
جویریہ ریاض
اس بات سے تو ہر پاکستانی واقف ہےکہ پاکستان کی اساس کلمہ حق “لا الہ الا اللہ محمد الرسول اللہ“ پررکھی گئی ۔ جب ایک
مسلمان صدقِ دل سے اس بات کا اقرار کرتا ہے اور شہادت دیتا ہے کہ “نہیں کوئی معبود سوائے اللہ کے اور محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم اللہ کے رسول ہیں۔“ تو اس کا دل تمام غلامیوں سےاور خوف سے آزاد ہو جاتا ہے کیونکہ وہ جانتا ہے کہ اصل معبود اور بندگی کی حق دار صرف وہی ذات ہے جو اس کی خالق و مالک ہے۔
آج ہم آزادی کا دن منا رہے ہیں تو میں یہ سوچ رہی تھی کیا ہم واقعی آزاد ہیں؟ کیا آج ہمارا “الہ“ اللہ ہے؟ یا پھر آج دنیا کی طاقتور قومیں ہماری خدا بنی بیٹھی ہیں۔ کیا ہم اپنا رازق و مالک اللہ کو مانتے ہیں یا ان سپر پاورز کو جو حاکم بنی بیٹھی ہیں؟ کیا واقعی ہم نے اپنے معاملات میں اللہ کو حاکم مانا ہے؟ عدالتوں میں عدل و انصاف کی بات ہو،ایوانوں کی سیاست ہو یا پھر معاشیات، اقتصادیات کیا ان سب میدانوں میں ہمیں اللہ کی حاکمیت نظر آتی ہے؟
قائد اعظم ہمارے عظیم رہنما جنہوں نے مسلمانان ہند کو اس ایک نقطے پر اکٹھا کیا کہ “اسلام ایک ایسا نظریہ حیات ہے کہ اس کے مقابل کوئی دوسرا نظریہ پنپ نہیں سکتا۔“ ہمارے بزرگوں نے آزادی کی تحریک کو اپنے خون کے آخری قطرہ بہہ جانے تک جاری و ساری رکھا، یہاں تک کہ پاکستان ایک نظریاتی ریاست کی حیثیت سے دنیا کے نقشے پر اُبھر کر سامنے آ گیا۔ مسلمان ایک علیحدہ قوم ہیں۔ مسلمان کسی کے محکوم نہیں ہو سکتے اس بات کو اپنی جدوجہد سے سچ ثابت کر دکھایا۔ ان کی یہ ہجرت باطل نظام سے حق کے نظام کی طرف تھی۔
ہم انگریز اور ہندو کی غلامی سے نکل تو آئے مگرذہنی غلامی اب تک قائم ہے۔آج دین محض رسم پرستی بن کےرہ گیا ہے۔ معاملات میں اسلام کہیں دکھائی نہیں دیتا۔ یہ کہتے ہوئے میرے الفاظ رنج و غم کا شکار ہیں کہ جس مقصد کے لیے ہم نے یہ ملک حاصل کیا تھا ،وہ آج ہمیں کہیں نظر نہیں آتا۔ دنیا کی نظروں میں ہم آزاد ہیں مگر حقیقتاً ہم سامراجی طاقتوں کے مغلوب ہیں اور ہماری ذہنی صلاحیت مفلوج ہے۔
قائد اعظم نے ایک خطبے میں ارشاد فرمایا کہ:-”مجھ سے اکثر پوچھا جاتا ہےکہ پاکستان کا طرز حکومت کیا ہوگا پاکستان کے طرز حکومت کا تعین کرنے والا میں کون ہوتا ہوں مسلمانوں کا طرز حکومت آج سے 1300 سال قبل قران کریم نے وضاحت کے ساتھ بیان کر دیا تھا ،الحمدللہ قرآن مجید ہماری رہنمائی کے لیے موجود ہے اور قیامت تک ہمارے درمیان موجود رہے گا۔“
اب ضرورت اس امر کی ہے کہ ”اسلامی جمہوریہ پاکستان“ کی حقیقتاً قرآن و سنت کے مطابق قانون سازی کی جائے، قوم کا ہر فرد اس کارِ خیر کے لیے اُٹھ کھڑا ہو۔ ہر شخص چاہے وہ”جہاد بلقلم“ ہو،”جہاد بلمال“ ہو،”جہاد بِالِلّسان“ ہو یا پھر ”جہاد بلعلم“ اپنی انفرادی طاقت کے مطابق جہاد کرے۔ اپنے آباؤ اجداد کی قربانیوں کو رائیگاں ہونے سے بچانے کے لیے ہم جہاں جہاں ہیں ہمیں استحکام پاکستان کے لیے کوشش کرنی ہے۔
افراد کے ہاتھوں میں ہے اقوام کی تقدیر
ہر فرد ہے ملت کے مقدر کا ستارہ



































