
محمد عامرصدیقی
پاکستان کی سیاست اور معاشرت ایک ایسے کھیل کی تصویر پیش کرتی ہے جس میں طاقت کے چند کھلاڑی اپنے مفاد کے لیے پورے میدان پر
قابض ہیں اور عوام جو اصل فریق ہیں ان کی چالوں کےہاتھوں یرغمال۔اس کھیل کی سب سےبڑی قیمت وہ عام پاکستانی اداکرتا ہے جو صبح سے شام تک دو وقت کی روٹی کے لیے محنت کرتا ہے مگر پھر بھی بنیادی ضروریات پوری نہیں کر پاتا۔
آج سیاسی جبر اور آزادیٔ اظہار کی کچلتی حقیقت واضح نظر آتی ہے جبکہ پاکستان میں آزادیٔ اظہارآئینی حق ہے لیکن حقیقت میں یہ سب سے بڑا جرم بن چکا ہے۔ سیاست دان جب طاقتور حلقوں کے بیانیے سے اختلاف کرتے ہیں تو ان پر نیب اور عدالتوں کے دروازے کھل جاتے ہیں صحافی اگر سوال اٹھائے تو اس کا کالم سنسر ہوتا ہےپروگرام بند ہوتا ہے یا وہ خود جبر کا شکار ہوتا ہے پاکستان کی آزادیٔ صحافت میں سچ بولنا کس قدر مشکل اور خطرناک بنا دیا گیا ہے۔
پاکستانی عوام پر طاقت کے کھیل کا سب سےبڑا اثرمعاشی میدان میں نظر آتا ہے۔ جولائی 2023 میں بجلی کی قیمت میں ریکارڈ اضافہ ہوا جس کے بعد عام صارف کے بل 40 فیصد تک بڑھ گئے۔ آٹا اور چینی کی قیمتوں نے متوسط طبقے کو بھی غربت کی لکیر کے قریب دھکیل دیا ہے۔ عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی 40 فیصد آبادی خطِ غربت سے نیچے زندگی گزار رہی ہے۔ کسان زمین پر دن رات محنت کرتا ہے مگر منڈی کے مافیا کے آگے بے بس ہے۔ مزدور کی اجرت مہنگائی کے بوجھ تلے دم توڑ رہی ہے۔ اشرافیہ اور مافیاز کے لیے ٹیکس چھوٹ اور سبسڈی برقرار ہیں جبکہ عوام کو صرف قربانی دینا پڑتی ہے۔
پاکستانی معاشرہ اس المیے کا شکار ہے کہ یہاں انصاف کمزور کےلیے سزا اور طاقتور کےلیے چھوٹ کا دوسرا نام بن چکا ہے۔ عدالتیں جب بڑے سیاسی مقدمات میں فیصلے سناتی ہیں تو یہ تاثر گہرا ہوتا ہے کہ قانون سب کے لیے یکساں نہیں۔ پولیس طاقتور جاگیردار اور وڈیرے کے سامنے خاموش ہے لیکن غریب کے گھر پر دھاوا بولنے میں تاخیر نہیں کرتی۔ تعلیم اور صحت جیسےشعبے مسلسل پس منظر میں ہیں۔ ایک ایسا معاشرہ جہاں عوام کو شعور اور سہولتوں سے محروم رکھا جائے وہاں طاقت کا کھیل ہمیشہ جاری رہتا ہے۔اسی وجہ سے ادارے انصاف اور طاقت کا توازن متوازن نہیں۔
پاکستان میں خوف ایک مستقل ہتھیارہےجوزبان کھولتاہےوہ اکثر لاپتہ ہوجاتاہےاحتجاج کرنےوالوں پر لاٹھی چارج اور گرفتاریاں عام ہیں۔ "ملک دشمن" اور "ریاست مخالف" جیسے القاب ہر اس شخص کو دے دیے جاتے ہیں جو طاقت کے ایوانوں سے سوال کرنے کی جسارت کرے۔ یہ دباؤ ایک اجتماعی خاموشی کو جنم دیتا ہے اور یہی خاموشی طاقت کے کھیل کو تقویت دیتی ہے۔ طاقت کے اس کھیل میں سب سے زیادہ دباؤ ان طبقات پر ہے جو پہلے ہی کمزور ہیں۔ خواتین پر تشدد اور زیادتی کے مقدمات میں انصاف کا حصول تقریباً ناممکن ہے۔ اقلیتوں کو اپنی مذہبی آزادی اور روزگار میں رکاوٹوں کا سامنا ہے۔ لاکھوں بچے غربت کے باعث اسکول نہیں جا پاتے اور دیہی علاقوں میں صحت کی سہولتیں قصے کہانیوں کی طرح ہیں ان سب کا مقصد یہ ہے کہ کمزور طبقات ہمیشہ کمزور رہیں اور طاقتور کو چیلنج نہ کر سکیں۔
پاکستان کے عوام اس وقت تاریخ کے ایک ایسے موڑ پر کھڑے ہیں جہاں ان کی آواز یا تو ہمیشہ کے لیے دب جائے گی یا پھر طاقت کے ایوانوں کو ہلا ڈالے گی یہ ملک اسی وقت آگے بڑھ سکتا ہے جب اظہارِ رائے کو جرم نہیں بلکہ طاقت سمجھا جائے جب انصاف سب کے لیے یکساں ہو اور جب معیشت صرف چند خاندانوں کے بجائے 24 کروڑ عوام کی زندگی سنوارنے کے لیے استعمال ہو۔
طاقت کے کھیل میں دبتی آوازیں ہمیشہ طاقتور کو وقتی کامیابی دیتی ہیں لیکن تاریخ یہ بھی بتاتی ہے کہ ایک دن یہ آوازیں طوفان میں بدل جاتی ہیں۔ پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ اسی طوفان سے ہوگا وہ طوفان جو عوامی صبر کے ٹوٹنے کے بعد اٹھتا ہے اور سب نقلی بیانیے بہا لے جاتا ہے۔
نوٹ : ایڈیٹر کا بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ( ادارہ رنگ نو )



































