
محترم ایڈیٹر صاحب
السلام علیکم
میں آپ کی ویب سائٹ "رنگ نو " کےذریعے اربابِ اختیار کی توجہ ایک نہایت سنگین اورتشویشناک مسئلے کی جانب مبذول کروانا چاہتی ہوں۔ کراچی شہر ان
دنوں ڈمپرزکے باعث ہونے والے خطرناک حادثات کی لپیٹ میں ہے۔تیزرفتاری،غیر تربیت یافتہ ڈرائیورز اورٹریفک قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی نے شہریوں کی جانیں داؤ پر لگا دی ہیں۔
حال ہی میں پیش آنے والا واقعہ جس میں ایک ڈمپرنےایک میاں بیوی کو کچل کر ہلاک کردیا،صرف ایک المناک حادثہ نہیں بلکہ کراچی کی سڑکوں پرموجود بے انتظامی اور بے حسی کی واضح تصویر ہے۔ ایسے واقعات میں کسی کا بیٹا، بیٹی، والد یا والدہ ہمیشہ کےلیےاپنے پیاروں سے جدا ہو جاتا ہے۔
روزانہ درجنوں خاندان اپنے پیاروں کو ان جان لیواگاڑیوں کےہاتھوں کھو رہے ہیں،مگرافسوس کہ اب تک کوئی سنجیدہ اقدامات دیکھنےکو نہیں ملے۔ نہ تو ڈمپر ز پر کوئی مؤثر پابندیاں عائد کی گئی ہیں، نہ ہی ڈرائیورز کی جانچ پڑتال کی گئی ہے اور نہ ہی سڑکوں پر پولیس کی مؤثر نگرانی دکھائی دیتی ہے۔
قانون کے مطابق بھاری گاڑیوں کےلیےمخصوص اوقات،مخصوص راستے اورمخصوص اجازت نامے،فٹنس سرٹیفکیٹ کےساتھ ساتھ ڈرائیورز کی ذہنی کیفیت کی جانچ کے بعد مینٹل ہیلتھ سرٹیفکیٹ بھی ہونے چاہئیں مگر بدقسمتی سے کراچی میں ان قوانین پر عملدرآمد نہ ہونے کے برابر ہے۔ ان بھاری گاڑیوں کا دن کے وقت شہری علاقوں میں چلنا، نہ صرف خلافِ قانون ہے بلکہ سراسر ظلم ہے۔
اگر اب بھی ہم نےآنکھیں بند رکھیں تو یہ بے قابو ڈمپرنہ جانےاورکتنےگھروں کے چراغ بجھا دیں گے۔ نتیجتاً شہریوں میں ڈمپرز کے واقعات پر اشتعال بڑھ رہا ہے اور ڈمپر جلائے جانے کے واقعات رونما ہورہے ہیں ۔ہمیں ایک محفوظ کراچی چاہیے، جہاں شہری سکون سے اپنی زندگی گزار سکیں، نہ کہ ہر بار گھر سے نکلتے وقت یہ سوچنا پڑے کہ وہ واپس لوٹیں گے بھی یا نہیں۔
مریم ایوب / گلشن اقبال کراچی



































