
عائشہ جمیل
یہ کہانی صرف کہانی نہیں ،اس میں بہت زیادہ سبق ہیں، خاص طور پر ایک لڑکی کےلئے حالانکہ اب تو بیشتر ایسے واقعات ہوتے ہیں
لیکن بتانے کی ہمت کوئی نہیں کر پاتا ۔آج میں آپ کو ایسی ہی کہانی سنا رہی ہوں۔میری ایک ساتھی دوست ہے وہ بتاتی ہیں کہ انہیں آرمی پر بہت کرش تھا ،بہت سی لڑکیوں کو ہوتا ہےکیونکہ جہاں پاکستان آرمی کا نام آئے وہاں پاکستانی ضرور تعظیم کرتے ہیں۔ خیر وہ 15 سال کی تھیں یعنی کہ ابھی بچی تھیں، آج کل کے بچے میچور ہوتے ہیں لیکن وہ سادہ دور کی بچی تھی، اس دور کے بچے بچے نادان ہوتے تھے ،وہ اب بڑی ہو چکی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ میں 15 سال کی تھی ہمارے گھر میں ایک موبائل ہوتا تھا چھوٹا نوکیا کااور ایک بڑا موبائل بھی تھا جو میرے بھائی کا تھا اور اسے کم و بیش ہی کوئی ہاتھ لگاتا تھا ،سو سارے نوکیاہی استعمال کرتے تھے ۔ایک دفعہ انہیں رانگ نمبر سے میسج آیا تو میری ساتھی نے انہیں جواب دے دیا جب انہیں پتا چلا کہ یہ لڑکی ہےجس نے میرا جواب دیا تو وہ وہی جاہل مردوں والی فطرت پر اتر آیا، اس نے کہا کہ میں آرمی میں ہوں۔ بس وہیں میری ساتھی ڈھے گئی، ہر لڑکی کی طرح وہ بھی خود کو خوش قسمت سمجھنے لگی کہ واہ میرے ساتھ ایک آرمی بوائے بات کر رہا ہے ،اس کی خوشی کا ٹھکانہ نہ رہا۔ تھوڑی سی بات ہوئی اور دوسرے دن صاحبزادے کا دوستی کا میسج آگیا۔۔ میری ساتھی نے بھی دماغ لڑا لیا اور کہا کیسے مان لوں تم آرمی میں ہو، اس نے کہا واٹس ایپ نمبر دو میں تصویر سینڈ کرتا ہوں لیکن اس کے پاس واٹس ایپ نہیں تھا سادہ موبائل جو تھا،اس نے کہا اوکے اوکے ٹھیک ہے اور وہ دونوں دوست بن گئے ۔تقریبا ًچھ ایک سال بات ہوتی رہی ،دن رات ویسے ہی جیسے لڑکا لڑکی کی ہوتی ہے اور مرد اپنی فطرت سے مجبور دوستی سے نکلی محبت پر اتر آیا لیکن اللہ جسے نکالنا چاہے اسے نکال ہی دیتا ہے ۔غلطی اس سے یہ ہوئی کہ اس کے ہاتھ جس کا فون لگتا تھا۔ اسی کے نمبر سے اس لڑکے کو میسج کر دیتی تھی۔
جو یقینا ًبعد میں اسے بہت مہنگاپڑنے والا تھا ۔خیرکوئی سال بعد میری ساتھی نےایک کورس کرنا شروع کیا اور وہ تھا قرآن کی تفسیر قرآن کا گہرائی سے مطالعہ جب اسے پتا چلا کہ یہ سب حرام کام ہیں اور اللہ اسےسخت نا پسند کرتا ہے تو اس نے چھوڑنے کا فیصلہ کیا اور اللہ کی رضا کے مطابق زندگی گزارنے کا فیصلہ کیا۔ اس نےلڑکے سے بڑی شائستگی سے معذرت کر لی کہ اب ہمارا رابطہ نہیں ہو سکتا۔ آپ کو کیا لگتا ہے سب یہاں پر ختم ہو گیا ہو گا ؟؟؟ ناں۔۔ اب ہی تو اصل معاملہ شروع ہوا ۔اس لڑکے نے اسے بلیک میل کرنا شروع کیا جو کہ ہر بوائے فرینڈ یا گرل فرینڈ کرتے ہیں۔
حرام تعلقات ایسے ہی ہوتے ہیں ۔ اس لڑکے نے بچی کو بہت ہراساں کیا ،وہ صرف 15 سال کی تھی آج کی دس سال کی بچی جتنی سمجھ لگا لیں۔ اتنا اس نے اسے بلیک میل کیا ،اتنی دھمکیاں دیں کہ وہ گھبراہٹ اور خوف کے مارے بیمار ہو کر آئی سی یو پہنچ گئی، اتنا روتی تھی کہ بس۔۔۔ لگتا تھا ابھی مر جائے گی۔ اس نے سم نکال کر پھینک دی لیکن کیا فائدہ ۔۔ اس نے ہر اس نمبر پر میسج کئے جو میری ساتھی نے اسے میسج کرنے میں استعمال کئے تھے اور اس کی عزت کا جنازہ نکل رہا تھا اور وہ صرف دیکھ رہی تھی اتنی چھوٹی عمر میں طرح طرح کے سوالات ہونے لگے اور زبان صرف خاموش ۔ کسی کے ذریعے سے اس نے اس لڑکے کی ڈیٹیلز نکلوائیں تو پتا چلا وہ کبھی آرمی میں تھا ہی نہیں ،اس نے بس اسے ٹریپ کرنے کے لئے آرمی کا نام استعمال کیا۔
پتا چلا صاحب زادے کی عمر بھی 26 سال ہے جو 20 کے بنے پھر رہے تھے، 10 سال بڑے ہو آپ لڑکی سے کچھ تو خدا کا خوف کرو بھائی۔۔۔ خیر اس کا رو رو کر برا حال ،اس نے رو رو کر اللہ سے دعائیں مانگی معافیاں مانگیں ، پھر بھی اگلے ایک سال تک وہ لڑکا میسیجز کرنے سے بعض نہیں آیا ی،عنی کے آن لائن دوستی اور رانگ نمبر پر رپلائی اتنا بھاری پڑ گیا۔ کسی کے اوپر اتنا بوجھ نہ ڈالو کہ وہ آپ کے مرنے کی دعائیں اور آپ کے مرنے کا شدت سے انتظار کرنے لگے۔ اس کے پاس کوئی راستہ نہیں تھا سوائے اس کی موت کی دعا کرنے کے۔۔ شاید اسی طرح بعض آجائے،حالانکہ ان کا میٹ اپ کبھی نہیں ہوا لیکن کہنے والے بدکار کہہ کر گزر جاتے ہیں۔ یہ ہوتی ہے آدھی موت ۔۔ زندہ جسم کی مردہ روح ۔
اتنا ہراساں؟ اتنا بوجھ؟ اتنی اذیت؟؟ او ہ اللہ کے بندے اللہ کو کیا جواب دو گے؟؟ ؟؟ تم انسان ہوتم کون ہوتے ہو کسی کی عزت اپنے ہاتھ میں لینے والے۔۔ ؟؟ خدا سے ڈرو ابن آدم ۔۔ حوا کی بیٹی کو چیر کر کہاں جاؤ گے؟۔ خدا کو ہی منہ دکھانا ہے نا؟؟
خیر اب میری ساتھی بڑی ہوگئی ہے بہت سال ہو گئے،اس بات کو لیکن وہ خوف اس کے دل میں ایسا جم گیا ہے کہ اس کے سامنے کبھی اس واقعہ کا ذکر کرو تو اسے پینیک ہونے لگ جاتا ہے پورا جسم کانپنا اور ہلنا شروع ہو جاتا ہے۔
میں یہ نہیں کہوں گی کہ لڑکی کی کوئی غلطی نہیں، اس کی بھی بہت غلطیاں تھیں، رانگ نمبر پر جواب دینا اور سب کے نمبر دینا اور باتیں کرنا اور سب سے بڑھ کر انجان انسان پر اعتبار کرنا ۔۔۔ ہر لڑکی کو خود کو اس سے محفوظ رہنا ہو گا۔ اپنی حفاظت کرو لڑکیو ورنہ اس کی طرح ہر جھوٹا اور مکار آدمی آپ کو گلی کی نکرمیں ملے گا اور زبان اتنی رسیلی ہو گی کہ بس،لیکن آپ نے اعتبار نہیں کرنا ورنہ وہی حال ہو گا جو میری ساتھی کا ہوا اور بعد میں یہی آدم کے قابیل جیسے بیٹے کہتے ہیں اے بنت حوا میں تمہاری تصویریں میسیجز اور کال ریکارڈنگز سوشل میڈیا پر ڈال کر تمہاری زندگی برباد کر رہا ہوں جو کرنا ہے جاو کر لو۔۔۔
میں یہ نہیں کہہ رہی کہ ہر مرد ایک جیسا ہوتا ہےبہت سےمرد اچھے بھی ہوتے ہیں قابل اعتبار صحابہ کرام کےنقش پر چلنے والے لیکن جو اچھے ہوتے ہیں وہ ایسی اوچی اور گھٹیا حرکتیں نہیں کرتے۔ اللہ ہر بیٹی کو اپنی حفاظت میں رکھے اس کا نصیب اچھا کرے اور اس طرح کے ہر مرد کو ہدایت دے اور اپنی بندیوں کو ان سے محفوظ رکھے ۔آمین



































