
مریم ایوب
دنیا میں کسی قوم کی ترقی یا زوال کا انحصار اس کی نوجوان نسل پر ہوتا ہے۔ نوجوان کسی بھی ملک کا سب سے قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں۔ خوش قسمتی سے
پاکستان اُن چند ممالک میں شامل ہے جہاں نوجوانوں کی تعداد دنیا میں سب سےزیادہ ہے۔ ایک حالیہ رپورٹ کےمطابق پاکستان کی کل آبادی کا تقریباً 64 فیصد حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہےجو 30 سال سے کم عمر ہیں۔ یہ حقیقت ہمارے لیے ایک بہت بڑا موقع بھی ہے اور ایک چیلنج بھی۔
اقبال نے نوجوانوں کو شاہین سےتشبیہ دی تھی۔ اُن کا خواب تھاکہ نوجوان علم، کردار، غیرت اور خوداری کے پیکر ہوں جو بلندیوں کو چھونے والے ہوں، جو دین و دنیا دونوں میں رہنمائی کا سبب بنیں مگر افسوس! آج کا نوجوان شاہین نہیں بلکہ ٹک ٹاکر بن چکا ہے، اُس کا مقصدِ زندگی صرف ویڈیوز بنانا، فالوورز بڑھانا، اور لائکس حاصل کرنا رہ گیا ہے۔
کبھی جو نوجوان کتابوں سے عشق کیا کرتے تھے، آج وہ موبائل اسکرین سےچپک کر بیٹھےہیں۔ کھیل کے میدان سنسان ہیں اورسوشل میڈیا کےپلیٹ فارم آباد۔ وقت جیسی قیمتی نعمت کو فضول مشاغل، فضول گپ شپ اور غیر اخلاقی مواد کی نذر کر دیا گیا ہے۔نوجوانی میں گزر جانے والا وقت پھر واپس نہیں آتا اور بوڑھاپے میں پہنچ کر اگر انسان کو کچھ نہ حاصل ہو تو اس کے ہاتھوں میں صرف ملال بچتا ہے حالانکہ قرآن میں اللہ تعالیٰ نے "والعصر" یعنی "زمانے کی قسم" کھا کر فرمایا۔
"ان الانسان لفی خسر"
(بیشک انسان نقصان میں ہے)۔
یہ آیت ہمیں خبردار کرتی ہے کہ وقت کو ضائع کرنادرحقیقت اپنی زندگی کو نقصان میں ڈالنا ہے۔ وہ قومیں جو وقت کی قدر کرتی ہیں، دنیا میں ترقی یافتہ کہلاتی ہیں مگر ہم وقت جیسی نعمت کی ناقدری میں سب سے آگے ہیں۔اگر ہم نے اب بھی ہوش نہ کیاتو یہی نوجوان نسل جو ملک کا مستقبل تھی،قوم کا ماضی بن جائے گی۔ ہمیں چاہیے کہ ہم نوجوانوں کی صحیح تربیت کریں۔انہیں صحیح مقصد حیات سے روشناس کریں ۔ انہیں اقبال کے شاہین بننے کی راہ دکھائیں اور وقت کے صحیح استعمال کا شعور دیں۔



































