
اصفیحہ یوسف
پچیس دسمبر محض ایک تاریخ کا صفحہ نہیں، یہ سن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ اس دن ایک انسان نے خواب کو یقین اور یقین کو
حقیقت میں بدلا۔
قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ صرف پاکستان کے بانی نہیں تھے بلکہ ایک ایسا کردار تھے جو آج بھی وطن عزیز میں سیاست دانوں کے لیے قطب نما فراہم کرتا ہے۔قائدِ اعظمؒ کی سب سے نمایاں صفت اصول پسندی تھی،انہوں نے کبھی بھی ذاتی مفاد کے لیے اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا۔
آج ہمارا معاشرہ اسی کمی کا شکار ہے، اگر ہم اپنی ذاتی، معاشرتی اور قومی زندگی میں دیانت، سچائی اور قانون کی پاسداری کو اپنالیں تو آدھے مسائل خود بخود حل ہو سکتے ہیں۔قائدؒ کا تصورِ پاکستان صرف زمین کا ٹکڑے کا حصول نہیں تھا بلکہ ایک ایسا معاشرہ تھا جہاں عدل ہو، مساوات ہو اور کمزور محفوظ ہو۔ آج اگر ہم کرپشن، ناانصافی اور نفرت سے تنگ ہیں تو اس کا علاج قائدؒ کے افکار میں موجود ہے مگر شرط یہ ہے کہ ہم انہیں تقریروں تک محدود نہ رکھیں بلکہ عمل کا حصہ بنائیں۔
قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ نے نوجوانوں کو قوم کی ریڑھ کی ہڈی کہا۔ آج کے نوجوان اگر قائدؒ کی زندگی سے محنت، نظم و ضبط اور مقصد سے وفاداری سیکھ لیں تو کوئی طاقت پاکستان کو کمزور نہیں کر سکتی۔ سوال یہ نہیں کہ ہم قائدؒ کو کتنا بڑا لیڈر مانتے ہیں؟ سوال یہ ہے کہ ان کی طرح پاکستان کی نظریاتی وابستگی اور حفاظت کو قائم کرتے ہیں یا نہیں۔
پچیس دسمبر ہمیں یہ سوچنے پر مجبور کرتا ہے کہ کیا ہم وہ پاکستان بنا سکے جس کا خواب قائدِ اعظمؒ نے دیکھا تھا؟اگر نہیں تو آج بھی وقت ہے کہ ہم اپنی اصلاح کریں۔ اپنے رویے بدلیں اور قائدؒ کے جدوجہد کے نتیجے میں قرار پانے والی پاک وطن کی بنیاد کی حفاظت کریں۔قائدِ اعظمؒ کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا اصل طریقہ یہی ہے کہ ہم سچے، دیانت دار اور ذمہ دار پاکستانی بن جائیں، یہی ان کے لیے سب سے بڑا تحفہ اور ہمارے لیے سب سے بڑی اصلاح ہے۔



































