
عظمی نسیم احمد
بس میں نے کہہ دیا اب اس کینٹین سےکوئی کچھ نہیں خریدے گا،اتنا مہنگا اور بدمزہ کھانا پھرساتھ میں صفائی کا کوئی خیال نہیں۔ اب ہم پوری کلاس ان کا
بائیکاٹ کریں گے اور کالج میں اپنے تمام دوستوں کو بھی آگاہ کریں گے۔ یار حد ہے ۔۔۔ بتاو ذرا کینٹین کے کچن میں چوہے دوڑ رہے ہیں لیکن کسی کو پروا ہی نہیں اور آج تو ہر بات حد سے باہر ہو گئی۔ بریانی میں سے اتنا بڑا اور موٹا کنکر میرے دانتوں کے درمیان آکر میرے دانت کے دو ٹکڑے کر گیا۔ تکلیف سے میرا برا حال ہے۔ میری آنکھوں سے آنسو نکل آئے۔ درد سے لیکن انہیں احساس ہی نہیں ۔ تم لوگ مجھے نہ قابو کرتے تو آج یہاں کسی نا کسی کا سر تو میں نے توڑنا تھا ۔ان کے کینٹین کی حالت بگاڑ دیتا میں ' کالج انتظامیہ ہے تو ان کے کان پر جوں نہیں رینگ رہی ۔ اتنی بے حسی ،اتنی ڈھٹائی کا مقصد کیا ہے۔ انہیں کسی کا خوف نہیں مجھے حیرت ہے ۔ کینٹین اور کالج انتظامیہ سب مجھے ہی قصور وار ٹھہرا رہے ہیں کہ میں نے آنکھیں کیوں بند رکھیں۔ دیکھ کر کیوں نہیں کھایا ۔
مجھے ان کے روئیے پر غصہ تو ہے ہی لیکن مجھے تم لوگوں پربھی حیرت ہےتم سب مجھے ہی خاموش کروارہے ہواورکہہ رہے ہو کہ بائیکاٹ سے کیا ہوگا ۔ وہ سر جھٹکتے ہوئے پھر سے اپنے دانت کو چیک کرنے لگا ' اتنے میں اسی کا کلاس فیلو طنزیہ مسکراتے ہوئے کہنے لگا ،یہ ہم نہیں کہہ رہے یاد کرو آج سے سال بھر پہلے یہ ہی الفاظ تم نے ہم سے کہے تھے کہ " ان غیر ملکی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنے سے کیا ہوگا " ہم تو بائیکاٹ کی افادیت ہمیشہ سے جانتے تھے لیکن تمہیں آج اپنا آپ زخمی ہونے پر اکیلی اپنی ذات کو معمولی حادثاتی تکلیف پہنچنے پر بائیکاٹ کی اہمیت سمجھ آئی حالانکہ یہ غیر ملکی مصنوعات تو پورے فلسطین اور اب لبنان و یمن کے لوگوں کی جان کی دشمن بنی ہوئی ہیں۔ معصوم بچوں کو شہید کرنے اور انہیں معذور کرنے میں ان مصنوعات کا سب سے بڑا کردار ہے ۔ یہ کالج انتظامیہ اور کینٹین آج بے حس نہیں ہوئے۔ انہیں ایک سال قبل بے حس بنانے میں تمہارا بھی بہت بڑا کردار ہے ،اگر تم پچھلے سال ہمارے ساتھ مل کر ان کے خلاف ڈٹ جاتے کہ یہ بائیکاٹڈ آئٹم نہیں رکھیں گے تو آج صورت حال مختلف ہوتی کیونکہ تم ایک صاحب ثروت انسان کے بیٹے ہو ،تمہارے بائیکاٹ سے بہت فرق پڑتا لیکن آج اپنے ایک دانت کے لئے تمہیں بائیکاٹ کی اہمیت سمجھ آئی ۔ مسئلہ یہ نہیں تھا کہ معاشرہ بے حس ہو رہا تھا مسئلہ یہ تھا کہ ایک ایک فرد معاشرے کو بے حس بنا رہا ہے ۔تم غور کرو کہ ارباب اختیار کو بے حس بنانے میں تمہارا کتنا حصہ ہے ؟ ۔ پورے پچھتر سال ساری دنیا کے بے حس جو کرتے رہے وہی تم گزشتہ ایک سال سے کر رہے ہو۔
"جلتے گھر کو دیکھنے والو پھوس کا چھپر آپ کا ہے
آگ کے پیچھے تیز ہوا ہے آگے مقدر آپ کا ہے
اس کے قتل پہ میں بھی چپ تھا میرا نمبر اب آیا
میرے قتل پہ آپ بھی چپ ہیں اگلا نمبر آپ کا ہے "
یہ کہہ کے اس کا ہم جماعت آگے بڑھ گیا ۔سارے ساتھی اسےتاسف بھری نگاہوں سے تک رہے تھے اور وہ اندر ہی اندرجیسے کٹ رہا تھا غزہ کے بہن بھائیوں اور معصوم بچوں کا دکھ آج اسے سمجھ آیا تھا وہ سوچنے لگا کہ کبھی کبھی تکالیف ہمیں جگانے کے لئے قدرت کی طرف سے آتی ہیں اور شکر ہے اس پاک پروردگار کا کہ اسے چھوٹی سی تکلیف سے جگا دیا گیا تھا غفلت کے خواب سے ۔ آج سے اس کی طرف سے بھی بائیکاٹ تھا ،نہ صرف غیر ملکی مصنوعات کا بلکہ بے حسی اور ڈھٹائی کے روئیے کا۔



































