
مریم ایوب
دو دن سے کچھ نہ کھایا نہ پیا،اب ہاتھ میں کیلولا لگ رہا تھا۔ میں نےتکلیف کے باعث اپنی آنکھیں بند کر لیں۔امی دوسرا ہاتھ پکڑ کر پیار سے سلانے لگیں
کہ درد کی شدت کچھ کم ہو ۔بابا بار بار آکر دعائیں پڑھ کر پھونک رہے تھے ۔چہرے سے صاف پریشانی واضح تھی کہ ان کی ننھی سی جان دو دن سے بیمار ہے ۔
دوائی کے اثر سے طبیعت کچھ سنبھلی ۔آنکھیں کھولیں تو دونوں پھر وہیں موجود تھے۔پریشان آنکھیں پھر مجھ سے دریافت کر رہی تھی کہ اب طبیعت کیسی ہے؟ امی نے کچھ کھلایا تو ہمت آئی اور طبیعت سنبھلنے لگی، فوراً ہی دونوں کے چہرے پراطمینان نظر آیا لیکن وہ ہسپتال کے بستر پر شدید زخمی حالت میں پڑی تھی۔ درد سے آہیں نکل رہی تھیں لیکن قریب میں چپ کر انے والا کوئی پیارا نہ تھا۔
کہیں دور سے دھماکے کی آواز آئی ۔ ہسپتال میں زخمیوں کی لائن لگ جاتی ہے۔دور کہیں کوئی ان معصوم زخمیوں کا ہاتھ سہلانے والا بھی نہیں!!! یہ ہی منظر غزہ سے آنے والی بے شمار ویڈیوز بیان کررہی ہیں جن کو ہم پورا دیکھ بھی نہیں پارہے لیکن وہاں موجود ہمارے جیسے انسان ان تمام تکالیف سے گزر رہے ہیں ۔۔۔بجلی ،پانی ،گیس بند کرکے انہیں ہر طرح سے قید کردیا گیا ہے ،کہیں سے زوردار آواز آئے تو بس وہ اطمینان سے کلمہ پڑھ لیتے ہیں کہ اب اس امتحان گاہ سے جانا ہے۔ آنکھ دوبارہ جنت میں کھلے گی ۔غزہ کے ہسپتال میں موجود وہ زخمی بچی جس کے قریب نہ اس کا باپ ہے ،نہ ماں اپنی آخری سانس لینے سے پہلے مسکراتے ہوئے ہمیں ایک ہی بات کہی رہی ہےکہ ہم تو اپنے امتحان میں کامیاب ہو گئے۔
تم کہاں کھڑے ہو؟
تم کہاں کھڑے ہو ؟



































