
منیبہ عثمان
دیکھا نہ کوہ کن کوئی فرہاد کے بغیر
آتا نہیں ہے فن کوئی استاد کے بغیر
کسی بھی معاشرے کی ارتقاء،ترقی اور خوشحالی کے فروغ کے لیے ایک استاد کا اصلاحی کردار حد درجہ اہمیت کا حامل ہے بلکہ یوں کہنا درست ہوگا کہ استاد معاشرے میں ریڑھ کی ہڈی کی سی حیثیت رکھتے ہیں۔ معاشرے کو تشکیل دینے کے لیے، اس کا صحیح رخ متعین کرنے کے لیے اور نسلوں کی تربیت کے لیے استاد سے بہتر کردار کوئی اورادا نہیں کر سکتا۔
اس بات میں کوئی شک نہیں کہ ایک کامیاب انسان کی عزت اور ترقی استاد کی مرہونِ منت ہے۔اس میں بھی کوئی شک نہیں کہ ایک انسان جب اپنے استاد کی عزت کرتا ہے تو اللہ تعالیٰ اس کو معاشرے میں وہ مقام دیتے ہیں جس پر لوگ اس کو رشک کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
اللہ تعالیٰ نے اس کائنات کی تخلیق کے بعد انسان کی رہنمائی کے لیے بہت سے معتبراساتذہ کا انتخاب کیا جن کو ہم اپنی زبان میں انبیاء، رسول یا پیغمبر کے نام سے جانتے ہیں۔ تمام انبیاء اپنے اپنے وقت کے بہترین استاد تھے اور انہوں نے اپنی فصاحت اور بلاغت سے لوگوں کو اللہ تعالیٰ کی طرف آنے کی دعوت دی۔
تمام انبیاء کرام علیہم السلام نے ایک بہترین استاد کی حیثیت سےاپنی امتوں کی رہنمائی کی۔ ان تمام انبیاء میں سب سےعظیم معلم ہمارے پیارے نبی حضرت محمد ﷺ نے 23 سال کےعرصے میں صحابہ کرام کی ایسی جماعت تیار کی جنہوں نے پورے عرب سے نکل کر دنیا کےہر خطے میں اسلام کا پرچم لہرایا اور تمام دنیا کو ہدایت کا پیغام اور اللہ تعالیٰ کی طرف بلانے کی ذمہ داری بخوبی انجام دی۔
ایک معاشرے کی ترقی اورخوشحالی کا راز یہی ہے کہ وہ اپنے استاد کی عزت کرے۔ جو قومیں اپنے اساتذہ کی عزت نہیں کرتیں ان کا انجام بھی تاریخ کے اوراق میں محفوظ ہے۔
رہبر بھی یہ ہمدم بھی یہ غم خوار ہمارے
استاد یہ قوموں کے ہیں معمار ہمارے


































