
مہوش ریحان
"کیا ہوا ہے تمہیں ؟ ادھر دیکھو ، تم پریشان ہو،تمہاری آنکھوں میں آنسو کیوں ہیں ، مجھے بتاؤ ناں آخر ہوا کیا ہے "
سعد نےبے چینی سےعمارہ کو دیکھتے ہوئے کہا۔عمارہ نے آنکھوں کو رگڑتے ہوئے نفی میں گردن ہلائی ۔
" پھر یہ بن بادلوں کے برسات کیوں برس رہی ہے"
سعد نے محبت سے عمارہ کو ہنسانے کی کوشش کرتے ہوئے کہا لیکن عمارہ کے آنسو دوبارہ سے بہنے لگے ۔
"بھئی کچھ بتائو تو سہی آخر ہوا کیا ہے " سعد نے دوبارہ ناکام کوشش کی ۔
سعداورعمارہ کی شادی کوصرف دو ماہ ہوئےتھےاوراس دوران عمارہ نےکبھی کسی چیزکی کوئی شکایت نہیں کی تھی ۔ ہمیشہ ہنستی مسکراتی، چلتے پھرتے سب کی مدد کرتی محبت اور احترام سے سب کے دل جیتنے والی عمارہ کو آج جانے کیا ہوا تھا ۔سعد سوچ رہا تھا صبح تو ہم سیر کے لیے نکلے تھے جب تو سب ٹھیک تھا واپسی پر اپنے علاقے کےسب سے مشہور اسٹور سے کچھ سامان خریدا جہاں عمارہ کو خاص پروٹوکول ملا ۔ آخر وہ اس اسٹور کے مالک کی نئی نویلی دلہن تھی ، بس واپسی پر ہی عمارہ کچھ بجھی بجھی سی تھی۔ سعد کو عمارہ کی اداسی کی کوئی وجہ سمجھ نہیں آ رہی تھی ۔
شام کو سعد عمارہ کو اس کے امی ابو سے ملوانے لے گیا ۔ عمارہ کی امی نے بھی عمارہ کی اداسی کومحسوس کیا ۔مرد نماز کےلیےگئے،بس موقع دیکھتے ہی انہوں نے اس بارے میں عمارہ سے پوچھا ، جواب میں عمارہ نے رونا شروع کردیا۔امی کے تو ہاتھ پاؤں پھول گئے ، کئی وسوسے دل میں پیدا ہونے لگے ۔ گلے لگا کر پیار سے اس کا ماتھا چوما اور پوچھا،" سعد سے کوئی ناراضی ہےیا گھر میں کسی نے کچھ کہا ہے" ۔عمارہ نے نفی میں سر ہلایا ، پھر بولی " میں آج ان کے ساتھ اسٹور گئی تھی وہاں پر ہر طرف ۔۔۔۔۔"عمارہ چپ ہوگئی۔۔۔آنکھوں میں پھر آنسو آگئے ۔ " کیا ہوا تھا ،بتائو تو سہی "امی نے پریشانی سے پوچھا، " وہاں ہر طرف ایسا محسوس ہوتا جیسے بچوں کے چیخنے چلانےکی آوازیں سنائی دے رہی ہوں ، چنگھاڑتے ہوئے جنگی جہاز ، لہو لہو بچے ، بلکتی ہوئی مائیں اور بہت سی کفن میں لپٹی لاشیں۔۔ حیرانی ، غم اور دکھ سے میری طرف دیکھ رہی تھیں اور مجھ سے سوال کررہی تھیں کہ تم لوگ! تم مسلمان !ہمارے اپنے لوگ ! تم تھوڑے سے دنیاوی فائدے کے لیے ہمارے دشمنوں کو ہمارے خلاف ہتھیار فراہم کرنے میں مدد دے رہے ہو ۔ہمارے دشمنوں کی بنائی ہوئی چیزیں خرید کر انہیں مضبوط کررہے ہو ۔ کیوں ؟ آخر کیوں ؟ " اتنا کہ کر عمارہ پھوٹ پھوٹ کر رونے لگی ۔ امی بھی چپ چاپ اسے دیکھ رہی تھیں۔کمرے کے دروازے میں کھڑے سعد کے قدم زنجیر ہو گئے تھے۔ وہ سوچ رہا تھا کہ کتنے ہی لوگوں نے اسے بائیکاٹ کی طرف توجہ دلائی تھی مگر سعد نے وہ باتیں ہوا میں اڑا دی تھیں مگر آج اس رندھی ہوئی آواز میں آخر کیا تھا کہ وہ بھی عمارہ کے ساتھ مسلمان بچوں اور اور ان کی ماؤں کی سسکیوں کو محسوس کر رہا تھا اور دل ہی دل میں خود سے عہد کررہا تھا ، "بس اب اور نہیں ۔ اب میں ہر گز ظالموں کا مددگار نہیں بنوں گا"۔



































