
ماہ نور جمشید / کراچی
گیارہ مئی سن دوہزار پچیس کا دن—پاکستان کی تاریخ کا ایک اور سیاہ باب رقم کرگیا ۔ بلوچستان کے پسماندہ شہر خضدار میں علم کے راستے پر رواں
ایک اسکول بس کواس وقت نشانہ بنایا گیا جب معصوم بچےاپنی کتابوں اورخوابوں کےساتھ اسکول جا رہےتھے۔صبح سات بجکر چالیس منٹ پرہونے والے اس حملےمیں سات افراد جاں بحق اورچالیس سےزائد زخمی ہوئے۔ یہ ایک مکمل خودکش حملہ تھا جس میں حملہ آورنےدھماکہ خیزمواد سےبھری گاڑی اسکول بس سے ٹکرا دی۔
مرنےوالوں میں چاربچے شامل تھے۔ ان کےعلاوہ بس کا ڈرائیوراورسیکیورٹی گارڈاجاں بحق ہوگئے،جبکہ حملہ آور کےہلاک ہونےکی بھی اطلاع ملی ،متعدد بچوں کی حالت اب بھی تشویشناک ہے۔ ان میں سے کئی بچےشدید جھلس چکے ہیں اور نفسیاتی طور پر ٹوٹ چکے ہیں۔ اسپتالوں کے باہر والدین کے ہجوم، آنکھوں میں آنسو، دل میں خوف لیے کھڑے تھے۔
یہ حملہ اُس وقت ہوا جب اسکول بس آرمی پبلک اسکول خضدارجا رہی تھی— وہی نام، جوہمیں 2014 کےپشاورحملےکی یاد دلاتا ہے۔ایک بارپھر دشمن نے ان بچوں کو نشانہ بنایا جن کے ہاتھ میں ہتھیار نہیں قلم تھے،جنہوں نے کبھی نفرت کا سبق نہیں پڑھا تھالیکن خود نفرت کا نشانہ بن گئے۔
پاکستانی حکام نے اس حملے کی ذمہ داری بھارت پرعائد کی ہے۔ان کاکہناہےکہ بھارت بلوچستان میں دہشت گردگروہوں کوسپورٹ کررہاہےتاکہ پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کیا جا سکے۔ بھارت نے ان الزامات کو "بے بنیاد اور سیاسی" قرار دے کر مسترد کر دیا ہے ۔ تاحال کسی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی لیکن شبہ بلوچ علیحدگی پسندوں پر کیا جا رہا ہے، جو ماضی میں بھی سیکیورٹی فورسزاورتعلیمی اداروں کونشانہ بناتےرہے ہیں۔
سوال یہ ہے کہ ہم کب تک الزامات کےکھیل میں وقت ضائع کرتےرہیں گے؟اگردشمن حملہ کرنےمیں کامیاب ہو گیا،توہمارے ادارے،ہماری انٹیلیجنس اور ہماری فورسز کیا کر رہی تھیں؟ خضدار جیسے حساس علاقے میں جہاں سیکیورٹی فورسزکی بھاری موجودگی ہوتی ہے، وہاں ایک خودکش حملہ آور اتنی آسانی سے بچوں کی بس کے قریب کیسے پہنچ گیا؟
خضدار میں غم وغصےکی فضا ہے۔شہداء کے جنازےاٹھےتو پوراشہررویا۔ایک ماں چیختی ہوئی کہہ رہی تھی،"میرا بیٹا اسکول گیا تھا، جنگ پر نہیں۔" لوگوں نے احتجاج کیا، سڑکیں بلاک کیں اور حکومتی بے حسی کے خلاف نعرے لگائے۔ خضدار کے عوام کا مطالبہ واضح ہے: وہ صرف مذمت نہیں، انصاف چاہتے ہیں۔
سوشل میڈیا پر اس واقعےنےعوامی ردِعمل کی ایک لہرپیدا کی۔ لوگوں نےبچوں کی تصویریں شیئرکیں،حکومت سے سوالات کیےاورمطالبہ کیا کہ اصل مجرموں کو سامنےلایا جائے۔
یہ واقعہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ دہشتگردی اب بھی ایک زندہ حقیقت ہے۔ ہم نےاگرچہ ضربِ عضب اورردالفساد جیسےآپریشنز کیےلیکن جب تک ہم دہشت گردی کے نظریاتی، مالی، اور تنظیمی ڈھانچوں کو جڑ سے ختم نہیں کریں گے،ایسے سانحات دہرائے جائے رہیں گے۔
یہ وقت ہے اپنے نظام کا جائزہ لینے کا۔ اسکولوں کی سیکیورٹی، بسوں کےراستےاورخطرے کی پیشگی اطلاعات—یہ سب اگرپہلےسےبہتر ہوں تو شاید آج کچھ بچے زندہ ہوتے۔ ہمیں ان بچوں کی قربانی کو صرف ایک اور حادثہ سمجھ کر فراموش نہیں کرنا چاہیے۔اگر ہم خاموش رہے تو تاریخ ہمیں معاف نہیں کرے گی۔
یہ سانحہ صرف خضدار کے بچوں کی نہیں، پوری قوم کی شکست ہے۔ گرآج ہم نےاس حملےکوسنجیدگی سے نہ لیا،مجرموں کوکٹہرے میں نہ لائے اور اپنی کوتاہیوں کا اعتراف نہ کیا تو ہم آنے والی نسلوں کے مجرم ہوں گے۔ قومیں صرف دشمنوں سےنہیں،اپنی غفلت سے بھی مٹتی ہیں۔آج بھی وہ بس، وہ جلتی ہوئی کتابیں، وہ خون آلود یونیفارمز، ہماری بے حسی پر ماتم کر رہی ہیں۔ سوال صرف اتنا ہےکہ کیا ہم جاگیں گے؟ یا پھر کسی اور صبح، کسی اور بس میں، پھر سے آنکھیں نم ہوں گی؟
نوٹ : ایڈیٹر کا بلاگر کے خیالات سے متفق ہونا ضروری نہیں ( ادارہ رنگ نو )



































