
مصباح مجید
آپ ﷺ اپنے صحابہ کرام کے لیے ایک بہترین دوست، ہمدرد اورمربی تھے۔آپ ﷺ کاتعلق صرف رہنما اورپیروکار کا نہیں بلکہ محبت، ہمدردی اور اخلاص کا تھا۔
آپﷺ نےصحابہ کودین اوردنیا دونوں کی تعلیم دی۔ آپﷺ نےنا صرف ان کی روحانی اوراخلاقی تربیت کی بلکہ انہیں مشکلات میں سنبھالااورخوشیوں میں ان کے ساتھ شریک بھی ہوئے۔ آپﷺ ان کے دکھ سکھ میں ان کے شانہ بشانہ ہوتے اور ان کی حوصلہ افزائی کرتے تھے۔ آپﷺ کی تعلیمات، اخلاق اور کردار نے صحابہ کرام کی زندگیوں میں انقلاب برپا کیا۔صحابہ کرام, آپﷺ کو اپنا بہترین دوست اور رہنما مانتے تھے، جس کی مثال انسانی تاریخ میں نہیں ملتی۔
آپ ﷺ اپنے صحابہ کرام کے ساتھ ایک نرم اورخوشگوار رویہ رکھتےتھے۔آپ نہ صرف ان کودین ودنیا کی تعلیم دیتےبلکہ ان کےساتھ شگفتہ مزاجی اور ہلکا پھلکا مذاق بھی کرتے تھے۔ آپﷺ کا ہنسی مذاق کبھی بھی کسی کی دل آزاری کا سبب نہیں بنتا تھا۔ اس کے برعکس، یہ صحابہ کرام کو آپ ﷺ کے اور قریب لے آتا تھا۔ آپﷺ کی شخصیت میں سختی اور نرمی کا ایک انوکھا توازن تھا۔ آپﷺ کبھی کبھی مذاق میں کسی صحابی سے ایسی بات کہہ دیتے جو ان کے دل کو چھو جاتی اور وہ اس سے سبق بھی سیکھتے۔ یہ ہنسی مذاق اور ہلکی پھلکی باتیں آپ ﷺ کے اور صحابہ کے درمیان تعلق کو مزید مضبوط اور محبت بھرا بناتی تھیں۔ آپﷺ کا یہ طرز عمل اس بات کا ثبوت ہے کہ ایک عظیم رہنما اور مربی کےلیےمحض علم کی تعلیم دینا کافی نہیں بلکہ اپنےپیروکاروں کےساتھ ایک خوشگوار اور دوستانہ تعلق قائم کرنا بھی ضروری ہے۔
حضرت انس رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں:ایک شخص نےرسول اللہ ﷺ سےسواری مانگی توآپ ﷺنےفرمایا:میں تم کواونٹنی کےبچےپرسوارکروں گا‘ اس نے عرض کیا: یارسول اللہ! میں اونٹنی کے بچے کا کیا کروں گا‘آپؐ نے فرمایا: ہر اونٹ اونٹنی کا بچہ ہوتا ہے(ترمذی:1991)۔
حسن بصری رضی اللہ تعالی عنہ بیان کرتےہیں: ایک بوڑھی عورت نبی ﷺ کےپاس آئی اورکہنےلگی: یارسول اللہ! دعا کیجیےکہ اللہ تعالیٰ مجھے جنت میں داخل کردے‘ آپ ﷺ نے فرمایا:اے فلاں کی ماں! جنت میں کوئی بوڑھی عورت داخل نہیں ہوگی‘ وہ عورت روتے ہوئے واپس جانےلگی تو نبی ﷺ نےفرمایا: اس کو بتاو کہ جنت میں کوئی عورت بڑھاپےکےعالَم میں داخل نہیں ہوگی‘ کیونکہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے: ''ہم نے ان کی بیویوں کو خصوصیت سے پیدا فرمایا ہے‘ ہم نےان کو دوشیزہ بنایا‘محبت کرنےوالیاں ہم عمر(الواقعہ: 35-38)‘‘(شمائل محمدیہ: 238)۔
حضرت انس رضی اللہ تعالی عنہ بیان کرتے ہیں:مجھ سے رسول اللہ ﷺ نےفرمایا: ''اے دوکانوں والے‘‘۔
(ابودائود:5002)۔
آپ ﷺ اپنے صحابہ کرام کی عزت اوروقارکا بہت خیال رکھتے تھےاورکسی کو بھی ان کی بےعزتی کی اجازت نہیں دیتے تھے۔
حضرت عبداللہ بن مغفل رضی اللہ عنہ سےروایت ہے،نبی کریمﷺ نے فرمایا!
’’اللہ سے ڈرو، اللہ سے ڈرو میرے صحابہؓ کے معاملےمیں، میرے بعد ان کو (طعن وتشنیع کا) نشانہ نہ بناؤ، کیونکہ جس شخص نے ان سے محبت کی تو میری محبت کے ساتھ ان سے محبت کی، اور جس نے ان سے بغض رکھاتو میرے بغض کے ساتھ ان سے بغض رکھا، اور جس نے ان کو ایذاء پہنچائی اس نے مجھے ایذاء پہنچائی، اور جس نے مجھے ایذاء دی اس نے اللہ تعالیٰ کو ایذاء پہنچائی، اور جو اللہ کو ایذاء پہنچانا چاہتا ہے تو قریب ہے کہ اللہ اس کو عذاب میں پکڑلے گا۔(ترمذی، ج:۲، ص:۲۲۵)
حضرت عبداللہ بن عمر سے روایت ہے، نبی کریمﷺ نے فرمایا:
’’ جب تم ایسے لوگوں کو دیکھو جو میرے صحابہؓ کو برا کہتے ہیں تو تم ان سےکہو:خدا کی لعنت ہےاس پرجو تم دونوں (یعنی صحابہؓ اور تم) میں سے بدتر ہیں۔‘‘(ترمذی، ج:۲، ص:۲۲۵)۔
حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: میرےصحابہ ستاروں کی مانند ہیں(پس تم اُن کی پیروی کرو)، تم اُن میں سے جس کی بھی پیروی کروگے ہدایت پاؤ گے‘‘۔(جامع بيان العلم وفضله، باب ذكر الدليل من أقاويل السلف، 2/925، رقم:1760)۔
پیغمبراسلام، حضرت محمد ﷺ کی ذات مبارکہ بلاشبہ صحابہ کرام کےلیےرحمت ہی رحمت تھی۔ آپ ﷺ نے انہیں گمراہی کے اندھیروں سے نکال کر ہدایت کی روشنی عطا کی۔آپ کی آمد سے پہلے وہ ایسے معاشرےکاحصہ تھےجہاں قبائلی جنگیں،جہالت اوربت پرستی عام تھی، مگر آپ نے انہیں ایک پرامن اور باوقار زندگی کاراستہ دکھایا۔ آپ ﷺ نے نہ صرف ان کی روحانی بلکہ اخلاقی تربیت بھی کی۔ ان کو سچائی، امانت داری، انصاف اور بھائی چارے کا درس دیا۔ ہر مشکل گھڑی میں آپ ان کے ساتھ کھڑے رہے، ان کی پریشانیوں میں ان کا سہارا بنے اور ان کے لیے ڈھال ثابت ہوئے۔ آپﷺ کی محبت اور شفقت ایسی تھی کہ ہر صحابی اپنے آپ کو سب سے زیادہ آپ کے قریب محسوس کرتا تھا۔ یہ آپﷺ کی بے پناہ رحمت ہی تھی جس نے ان کی زندگیوں میں حقیقی انقلاب برپا کیا اور انہیں اس دنیا و آخرت میں کامیابی سے ہمکنار کیا۔
اس تمام بحث میں ہمارے لیےسب سےبڑاسبق یہ ہے کہ ہم بھی رسول اللہ ﷺ کی تعلیمات پرعمل کرتےہوئےاپنےتعلقات میں محبت،شفقت اورمخلصانہ رویہ اپنائیں۔ ہمیں اپنے دوستوں اور رشتوں کی عزت کرنی چاہیے اور مشکل وقت میں ان کا ساتھ دینا چاہیے۔ جس طرح آپﷺ اپنے صحابہ کرام کے لیے رحمت کا پیکر تھے، ہمیں بھی چاہیے کہ ہم دوسروں کے لیے رحمت اور خیر خواہی کا ذریعہ بنیں۔



































