
افشاں بنتِ سید سلیم
سیلاب صرف پانی کا بہاؤ نہیں، یہ ایک آزمائش،ایک انتباہ اورایک موقع ہوتا ہے۔ہرسال پاکستان کےکئی علاقےسیلاب کی لپیٹ میں آتےہیں،جہاں گھروں
کی بنیادیں بہہ جاتی ہیں، خواب بکھر جاتےہیں اورزندگی کی رونقیں ماند پڑجاتی ہیں لیکن اصل سوال یہ ہےکہ کیا ہم صرف تماشائی بن کربیٹھےرہتےہیں یا اس مشکل گھڑی میں کوئی کردار ادا کرتے ہیں؟
سیلاب بظاہر ایک قدرتی آفت ہےمگر اس کی شدت میں انسانوں کی غفلت بھی شامل ہے۔ناقص نکاسیِ آب،غیرقانونی تعمیرات، درختوں کی بے دریغ کٹائی اور بروقت اقدامات کا نہ ہونا ان مسائل کو جنم دیتا ہے جنہیں ہم آج سیلاب کی شکل میں بھگت رہے ہیں۔
جب پانی گھروں میں داخل ہوتا ہے، تو صرف دیواریں نہیں گرتیں بلکہ انسان کا بھروسہ،ریاست پراعتماداورسماجی نظام کی حقیقت بھی کھل کرسامنےآجاتی ہے۔ متاثرین خالی ہاتھ، ننگے پاؤں، کھلے آسمان تلے بیٹھےہوتے ہیں اور ہم میں سے اکثر صرف سوشل میڈیا پر تصویریں شیئر کر کے فرض ادا سمجھ لیتے ہیں۔
کیا ہمارا کردار صرف ہمدردی کےجملوں تک محدود ہے؟یا ہم واقعی کسی کی مدد کےلیےاپنےآرام کوقربان کرنےپرآمادہ ہیں؟یہ وہ لمحہ ہےجہاں انسانیت اور خودغرضی کےدرمیان فرق نمایاں ہوتا ہے۔اگرہم واقعی نبی کریم ﷺ کی امت ہیں تو ہمیں چاہیےکہ آزمائش میں گھرے افرادکےساتھ کھڑے ہوں۔چاہے وہ امدادی سامان ہو، مالی تعاون، یا صرف وقت دیناہرعمل اہم ہے۔ ہمارا یہ کردارنہ صرف ایک نیکی ہے بلکہ معاشرے میں شعوروبیداری کا ذریعہ بھی بن سکتا ہے۔
دعا
اے اللہ! 2025 میں جوسیلاب،آزمائشیں اورپریشانیاں ہم پرآئیں،ان سب میں جو کوتاہیاں ہم سے ہوئیں، اُنہیں معاف فرما۔ ہمیں مصیبت میں گھبرانے کے بجائے کردار ادا کرنے والا بنا، اور ہمارے دلوں کو انسانیت سے بھر دے۔
آمین یا رب العالمین!
نعرہ:"سیلاب آئے یا طوفان — ہم بنیں گے انسانیت کی پہچان!"



































