فوزیہ تنویر
کتنا اچھا لگتا ہے آزاد فضاؤں میں سانس لینا۔ سانس کی ڈور اگر ذرا سی بھی کھینچنےلگے تو کیسے دم گھٹتا محسوس ہوتا ہے۔
انہی آزاد فضاؤں کی طلب تو تھی کہ برصغیر کے مسلمانوں نےطویل جدوجہد کی اورسر دھڑ کی بازی لگا دی۔ اتنی بڑی نعمت بغیر قربانیوں کے تو نہیں مل سکتی تھی۔ اصول تو یہی ہے کہ دنیا میں کوئی بھی چیز حاصل کرنے کے لیے کوشش تو بہر صورت کرنی ہی پڑتی ہے۔ وہ الگ بات ہے کہ فتنہ پرور عناصر کی کاوشیں بھی کمال درجے کی ہوتی ہیں لیکن وہ تمام کوششیں رائیگاں ہی جانے والی ہوتی ہیں لیکن اللہ کو تو اپنے بندوں سے کچھ اور ہی مطلوب ہے۔ وہ تو انسانیت کی فلاح اور دین کی سربلندی چاہتا ہے۔ ان راستوں کے مسافر ویسے تو بہت سے بندے ملیں گے جن کی زندگی کا مقصد ہی اللہ کی رضا ہوتا ہے لیکن ان کی محنتوں اور کوششوں کو چار چاند تب لگ جاتے ہیں جب ان کےلیے جان ہی کھپا دی جائے حتیٰ کہ جان ہی قربان کر دیں۔
مسلمانوں کو تو دین کی سربلندی کے لیے جان ہتھیلی پر رکھ کر ہی کام کرنا پڑتا ہے۔ 14 اگست ہماری آزادی کادن جو ہمیں یاد دلاتا ہے کہ جان و مال قربانی کے بعد جو نعمت اللہ تعالیٰ نے عطا فرمائی تھی۔ اس نعمت کی قدر و قیمت تو تب دکھائی دیتی جب دنیا زمین کے اس خطےپر اسلام کے جھنڈے گڑےہوئے دیکھتی۔
یہ زمین کا ایک ٹکڑا نہیں تھا بلکہ ایک خوبصورت وطن تھاجس میں اللہ تعالیٰ نے خزانوں کے انبار رکھ دیے تھے۔ اونچے اونچے پہاڑ، جنگلات، دریا، ندی نالے، آبشاریں، خوبصورت مناظر، دلکش موسم، اناج، رسیلے پھل، قیمتی معدنیات غرض کیا کچھ نہیں جو اللہ نے ہمیں عطا کر دیا اور پھر یہ تو وہ نعمتیں ہیں جو دنیا میں ہمیں دکھائی دے رہی ہیں اور اللہ کے دین کو غالب کرنے کی غرض سے آزاد وطن کے حصول کے لیے جن لوگوں نے جان و مال کی قربانیاں دیں،ان کے لیے اللہ نے آخرت میں کیا کیا انعامات رکھے ہوں گے۔ اس کا تو ہم تصور بھی نہیں کر سکتے۔
دین کو قائم کرنے کے کٹھن راستے کو عبور کرنے کے لیے کیا کیا پاپڑ بیلنے پڑتےہیں اس کے لیے. آج اہلِ فلسطین کی کاوشوں اور قربانیوں کو دیکھ لیں۔ امّتِ مسلمہ کو اپنا بھولا ہوا سبق یاد کرنا پڑے گا۔ اگر دنیا اور آخرت کا فائدہ چاہتے ہیں تو جان کی بازی تو لگانے ہی پڑے گی۔ دنیا کے بینک بھرنے کے بجائے ان بینکوں کو بھرنے کی فکر کرنی پڑے گی جہاں سے ہمیں اصل مال منافع کے ساتھ ملے گا۔
نوٹ : ایڈیٹر کا بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں( ادارہ رنگ نو)



































