
شہناز رؤف/ اسلام آباد
ہرسال چار ستمبر کو یوم حجاب منایا جاتا ہے۔حجاب صرف ڈیڑھ گز کپڑے کےٹکڑے کا نام نہیں بلکہ یہ اسلام کےنظامِ عفت وعصمت کا عکاس ہے ۔اس حجاب
کو مکمل نظام بننے کی ضرورت ہے۔ اس کی بنیاد ایمان ۔۔روح۔۔۔اورحیا ہے۔ طرفہ تماشہ یہ ہوا کہ کرونا کے بعد سےوہ لوگ بھی حجابی بن گئے جو اس کے سخت مخالفت تھے ۔بہرحال بحیثیت مسلمان یہ حجاب ہمارے لیے تو اللہ کو راضی کرنے کا ایک ذریعہ اور شیطان فطرت لوگوں سے بچانے کے لیے ایک حصار ہے۔ یعنی حجاب ہمارا محافظ بھی ہےاورہمارے لیے رحمت بھی لیکن آج میڈیا کے دور میں جب بے خدا تہذیب ٹی وی موبائل اور نیٹ کے ذریعے ہمارے گھروں میں داخل ہو چکی ہے، حیا اور حجاب کے یہ حصار گر رہے ہیں۔ عورت کی حیا اور نسوانیت کو مارکیٹنگ کی بھینٹ چڑھا دیا گیا ہے۔ کرونا کے دوران ماسک کے استعمال پرزور سے کیا بات ہماری سمجھ میں آئی کہ خالق و مالک کے بنائے ہُوئے قوانین اور احکام ہی میں انسانیت کے لیے بھلائی اور خیرہے۔
یا اور ایمان ہمیشہ اکٹھےہوتےہیں جب ان میں سےکوئی ایک اٹھالیا جاتا ہےتودوسرا خود بخوداٹھ جاتاہے۔اس وقت ہمیں ہوش مندی کےساتھ اپنا جائزہ لینا ہے کہیں ایسا نہ ہو کہ بے حیائی کی اس دلدل میں ہمارا ایمان رخصت ہو جائے اور ہمیں اس کی خبر تک نہ ہو ۔
حکیم الامت علامہ اقبال نے بہت پہلےفرما دیا تھا
تمہاری تہذیب خود اپنے خنجر سے آپ ہی خودکشی کرے گی
جو شاخِ نازک پہ آشیانہ بنے گا وہ نا پائیدا ر ہو گا
ابھی کچھ سال پہلےتک ٹائٹس،شلواریاجامےکے نیچےپہنےجاتے تھےلیکن آج ہماری نوخیزاورجواں سال بچیاں مختصرسی کرتی اورٹائٹس کےساتھ گھر کے باہر بڑے ڈھرلے سے گھومتی پھرتی نظرآتی ہیں۔ مائیں ساتھ ہوتی ہیں لیکن انہیں بھی اس کا احساس نہیں ہوتا کہ یہ بے حیائی اور بے حجابی مسلمان عورت کا شعار نہ تھا اور اور نہ ہی اسےآج ہونا چاہیے۔
سرسید کےدورمیں اکبرالہ آبادی تو بے پردہ مسلمان خواتین کو دیکھ کرغیرت قومی سےزمین پرگڑگئےتھےلیکن آج تو بات پردے سے بہت آگےنکل گئی ہے۔ آپ کے دائیں بائیں، آس پاس سب گھروں میں دیکھ لیں ،والدین خود بھی انہیں ایسےکپڑے خرید کر دلواتے ہیں ۔ وُہ اپنی ذمہ داری بھول گئےکہ ہرراعی سے اس کی رعّیت کے بارے میں پوچھا جائے گا ۔نو عمر بچے (لڑکے اور لڑکیاں) تو ناسمجھ ہوتے ہیں ،اگر والدین انہیں پیار سےسمجھا ئیں کہ ایسے کپڑے پہننا اللہ اور اس کے رسولؐ کو سخت ناپسندہےاور جو لباس پہن کر بھی برہنہ نظرآئیں تو اُن پر اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ والہ وسلم اور فرشتے بھی لعنت کرتے ہیں ۔
حدیث پاک ہے" جو عورتیں کپڑے پہننےکےباوجود ننگی ہوتی ہیں،مردوں کی طرف مائل ہوجانےوالی اوراُن کو اپنی طرف مائل کرنے والی ،وہ نہ تو جنت میں داخل ہوں گی اور نہ ہی اس کی خوشبو پا سکیں گی ۔حالانکہ جنت کی خوشبو 500 برس کی مسافت سے آتی ہوگی"
ٓاج ہماری بچیوں اور بہنوں کےکھلےہوئےسر،بازو ، ٹخنوں سےاُوپرکیپریزاوربڑے بڑے کھلےگلےکیا ظاہرکر رہے ہیں ؟یہی کہ اسلام اور دین کے احکامات کی ہمیں کوئی پروا نہیں ہے ۔جبکہ اللہ تعالی کا فرمان ہے
" اپنےسینوں پراپنی اوڑھنیوں کےآنچل ڈالےرہیں"( القران ۔سورہ نور۔ آیت نمبر 31 )
ذرا سوچیے !ہمارا لباس جسم کو ڈھانکنےوالاہےیا دوسروں کودعوت نظارہ دینے والا۔ آدھی یا بغیر آستین کی قمیض ،ٹخنوں سے اوپر پاجامہ ،باریک کپڑوں میں سے جھلکتا ہوا جسم ،جسم کے خد و خال کو نمایا ں کرنے والا چست لباس یا بالخصوص ٹائٹس، گلے یا کندھے پر رکھا ہوا دوپٹہ اور کبھی کبھی وہ دوپٹہ بھی سرے سے غائب۔ کیا یہ سب اللہ کے حکم کی کھُلی خلاف ورزی نہیں ؟؟
نبی کریم صلی اللہ علیہ ہ وسلم نےفرمایا!جب عورت بالغ ہو جائےتواس کےلیےحلال نہیں کہ وہ ظاہرکرےاپنے چہرے اورہاتھ کےسوااورہاتھ کےحد بھی آپ نے خود اپنی کلائی پر رکھ کر اس طرح بتائی کہ آپ کی مٹھی اور ہتھیلی کے درمیان صرف ایک مٹھی کی جگہ باقی تھی۔
اللہ تعالی کا فرمان ہے! "اے اولاد آدم !ہم نے تم پر لباس نازل کیا تاکہ تمہارے جسم کے قابل ستائش حصوں کو ڈھانکے اور تمہارے لیے موجب زینت ہو۔"بلاشبہ زینت عورت کا حق ہے لیکن زینت اور بے حیائی دو الگ الگ چیزیں ہیں ۔
حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالی عنہ کا فرمان ہے" جو قوم بےحیائی کی طرف قدم بڑھائے گی ۔ اللہ اس کو مصیبتوں میں گرفتار کر دے گا"۔
آج مصیبتوں نے ہمارا گھردیکھ لیاہے،زمینی اورآسمانی آفات ایک کےبعد ایک ہم پر نازل ہو رہی ہیں لیکن ہم ہیں کہ غفلت میں اس طرح ڈوبے ہوئے ہیں کہ آخرت ہمیں بالکل یاد ہی نہیں ۔جیو جیسے چاہواور بابر بہ عیش کوش کہ عالم میں دوبارہ نیست کے مصداق
اتنا بےسمت نہ چل لوٹ کے گھر جانا ہے ۔وہ گھرجوآخرت کا گھر ہے جہاں کوئی کسی کا پرسان حال نہ ہو گا
اللہ تعالی نے سورۃ الاحزاب (آیت نمبر 34 )میں فرمایا !" اورسابق جاہلیت کی طرح سج دھج نہ دکھاتی پھرو"
ٹی وی کے اشتہارات اور بل بورڈز پر لٹکی ہُوئی تصویریں ہماری بچیوں کو اُکساتی ہیں کہ وہ بھی ایسی نظر آنے کی کوشش کریں ۔اسی لیے بزرگ کہتے ہیں کہ ہمارے بچے اب ہمارے نہیں رہے۔ ان کومیڈیا نے اغوا کرلیا ہے۔ ان کی پسند اور ناپسند، ان کا کھانا پینا ،پہننا اوڑھنا، سوچ، چلنا پھرنا ،انداز گفتگو سب کچھ ویسا ہی ہونا چاہیے جیسا میڈیا دکھاتا ہے۔
اللہ ہمارے حال پر رحم کرے اور قران و سنت کی تعلیمات کو سمجھنے اور اس کے مطابق عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔دوڑو !زمانہ چال قیامت کی چل گیا۔
ایک سروے کےمطابق پاکستان کی8 9 فیصد آبادی عورت کے گھر سے باہر نکلتےوقت خود کو ڈھانپ لپیٹ کر نکلنےکی حامی ہےکیونکہ یہ ایک نظریاتی مملکت ہے اس لیے یہی سوچ ہونی چاہیےلیکن ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت پاکستان کا اسلامی تشخص بدلنے کی کوشش کی جا رہی ہے اور عورت کی نام نہاد آزادی کے نعرے لگا کر اسے گمراہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ حجاب اور پردہ شعائر اسلام میں سے ایک ہے۔ جب ہم نے کلمہ پڑھ کر اپنےمسلمان ہونے کا شعوری طورپراقرار کر لیا تو دنیا بھر کی مسلمان عورتوں کو یہ حاصل ہو جاتا ہے کہ وہ اپنے اسلامی لائف سٹائل کے مطابق زندگی گزاریں۔ اقوام متحدہ کا منشور بھی ہمارے اس موقف کی تائید کرتا ہے کہ حجاب مسلمان عورت کا حق ہے۔ اسے اعتماد ،وقار اور اپنے محفوظ ہونے کا احساس دلاتا ہےلیکن ہمارا لبرل اورسیکولر میڈیاحجاب و نقاب کو ایک ھَوَّابنا کر پیش کر رہا ہے۔ میرا جسم میری مرضی جیسے حیا سوز نعرے اسی سوچ کی پیداوار ہیں۔ اسی لیے ہم سب کومل کر اس طوفان بدتمیزی کے اگے بند باندھنا ہوگا ۔
عام لوگ ہمارے روّیے سے متاثر ہوتے ہیں۔ وہ ہمارے اخلاق و کردار کو نوٹ کرتے ہیں ۔ہماری کارکردگی کو جانچتے ہیں۔ اس لیے جو بہنیں حجاب نہیں لیتی انہیں بھی اس کو اپنانے سے ڈرنا اور جھجکنا نہیں چاہیے۔ آپ تو اپنے رب کی خوشنودی چاہتی ہیں پھر شہنشاہ کائنات کا حکم ماننے میں کیوں شرمائیں۔ ورکنگ وومن کے لیے تو اس میں بڑی سہولت ہے، نہ ہیئر اسٹائل کی فکر، نہ میچنگ جیولری کے لیے تردّد ،نہ یہ خدشہ کہ کل آفس کیا پہن کر جاؤں۔ کم خرچ اوربالا نشین، سادہ اور آسان ۔یہ تو اللہ تعالی نے ہمارے لیے سہولت اور رحمت کر دی ۔ وقار، تحفظ، خود اعتمادی اور دل میں یہ احساس کہ میں اپنے اللہ کے حکم کے مطابق اس کی اطاعت و فرمانبرداری میں اپنی دنیا بھی محفوظ اور بہتر کر رہی ہوں اور آخرت بھی ۔
حجاب استعمال کرنے والی ہر ماں، بہن، بیٹی اوربیوی قابل ِقدراورقابل احترام ہےکہ اس طرح وہ اپنےاللہ کا کہنا مانتےہوئےاپنےگھرسےباہرکے تمام کام اور ذمہّ داریاں خوش اسلوبی سے کر لیتی ہے۔ اس کا حجاب ایک سمبل ہے کہ اس کو پہننے والی خاتون باحیا ہے۔ اس کو پہن کرہم آسانی سے کسی بھی ادارے سے اعلیٰ تعلیم بھی حاصل کر سکتے ہیں، ملازمت بھی کر سکتے ہیں، ڈاکٹری ،انجینئرنگ بھی کر سکتے ہیں اور یہ بھی ہم سب کا مشاہدہ ہے کہ ان کی شادی بھی بہت اچھی جگہ ہو جاتی ہے کیونکہ جو اللہ کا تقویٰ اختیار کرتا ہے۔ اللہ اس کے سارے کام اپنے ذمے لے لیتا ہے۔ ہمارا حجاب ہماری ترقی کی راہ میں کسی طرح کی کوئی رکاوٹ نہیں ہے بلکہ یہ تو حیا اور بے حیائی کے درمیان حدِّ فاضل ہے۔ حجاب کی حامل خواتین سفیراتِ اسلام ہیں۔
یہ اللہ کا احسان ہی تو ہے کہ اس نے ہمیں یہ ہدایت کا راستہ سمجھایا اورہمیں اس پرفخرہےکہ ہمارا رب جو 70 ماؤں سے برھ کرہم سےپیار کرنے والا ہے وہ ہم پر کتنا مہربان ہے۔ اسے ہماری حفاظت کا کس قدر خیال ہے کہ اس نے سورہ نور اور سورہ احزاب میں کتنے پیارے احکامات دیے ،جن میں ہمارے لیے سراسر خیر ہی خیر ہے۔ اللہ تعالی اُمّت کی ہر بیٹی کو اس کو استعمال کرنے کی توفیق اور ہدایت دے کہ وہ اللہ رب العزت کا کہنا مان کر اپنی دنیا کو محفوظ اور آخرت کو سنوار لیں اور اس ابدی جنت کو پالیں ۔جو ایسی ہی خواتین کے لیے سجائی گئی ہے۔آمین یا رب العالمین



































