
مریم ایوب
کسی بھی ملک کی ترقی کا دارومدار اس کے تعلیم یافتہ اورقابل نوجوانوں پرہوتا ہے۔قوموں کامستقبل تعلیم کی بنیاد پر سنوارا جاتا ہے۔ کسی ملک میں تعلیم
کی بہتری کا اندازہ وہاں کے تعلیمی اداروں کی کارکردگی سے لگایا جا سکتا ہے۔بدقسمتی سے پاکستان کے سب سے بڑے شہر، کراچی میں تعلیمی نظام شدید ابتری کا شکار ہے۔ ان دنوں نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات جاری ہیں اور ان کی صورتحال بیان سے باہر ہے۔
اگر امتحانی مراکز کا جائزہ لیا جائے تو وہاں بنیادی سہولتوں کا شدید فقدان ہے۔ شدید گرمی میں طلبہ امتحان دینے پرمجبور ہیں لیکن مراکز میں نہ پنکھوں کا مناسب انتظام ہے اور نہ ہی پینے کے پانی کی سہولت دستیاب ہے۔ ٹوٹی پھوٹی ڈیسکیں طلبہ کا مذاق اڑا رہی ہیں اور امتحان کا کوئی معیار باقی نہیں رہا۔
افسوس ناک امر یہ ہے کہ پرچہ امتحان سےایک رات قبل ہی آؤٹ ہو کر طلبہ تک پہنچ جاتا ہےجس کی وجہ سے محنتی طلبہ بھی نقل کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔ امتحانی مراکز میں کھلم کھلا نقل ہو رہی ہےاور بعض اوقات تو اساتذہ خود طلبہ کو نقل کرواتے نظر آتے ہیں۔ ایسے حالات میں ایک محنتی طالب علم کے لیے دیانت داری سے امتحان دینا نہایت دشوار ہو گیا ہے۔
بورڈ امتحانات کا کوئی پرسان حال نہیں، امتحان دینے کے بعد بھی طلبہ سکون کا سانس نہیں لےسکتے کیونکہ نتیجہ مرتب کرتے وقت انصاف کے بجائے من پسند فیصلے کیے جاتے ہیں۔ جسے چاہا جاتا ہے پاس کر دیا جاتا ہے اورجسے چاہا جاتا ہے اس کے نمبر روک دیےجاتے ہیں۔
یوں محنتی اور نقل کرنے والے طلبہ کو ایک ہی صف میں لا کرکھڑا کر دیا جاتا ہےجو کہ تعلیمی اداروں کےساتھ ساتھ قوم کے مستقبل کے ساتھ بھی ایک سنگین مذاق ہےیہی وجہ ہے کہ آج کے نوجوان تعلیم سے بدظن ہوتے جا رہے ہیں کیونکہ انہیں ایک ایسا تعلیمی نظام فراہم نہیں کیا گیا جو ان کی محنت کا صحیح صلہ دے سکے۔ تعلیم انسان کو شعور، سچائی اور ترقی کا راستہ دکھاتی ہے مگر افسوس کہ ہمارے ہاں تعلیم کو محض نمبرز اور مارکس حاصل کرنے کا ذریعہ بنا دیا گیا ہے،آج کا طالب علم شعور سے محروم ہوتا جا رہا ہےاور بورڈ کے امتحانات محض ایک کھیل بن کر رہ گئے ہیں۔
اگر آنے والے سالوں میں اس بگڑتے ہوئے تعلیمی نظام کی اصلاح نہ کی گئی تو پاکستان کا مستقبل شدید تاریکی میں ڈوب سکتا ہے۔ وقت کی سب سے بڑی ضرورت یہ ہے کہ تعلیم کے شعبے میں فوری اور سنجیدہ اصلاحات کی جائیں تاکہ ہمارا نوجوان حقیقی معنوں میں تعلیم یافتہ اور باشعور بن سکے۔
نوٹ : ایڈیٹر کا بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ( ادارہ رنگ نو )



































