
بنت اسماعیل
وہ خالقِ کائنات، مالکِ کائنات اور ربِ کائنات اللہ سبحانہٗ و تعالیٰ ہے۔ جس کو اپنی تمام مخلوقات میں
سب سے زیادہ محبت انسان سے ہے۔ اس لئے اس نے انسان کو اشرف المخلوقات بنایا۔ پھر اسے پیدا کرکے یوں ہی نہیں چھوڑ دیا بلکہ اسے خیر و شر اور ہدایت و گمراہی کے راستوں کی پہچان عطا کی۔ اس کی راہنمائی کے لئے انبیاء کرام کو آسمانی کتابوں کے ساتھ مبعوث فرمایا۔ پھر قیامت تک پوری انسانیت کی ہدایت و راہنمائی کے لئے اپنا آخری اور کامل کلام قرآن مجید نازل فرمایا، جو رشد و ہدایت کا سرچشمہ ہے۔
اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید کے آغاز میں سورۂ فاتحہ (آیت۔۔ 6 )کے ذریعے انسان کو یہ دعا سکھائی:۔
ترجمہ: "اے اللہ! ہمیں سیدھا راستہ دکھا۔"
پھر اس دعا کے جواب میں اللہ تعالیٰ نے سورۂ بقرہ ( آیت۔۔2) میں ارشاد فرمایا:۔
ترجمہ: "یہ وہ کتاب ہے جس میں کوئی شک نہیں، یہ پرہیزگاروں کے لیے ہدایت ہے۔"
گویا بندہ سورۂ فاتحہ میں ہدایت کی دعا کرتا ہے اور اللہ تعالیٰ سورۂ بقرہ کے آغاز میں اس دعا کا جواب دیتے ہوئے فرماتا ہے کہ یہ قرآن وہ کتاب ہے جو تمہیں سیدھے راستے کی ہدایت فراہم کرتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ قرآن مجید قیامت تک آنے والی پوری انسانیت کے لئے رشد و ہدایت کا سرچشمہ ہے۔
قرآنِ مجید ایک مکمل ضابطۂ حیات ہے۔ یہ ایسی جامع کتاب ہے جس کے احکام، اصول اور قوانین ہر دور اور ہر معاشرے کے لیے راہنمائی کا سامان رکھتے ہیں۔ اس کا موضوع انسان ہے اور اس کا مقصد انسان کو دنیا و آخرت کی کامیابی کا راستہ دکھانا ہے۔ جو شخص اخلاص کے ساتھ قرآنِ مجید میں غور و فکر کرتا ہے، اسے ہدایت کا راستہ مل جاتا ہے اور وہ دنیا و آخرت میں کامیاب ہو جاتا ہے۔
اللہ تعالیٰ سورۂ بنی اسرائیل (الاسراء آیت۔۔ 9 )میں فرماتا ہے:۔
ترجمہ: "بے شک یہ قرآن اس راستے کی طرف راہنمائی کرتا ہے جو سب سے زیادہ سیدھا اور درست ہے۔"
قرآنِ مجید انسان کو تاریکیوں سے نکال کر روشنی کی طرف لے آتا ہے۔ قرآن مجید زندگی کے ہر موڑ پر بتاتا ہے کہ کون سا راستہ نجات کا ہے اور کون سا راستہ ہلاکت اور عذاب کی طرف لے جاتا ہے۔
یہ بات بھی سمجھ لینا ضروری ہے کہ قرآن مجید کوئی عام کتاب نہیں بلکہ کتاب الٰہی ہے، اس لئے اس کے فہم کے تقاضے بھی منفرد ہیں۔ یقیناً اس کے سمجھنے کے لئے عقل، تدبر اور غور و فکر ضروری ہیں، لیکن اگر قرآن محض ایک علمی یا فکری کتاب ہوتا تو اس کے بارے میں اللہ تعالیٰ سورۂ بقرہ( آیت ۔۔26) میں یہ نہ فرماتا:
ترجمہ: "اللہ اس کے ذریعے بہت سے لوگوں کو گمراہ کرتا ہے اور بہت سے لوگوں کو ہدایت دیتا ہے۔"
گمراہ صرف وہ لوگ ہوتے ہیں، جو لوگ قرآن کو فیض حاصل کرنے کی بجائے محض علمی مشغلہ، یا مادی مفاد کی نیت سے پڑھتے ہیں۔ ہدایت کا راستہ کھلنے کے لئے ضروری ہے کہ قرآن مجید کے ساتھ قلبی اور روحانی تعلق قائم کرے۔ جب تک انسان اخلاص، عاجزی اور طلبِ ہدایت کے ساتھ قرآن کی طرف رجوع نہیں کرتا، اس کے لئے ہدایت کے خزانے نہیں کھلتے۔
علامہ اقبالؒ نے اسی حقیقت کو نہایت خوبصورتی سے بیان کیا ہے:۔
"تیرے ضمیر پہ جب تک نہ ہو نزول کتاب
گرہ کشا ہے نہ رازی، نہ صاحبِ کشاف"
یعنی ہدایت کے حصول کے لئے ضروری ہے کہ قرآن مجید ہمارے دل، دماغ اور روح پر اس طرح نازل ہو جیسے وہ خاص ہمارے لیے اتارا گیا ہو۔ جب تک انسان قرآن کے پیغام اور احکام کو اپنی عملی زندگی کا حصہ نہیں بناتا، وہ اس کے فیوض و برکات سے مکمل طور پر فائدہ نہیں اٹھا سکتا۔ پھر دنیا کے بڑے بڑے مفسرین کی کتابیں بھی اسے حقیقی ہدایت نہیں دے سکتیں۔
جب قرآن کا نور دل کی گہرائیوں میں اتر جاتا ہے تو ایمان تازہ ہو جاتا ہے، کردار سنور جاتا ہے اور زندگی ہدایت کے راستے پر گامزن ہو جاتی ہے۔ جتنا گہرا روحانی اور قلبی تعلق قرآنِ مجید کے ساتھ قائم ہوگا، اتنا ہی رشد و ہدایت کا راستہ ہمارے لیے کھلتا چلا جائے گا۔



































