
اسماء گل /بھکر
چھ اگست کا دن دنیا کی تاریخ میں ایک ایسےواقعے کی یاد دلاتا ہے جس نے نہ صرف جاپان بلکہ پوری انسانیت کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا۔ 1945 میں دوسری جنگ عظیم کےدوران امریکا نےجاپانی شہرہیروشیما
پر ایٹم بم گرایا، جس کے نتیجے میں چند لمحوں میں لاکھوں انسان لقمۂ اجل بن گئے، شہر تباہ ہو گیا، زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی۔ اس کےتین دن بعد ناگاساکی پر بھی ایٹم بم گرایا گیا۔ ان دونوں حملوں نے دنیا کو دکھا دیا کہ ایٹمی طاقت اگر جنگ کے لیے استعمال ہو تو اس کے نتائج کتنے بھیانک ہو سکتے ہیں۔ یہ نہ صرف جسمانی تباہی تھی بلکہ اخلاقی اور انسانی اقدار کا بھی قتل عام تھا۔
ہیروشیما ڈے ہمیں یاد دلاتا ہےکہ طاقت کا اندھا استعمال انسانیت کو کہاں لےجاسکتا ہے۔ آج بھی اس حادثے کے اثرات زندہ ہیں جو لوگ اس تباہی سے بچ گئے، وہ آج بھی بیماریوں اور ذہنی صدمات کا شکار ہیں۔ یہ دن دنیا کو یہ پیغام دیتا ہے کہ ایٹمی ہتھیار انسان کے لیے تحفظ کا ذریعہ نہیں بلکہ خود اس کے وجود کے لیے خطرہ ہیں۔ اس دن کی یاد منانا محض ایک رسم نہیں ہونی چاہیے بلکہ ایک عہد ہونا چاہیے کہ ہم بطور انسان جنگ، نفرت اور تباہی کے بجائے امن، بھائی چارے اور محبت کا راستہ اپنائیں گے۔
ہمیں اس دن کو اس عزم کے ساتھ یاد رکھنا چاہیےکہ ہم کسی بھی قیمت پردنیاکوایٹمی جنگ کی طرف جانےسےروکیں گے۔ تعلیمی اداروں میں امن کی تعلیم، میڈیا پر شعور کی مہم، عالمی سطح پر ہتھیاروں کی دوڑ کے خلاف آواز اٹھانا — یہ سب ہماری ذمہ داریاں ہیں۔ آئندہ نسلوں کو ایک محفوظ، پرامن اور بہتر دنیا دینے کے لیےضروری ہے کہ ہم ماضی کی ان غلطیوں سے سبق سیکھیں اور مستقبل کی سمت درست کریں۔ہیروشیما کا درد انسانیت کا درد ہےاور اس کا پیغام واضح ہے: جنگ کبھی حل نہیں، امن ہی راستہ ہے۔



































