
ثانیہ نیاز/ کراچی
پاکستان کا سب سےبڑا شہر،روشنیوں کا نگر،معیشت کی ریڑھ کی ہڈی—کراچی جو ہمیشہ سب کے لیے اپنی بانہیں کھولے کھڑا رہا۔ تقسیمِ ہند کے بعد
مہاجرین نے پاکستان کا رخ کیاتو کراچی نےانہیں پناہ دی۔ جب اندرونِ سندھ میں سیلاب سےتباہ کاریاں ہوئیں توکراچی نےمتاثرین کوخوش آمدید کہا۔ جب پشتون یہاں پہنچے تو کراچی نے انہیں اپنے دامن میں جگہ دی۔ جب بہاریوں کو جگہ چاہیے تھی تو کراچی نے اپنا سایہ پیش کیا اور جب کاروباری طبقے نے منافع کی تلاش میں رخ کیاتو کراچی نے اپنی گلیوں اور بازاروں کو ان کے لیے وسیع کر دیا۔
یہ شہر ہر قوم، ہر رنگ، نسل اور مذہب کے لوگوں کامسکن بنامگرسوال یہ ہےکہ کیاکوئی کراچی کابھی ہوا؟اگرصفائی کی ہی بات کریں توہاں میں نے دیکھی ہے صفائی۔ صبح سویرے جب کچھ لوگ کراچی کی سڑکوں پر جھاڑو لگاتے ہیں، تب سڑک تو صاف ہو جاتی ہے مگر فٹ پاتھ پر مٹی کےڈھیر جوں کے توں رہتے ہیں جیسے کسی ہوا کے جھونکے کے انتظار میں ہوں کہ کب وہ انہیں دوبارہ سڑک پر بکھیر دے۔
ہاں میں نے دیکھی ہے صفائی۔ وہ صفائی کرنےوالی گاڑی جوسڑک پردوڑتی ہے۔سڑک کا توپتا نہیں لیکن فضا میں مزید گرد و غبار پھیلا دیتی ہے۔آلودگی کو بڑھاتی ہے اور سانس لینے کو مزید دشوار بنا دیتی ہے۔ہاںمیں نے دیکھی ہے صفائی جب میں نے ایک شخص کو سڑک پر پڑے کچرے کو اکٹھا کرتے دیکھاتو دل میں خوشی کی ایک لہر دوڑ گئی مگر یہ خوشی پل بھر میں ختم ہو گئی جب دیکھا کہ اسی کچرے کو چند قدم دور جا کر نالے میں پھینک دیا گیا۔
کراچی کی گلیوں اور شاہراہوں پر چلتے ہوئےمیں نےوہ پل دیکھا جوچند سال پہلےمکمل ہوا تھا مگراس کا ایک نچلا حصہ رنگ و روغن ہونےسے پہلے ہی لوگوں نے اسے اپنے تھوک سے "رنگین" کر دیا تھا۔ جیسے یہ دیواریں اور سڑکیں ان کے لیے نہیں بلکہ کسی اور کے لیے بنائی گئی ہیں،انہیں گندا کرنا ان کا حق ہے مگر شکر کہ وہ چند دنوں میں بہت بہتر ہو گیا۔
دل کو تسلی دینےکی کوشش میں تھی کہ برابر والی گاڑی کا شیشہ نیچے ہوااورجوس کاخالی ڈبہ سڑک پرپھینک دیا گیا۔چمچماتی گاڑی تھی مالک کےلیے اس کی صفائی بے حد ضروری تھی، چاہے اس کے بدلے پورا کراچی گندا ہو جائے۔چند مہینے پہلے تک ہمارے گھر سے چند قدم کے فاصلے پر ایک کچرے کا ڈبہ ہوا کرتا تھا۔ روزانہ کچرا اٹھانے والی گاڑی آتی مگر اس میں بیٹھے ملازمین اپنی گاڑی میں بیٹھے بیٹھے صرف ایک سرسری نظر ڈالتے۔ جب تک کچرا ڈبے سے ابل کر باہر نہ گرنے لگ جائے وہ اسے اٹھانے کی زحمت نہ کرتے۔
اب وہ لوگ جنہوں نے کراچی میں تعلیم حاصل کی جو مزید ترقی چاہتے ہیں وہ اس شہر کوچھوڑ کر جا رہے ہیں مگر کیوں؟ کیا صرف اس لیے کہ آپ کا اس شہر سے کام ختم ہو چکا ہے؟ یا پھر اس لیے کہ اب یہ شہر آپ کو وہ سب نہیں دے رہا جو پہلے دیتا تھا؟جب آپ کو ایک چھت کی تلاش تھی تو کراچی نے پناہ دی۔ آپ کا بچپن یہیں گزرا آپ نے یہاں خواب دیکھے، پروان چڑھےاور اب، جب اس شہر کو آپ کی ضرورت ہے، آپ اسے چھوڑ رہے ہیں؟کیا اب وہ وقت نہیں آیا جب آپ کراچی کی ضرورتیں پوری کریں جیسے اس نے آپ کی کی تھیں؟
یہی وہ شہر ہے جو ہر طرح کے لوگوں کو اپناتا رہا، سب کو سہارا دیتا رہا، سب کے لیے پناہ گاہ بنا مگر آج بھی یہ ایک سوال بنا کھڑا ہے:"کیا کوئی کراچی کا بھی بنا؟"۔



































