
اَرم نفيس
حضرت ابراہیم علیہ السلام وحدت کاسفیراورحج کا پہلا مسافر۔۔۔ شام کے نیلگوں آسمان کے نیچے، ایک ایسا شہر آباد تھا جہاں ہر دیوار، ہر گلی، ہر
دروازے پربتوں کی حکمرانی تھی۔یہ بابل تھابتوں کاگڑھ۔ اسی تاریکی میں ایک روشنی نمودارہوئی۔حضرت ابراہیم وہ نوجوان تھے،جن کےدل میں اللہ کی وحدانیت کا نور روشن ہوا۔انہوں نےسب سے پہلےاپنےباپ آزرکوسمجھایا،آداب فرزندی کوملحوظ رکھتےہوئےنرمی سےکہا:ابا جان! علم وہی حق ہےجو میرے پاس آیا ہے، میرے پیچھے چلیے، اللہ کے حکم سے میں آپ کو سیدھا راستہ دکھاؤں گا۔"
مگرجب قوم نےانکار کیا تو حضرت ابراہیمؑ نےبتوں کوتوڑکرحق کی للکاربلند کی،وہی للکارجس نےتاریخ کا رخ موڑ دیا۔ اللہ نےانہیں اپنےگھرکی تعمیر کا حکم دیا اور حضرت ہاجرہؑ و حضرت اسماعیلؑ کےذریعےایک ایسا عظیم گھرانہ تشکیل دیا جو قربانی، تابعداری اور توکل کی عملی تصویر بن گیا۔
حضرت ہاجرہؑ کی سعی صفاومروہ کی وہ دوڑآج بھی ہرحاجی کےقدموں میں زندہ ہے۔وہ ایک ماں تھیں جنہوں نےویران میدان میں اللہ پرایسا یقین کیا کہ زمزم پھوٹ نکلا۔ حضرت اسماعیلؑ کی تابعداری بھی کم نہ تھی۔جب باپ نے خواب سنایا تو فوراً عرض کیا: "ابا جان! آپ کو جو حکم دیا گیا ہے ،وہ کیجیے، ان شاء اللہ مجھےصابرپائیں گے۔"
پھر آیا میدانِ عرفات -عرفہ کا دن، جہاں انسان اپنی زندگی کی اصل پہچان کو پاتا ہے، تلبیہ کی صدائیں گونجتی ہیں:
"لبیک اللہم لبیک ۔۔۔"
یہ وہ پکار ہےجو حضرت ابراہیمؑ کی اطاعت کےعزم کو دہراتی ہے۔
اسی عرفہ میں ہوتا ہے "میثاق حج" - جہاں ہر حاجی دنیا کی آلائشوں سے پاک ہو کراللہ سےعہد کرتا ہےکہ وہ اب صرف اسی کا بندہ ہے۔ رمی جمار ہو یا قربانی، ہر عمل حضرت ابراہیمؑ کے گھرانے کی کسی نہ کسی سنت کی یاد دلاتا ہے۔
حج کا اختتام حاجی کے لیے ایک نئی روح کےمانند ہوتا ہے۔ وہ گناہوں سے پاک، ایک نیا انسان بن کر لوٹتا ہے۔حضرت ابراہیمؑ کا یہ ورثہ آج بھی ہر سال لاکھوں دلوں کو بدل دیتا ہے۔



































