہوتی ہے، وہ دن جب وہ صاحب اولاد بن جاتی ہے اور ایک ماں کے درجے پر فائز ہوتی ہے تو اس سے بڑھ کر اس کے لیے خوشی کا کوئی اور دن نہیں ہوتا۔
۔۔۔اور پھر وہ دن۔۔۔ جس کی سوچ کو بھی ایک ماں نے اپنے اوپر حرام کیا ہوتا ہے، وہ خواب و خیال کے کسی بھی دریچے میں اس کا نام تک لینا جرم سمجھتی ہے، اگر وہی دن اس کی جاگتی آنکھیں دیکھ لیں تو جان لیں اس ماں کی روح ملک الموت کے آنے سے قبل پرواز کر جاتی ہے۔
وہ ماں جو اپنی اولاد کو پیدا کرتی ہے، محبت و شفقت سے اسکی پرورش کرتی ہے، ہر پل دل کے قریب رکھتی ہے تو اس ماں کے دل کی کیفیت کا کیا بیان جو صبح تو اپنے لخت جگر کو اپنے ہاتھوں سے تیار کر کے اسکول بھیجتی ہے اور پورا دن اس کی واپسی کی منتظر رہنے کے بعد جب اپنے لعل کو خون میں لت پت دیکھتی ہے، وہ تو جیتے جی درگور ہو جاتی ہے، اس کا ہر سانس پہاڑ جیسا بھرکم اور دل کی دھڑکن معدوم ہو جاتی ہے۔
یہ تصویر تصویر نہیں ایک ماں کے دل کی کیفیت کا عکس ہے۔ایک ماں کی روح میں لگا گہرازخم ہے۔ایک ماں کی بےچینی اور بے یقینی کا اندوہ ناک منظر ہے جس کو دیکھ کرمحسوس کر کے کوئی بھی انسان آنکھوں میں آنسوؤں کا بوجھ محسوس کر سکتا ہے۔
یہ ایک حادثہ نہیں آفت تھی جو اپنے ساتھ کتنی معصوم زندگیاں بہا لے گئی، کتنی ہی ماؤں کی گود اجاڑ گئی اور آنگن ویران کر گئی۔


































