
صبا احمد
علامہ اقبال کا شعر
پیوستہ رہ شجر سے امید بہار رکھ
اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ امید پر دنیا قائم ہے ، امید نو ۔۔۔۔اچھی امید آپ کو جہد مسلسل پر قائل کرتی ہے ۔یہ آپ کے خوابوں کی تعبیر ممکن
بنا سکتی ہے اللہ تعالی ٰکے حکم سے کیونکہ مایوسی گناہ ہے ۔۔۔۔۔2025کے چند اہم واقعات 2026کے لیے خوش خبری،خوش حالی اور کامیابی کامرانی کے پیامبر ہوسکتے ہیں ۔
2025 میں سب سے اہم معرکہ "بنیان مرصوص "تھا ،بھارت نے ماہ مئی میں پاکستان پر اچانک اسرائیلی ڈرونز سے حملے کیے اور پاکستان نے معرکہ بنیان مرصوص پانچ چھ گھنٹے میں کر کے اس کو ایسا منہ توڑ جواب دیا کے اس کی فوج کے چھکے چھڑا دیے، اسرائیل اور امریکا سمیت دنیا ششدر رہ گئی کہ پاکستان ایٹمی پاور تو تھا مگر فضائیہ کے جہازوں نےاور اس کے میزائل ٹیکنالوجی نے ایسی تباہی مچائی کہ رافیل جیسے تیز رفتار طیارے تباہ کردیے ۔
بھارتی میزایل اور ڈرونز ناکارہ کردیے ۔ پھر سعودی عرب کے ساتھ فوجی اتحاد کا معاہدہ ہوا ۔جنرل عاصم منیر فیلڈ مارشل بن گئے ،مختلف ملکوں کے دوروں سے زر مبادلہ کمایا ۔ اسلحہ کی فروخت سے ۔۔۔۔27 ویں ترمیم سے تاحیات جنرل اور پی پی ،پی پارٹی کے صدر آصف علی زرداری تاحیات صدر یہ سب فیصلے سیاسی پارٹیوں اور قومی اسمبلی کے ہیں، اس میں عوام کا کوئی عمل دخل نہیں ۔۔۔۔
عوام مہنگائی اور غربت کی چکی میں خوب پیسے رہے ۔ بہت فخر سے کہا جاتا ہے ہمارے پاس 60 فیصدیوتھ ہے ،یہ نہیں بتایا جاتا کتنے فیصد بے روزگار ہیں ۔پڑھے لکھے نوجوان فوڈ پانڈا رائیڈر کے طور پر کام کرنے پر مجبور ہیں ۔ صورتحال سے مایوس ہو کر نوجوان بیرون ملک جانے پر مجبور ہو رہے ہیں ۔تعلیم مہنگی اور سپانسر شپ کے حوالے کر دی گئی ۔پی آئی ۔اے اور ریلوے پرائیویٹائز کر دیے گئے ۔کرا چی کچرے کا ڈھیر بنا دیاگیا ہے ، میئر شپ کہیں نظر نہیں آتی ۔سب سے زیادہ ریونیو ینے والا شہر بے یار و مددگار ہے ۔ بجلی گیس کی لوڈ شیڈنگ اور پانی سے محروم کردیا گیا ہے ۔۔۔تجارتی اقتصادی صنعتی اور زرعی ترقی نقصان پر چل رہی ہے،ملک خسارے میں ہے اور آئی ایم ایف کے قرضوں میں ڈوبا ہوا ۔
اب 2026 معاشی اور معاشرتی ترقی کے تمام وسائل بروئےکار نے ضروری ہو چکے ہیں ۔ جنریشن زی اس وقت سخت مایوسی کا شکار ہے اگر وہ قرآن و سنت کو مضبوطی سے تھام لے اور اخلاقیات کو بہتر بنائے ،انیےمعاشرتی رویوں اور قدروں کی پیروی عفو ودر گزر ،ایمانداری سچ اور عدل و انصاف کے ساتھ کریے تو مسائل کا حل ممکن ہے ۔
سیاسی استحکام کسی بھی ملکی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی ہوتا ہے ،ہم نے کیا کھویا یا پایا، اس کا تعین اس بات پر کریں کہ جو گزر گیا اس پر پچھتانا نہیں غلطیوں کو دہرانا نہیں بلکہ بہتر کرنا ہے، اگلا سال اللہ تعالیٰ کے بتائے ہوئے راستے پر چل کربہتر صورتحال لا سکتے ہیں ، عوام پھر بھی ناامید نہیں، ہر شعبے میں کرپشن کے باوجود ٹیکس کی زیادتی کے باوجود پاکستان سے محبت کرتے ہیں ۔
نوجوان پاکستان میں رہنا چاہتے ہیں، جیسے بھی حالات ہوں وہ وطن سے پیار کرتے ہیں جو کلمہ طیبہ پر حاصل کیا گیا تھا ۔علامہ اقبال کی تصور پاکستان کی تعبیر اور قائد اعظم کی ان تھک کوششوں کا ثمر ہے ۔
بقول علامہ اقبال
ذرا نم ہو تو یہ مٹی
بڑی زرخیز ہے ساقی
یہ ملک چند اچھے لوگوں کی دعاؤں کا ثمر ہے ۔ہزاروں مسلمانوں کی قربانیوں کا ثمر ہے ،یہ ملک ان ہی قربانیوں کے سبب قائم ہے ۔آزادی کے ثمرات ہمیں خوشحال کر سکتے ہیں ۔قائد اعظم کے اقوال زریں ایمان اتحاد اور تنظیم پر عمل پیرا ہو جائیں تو دنیا کی کوئی قوم ہمیں مات نہیں دے سکتی کیونکہ یہ شہداء ، ماؤں بہنوں اور بیٹیوں کا دیس ہے ۔


































