
سلمیٰ نور
ہمیشہ سےہی سنتے آرہے ہیں ”کربھلا ہوبھلا“ لیکن کیا کہنے والے کبھی اس پر عمل بھی کرتے ہیں؟ جتنے ہمارے اقوال ہیں ،اس سے آدھے بھی
ہمارے اعمال ہو جائیں تو زندگی آسان ہوجائے،ہماری بھی اور ہماری اس دنیا میں بسنےوالی دوسری مخلوق کی بھی۔اشفاق احمد کہتے ہیں کہ”کرم کا فارمولا تو کوئی نہیں، اس کرم کی وجہ ڈھونڈو۔“ وہ اپنا مشاہدہ بیان کرتے ہوئےمزید کہتے ہیں کہ ”جب بھی کوئی ایسا شخص دیکھا جس پر رب کا کرم تھا اسے عاجز پایا پوری عقل کے باوجود سیدھا سا بندہ، بہت تیزی نہیں دکھائے گا۔ الجھائےگا نہیں، رستہ دے دے گا۔ بہت زیادہ غصہ نہیں کرے گا، سادہ بات کرے گا۔ میں نے ہر کرم ہوئے شخص کو مخلص دیکھا، اخلاص والا۔ غلطی کو مان جاتا ہے، معذرت کر لیتا ہے، سرنڈر کر دیتا ہے جس پر کرم ہوا ہے نا میں نے اسے دوسروں کے لیے فائدہ مند دیکھا۔
کتنا آسان سا طریقہ ہے اپنےرب کا کرم حاصل کرنے کا۔
کرو مہربانی تم اہل زمیں پر
خدا مہرباں ہو گا عرشِ بریں پر
یہ شعر تو ہر کسی کو زبانی یاد ہے لیکن بات پھر وہیں آکر رکتی ہے کہ کیا کبھی اپنے ان الفاظ میں عمل کی چاشنی بھی مِلائی ہے؟
کیا کبھی سود و زیاں سے ماوراء ہو کر کسی گرتے کو اٹھایا ہے؟
کبھی کسی بے زباں مخلوق کے لیے تپتی دھوپ میں سایہ کیا ہے؟
ٹھٹھرتی سردیوں میں کسی کے لیے کوئی آشیانہ بنایا ہے؟
اگر نہیں تو پھر اپنے لیے کیا مانگ رہے ہو؟
ملے گا تو وہی نا جو دیا ہوگا۔۔۔۔
یہ ہو ہی نہیں سکتا کہ ہماری ذات سے کسی کو نفع ہو رہا ہو اور رب کائنات ہمارے لیے کشادگی کو روک دے۔ وہ تو رحیم بھی ہے اور کریم بھی، وہ دینے والے کو کبھی خالی ہاتھ نہیں رہنے دیتا۔
بابا جی اشفاق احمد ہر صاحب کرم کے بارے میں کہتے ہیں کہ اس کا درجن تیرہ کا ہوتا ہے بارہ کا نہیں۔ اللّٰه کے کرم کے پہیے کو چلانے کے لیے آپ بھی درجن تیرہ کا کرو اپنی زندگی میں۔
کتنا آسان ہے نا صاحب کرم ہونا؟ بس جتنے ہمارے اقوال ہیں اتنے اعمال ہو جائیں تو کرم کی بارش چھماچھم برسنے لگے۔



































