
مہناز ناظم
"بلوچستان کی بیدار عورت، مضبوط پاکستان کی ضمانت" - یہ صرف نعرہ نہیں، ایک حقیقت ہے جس دھرتی کی مائیں بیدار ہوں، وہاں کی نسلیں کبھی غلام
نہیں ہوتیں۔ بلوچستان کی تاریخ گواہ ہے کہ یہاں کی خواتین ہمیشہ حوصلے، غیرت اور محنت کی علامت رہی ہیں۔ آج جب بلوچستان ترقی کی نئی راہ پر گامزن ہے، تو اس سفر کی سب سے بڑی طاقت اس کی بیٹیاں ہیں۔
کوئٹہ، گوادر، تربت سے لے کر دکی اور خاران کے پہاڑی علاقوں تک آج بلوچ بیٹیاں سکول، کالج، یونیورسٹی میں ٹاپ کر رہی ہیں۔ بولان میڈیکل کالج، بلوچستان یونیورسٹی، سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی کی طالبات ثابت کر رہی ہیں کہ تعلیم ہی اصل آزادی ہے۔
ایک پڑھی لکھی ماں دس ان پڑھ ماؤں سے زیادہ بہتر قوم بناتی ہے۔ وہ اپنے بچوں کو صفائی، شعور اور خواب دیکھنا سکھاتی ہے۔ بیدار ماں ہی بیدار قوم کی بنیاد ہے۔
بلوچی کڑھائی، قالین بافی، سوتی کپڑا، دستکاری... یہ صرف ثقافت نہیں، روزگار ہے۔ گوادر اور پسنی کی خواتین ماہی گیری، چھوٹے کاروبار اور اب آن لائن سیلنگ سے گھروں کی کفالت کر رہی ہیں۔ فیس بک، انسٹاگرام پر "بلوچی ہینڈ میڈ " کے نام سے ہزاروں پیجز چل رہے ہیں جن کی ایڈمن بلوچ بیٹیاں ہیں۔
جب عورت باشعور ، بیدار اور خود مختار ہوتی ہے تو پورا گھر، پوری بستی مضبوط ہو جاتی ہے۔ وہ بیٹیوں کی شادی خود کرتی ہے، بیٹوں کو پڑھاتی ہے، اور محلے کی 4 عورتوں کو بھی شعور اور آگہی دیتی ہے۔لیڈی ہیلتھ ورکر سے لے کر ڈاکٹر، نرس اور مڈوائف تک بلوچستان کی بیٹیاں دور دراز علاقوں میں ماں اور بچے کی صحت کی ضمانت بن رہی ہیں۔ جہاں ایمبولینس نہیں پہنچتی، وہاں یہ بیٹیاں پیدل جا کر زندگیاں بچاتی ہیں۔
بیدار عورت اپنے گھر میں صفائی، متوازن خوراک، بچوں کی ویکسینیشن کا شعور لاتی ہے۔ یہی چھوٹا شعور مل کر ایک صحت مند اور مضبوط معاشرہ بناتا ہے۔دین مذہب، اقدارو روایات ،بلوچی زبان، مہمان نوازی... ان سب کی اصل محافظ ماں ہے۔ بیدار عورت اپنی ثقافت کو مٹنے نہیں دیتی، بلکہ اسے نئی نسل تک پہنچاتی ہے۔ وہ بچی کو لوری بھی بلوچی میں دیتی ہے اور اسے یونیورسٹی کا فارم بھی خود فل کراتی ہے۔
جڑوں سے جڑی قوم ہی آگے بڑھتی ہے۔ بلوچ عورت وہ پل ہے جو ماضی کی روایت کو مستقبل کی ترقی سے جوڑتا ہے۔
زرینہ کی کہانی ، ہزاروں بلوچ بیٹیوں کی حقیقی تصویر۔
زرینہ کا تعلق تربت کے ایک چھوٹے سے گاؤں سے ہے۔ آٹھویں کے بعد گھر والوں نے کہا "بس، اب سکول نہیں"۔ وجہ؟ سکول پانچ کلومیٹر دور، راستہ کچا، اور "بیٹیوں کو زیادہ پڑھانا ٹھیک نہیں"۔
زرینہ نے ہار نہیں مانی۔ روز صبح پانچ بجے اٹھتی، پہاڑی راستہ پیدل طے کرتی، میٹرک کیا، پھر انٹر، پھر B.Ed۔ گھر والے ناراض تھے، محلے والے باتیں کرتے تھے۔ "لڑکیاں بگڑ جاتی ہیں" کے طعنے سنتی رہی۔
آج زرینہ اپنے ہی گاؤں کے سکول میں ٹیچر ہے۔ اس کے ہاتھ میں چاک ہے، اور چالیس بچیوں کا مستقبل۔ وہ کہتی ہے: "میں نے پڑھ کر اپنا گھر روشن کیا۔ اب میری ہر شاگردہ ایک چراغ ہے۔ جب یہ 40 چراغ جلیں گے تو پورا گاؤں روشن ہو جائے گا"۔
زرینہ جیسی ہزاروں بیٹیاں بلوچستان کے کونے کونے میں خاموشی سے انقلاب لا رہی ہیں۔ نہ کیمرہ، نہ شہرت، بس خدمت۔ یہی بیدار عورت ہے۔ اور یہی مضبوط بلوچستان کی ضمانت ہے۔مضبوط بلوچستان کا خواب تبھی پورا ہوگا جب اس کی ہر بیٹی سکول جائے گی، ہر ماں بااختیار ہوگی، ہر بہن کو فیصلے کا حق ملے گا۔
حکومت کی ذمہ داری: ۔
دور دراز علاقوں میں گرلز سکول، کالج، اعلی تعلیم اور ہنر کی فراہمی ۔ معاشرے کی ذمہ داری: بیٹی کو بیٹے جتنا موقع دینا، اس کے خواب کو عزت دینا۔
ہماری ذمہ داری: ۔
زرینہ جیسی ہر بیٹی کی حوصلہ افزائی کرنا، اسے اکیلا نہ چھوڑناکیونکہ یہ حتمی سچ ہے کہ بیدار عورت ، مضبوط بلوچستان، مضبوط پاکستان۔آئیں ہم سب مل کر اس ضمانت کو مضبوط کریں۔



































