
صبا آصف
زندگی کی حقیقتیں کبھی کبھاراتنی تلخ اورتکلیف دہ ہوتی ہیں کہ الفاظ بھی ان کے سامنے بے بس ہوجاتے ہیں۔ میری ایک میڈ (مقدس)جو ماں بننے والی
تھی،زندگی کی جنگ ہار گئی۔ اس کی موت نےنہ صرف میرے دل کو چیر کررکھ دیا ہے بلکہ اس کی زندگی کےدیگر المناک پہلو بھی سامنےلا کھڑے کیے ہیں۔ یہ پہلا موقع نہیں تھا کہ اس نے ایک بچے کو جنم دیا ہو۔اس سے پہلے بھی اس کے تین چاربچے دنیا میں آنےسے پہلے ہی اس دنیا سے چلےگئے تھے۔ کبھی پیدائش سےپہلے،کبھی پیدائش کےدوران اور کبھی پیدائش کے کچھ دن بعد ۔۔۔۔پھر فوراًاگلے بچے کی تیاری شروع ہو جاتی تھی۔ میں اسے بہت سمجھاتی تھی کہ اپنی صحت کاخیال کرویا میرے ساتھ چلو ڈاکٹر کوچیک کروائیں لیکن جانے کو تیار نہیں ہوتی تھی بلکہ کہتی کہ پیسےدے دیں میں خود دکھا دوں گی (بےچاری غربت کی ماری پیسے بھی گھر پر خرچ کر دیتی ہوگی۔
یہ ایک دردناک سلسلہ تھا جو باربار اس کی زندگی میں دہرایاجارہا تھا۔ ہربار ایک نئی امید،ایک نئے خواب کی تعمیراورپھراچانک سب کچھ ٹوٹ جانا اورشاید اس کا سب سے بڑاالمیہ یہ تھا کہ اس کا شوہر کبھی اسےہسپتال نہیں لےگیا۔ شاید یہ لاپروائی تھی،یا پھر جہالت لیکن نتیجہ ہربار ایک ہی تھا ایک اور زندگی ختم، ایک اور ماں کی ممتا بےجان اور اس ممتا کی کوکھ میں سانس لیتی دوجانیں بھی اندر ہی دم توڑ گئیں۔
اس حادثے نے یہ سوچنے پرمجبور کردیا ہے کہ آخرکب تک ایسی معصوم جانیں یوں ضائع ہوتی رہیں گی؟ ۔کب تک عورتیں ان جان لیوا حالات کا سامنا کرتی رہیں گی اورکب تک ہمارے معاشرے میں یہ غفلت اورلاپروائی جاری رہے گی؟ زچگی ایک قدرتی عمل ہے،لیکن اس کے دوران مناسب طبی امداد کا نہ ہونا ایک سنگین مسئلہ ہے۔
میری میڈ کی موت ایک یاد دہانی ہےکہ ہمارے معاشرے کو طبی سہولتوں تک رسائی اورشعور کی اشد ضرورت ہے۔ یہ محض اس کی زندگی کا المیہ نہیں بلکہ ہراس عورت کی زندگی کا مسئلہ ہےجوکہ بنیادی صحت کی سہولیات سے محروم ہے۔اس کے شوہرنےشاید سمجھا کہ گھر میں ہی سب کچھ ٹھیک ہوجائے گا لیکن وہ نہیں جانتا تھا کہ اس کی یہ غفلت ایک قیمتی زندگی کو نگل لےگی اور اس عورت کو تو شاید یہ بھی نہیں معلوم تھا کہ اس کی کوکھ میں ایک نہیں دوجانیں پل رہی ہیں ۔
وہ بےچاری اپنے دو بچوں کےساتھ ہی قبرمیں اتار دی گئی اورسب سے بڑا المیہ یہ کہ اس کا شوہر دفنانے کے دو دن بعد آکراس کی موت کا بتا رہا ہےاوراس کے نام پرسب سےامداد وصول کررہا ہے۔ اس کی یاد اس کی تکلیف اور وہ سب دکھ جو اس نے اپنے دل میں سموئے رکھے۔ ہمیشہ میرے دل میں زندہ رہیں گے۔ اللہ اسے جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائےاورہمیں یہ توفیق دے کہ ہم اپنی ذمہ داریوں کوسمجھ سکیں اوراپنے اردگرد موجود لوگوں کی زندگیوں کی حفاظت کر سکیں۔



































