
درشہوار فرقان /نارتھ کراچی
کسی بھی جاندار کی جسمانی ساخت کی اکائی خلیہ ہوتی ہے اور خلیات مل کر ٹشوز ،پٹھےاور عضلات بناتے ہیں اور یوں ایک جسم کی تشکیل ہوتی ہے۔ معاملہ
اتنا آسان نہیں جتنا پڑھنے سے لگتا ہے بلکہ جسم چاہے انسانی ہو، جانور ،پودے فنجائی ،الجی بیکٹیریا یا وائرس سبھی میں ایک کائنات بستی ہے ۔انسانی جسم کی اگر بات کی جائے تو قدرت کا ایک شاہکار ہے جس میں سر سے لے کے پاؤں تک ایک پیچیدہ نظام موجود ہے، اس پیچیدگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ طب کی تعلیم حاصل کرنے کے بعد اور اگر اس میں مہارت چاہیے تو کسی خاص ایک ہی اعضا جیسے آنکھ کان ناکی یا ہڈی یا کوئی خاص نظام جیسے انہضام تنفس تولید اخراج وغیرہ میں ہی مہارت حاصل کی جا سکتی ہے اور ایک لمبے عرصے کی تعلیم اور مہارت کے بعد ہی اس حصے کی سمجھ بوجھ آتی ہے۔
قدرت نے انسانی جسم کو خاص تحفوں سے نوازا ہے ،جیسے ہمارے ہمدرد خلیات یہ خلیات ہڈیوں کے گودے میں پیدا ہوتے ہیں اور پھر خون میں شامل ہو کر پورے جسم میں گردش کرتے ہیں اور اگر کوئی جرثومہ جسم میں داخل ہو جائے تو یہ ان کا صفایا کرتے ہیں اور نہ صرف صفایاکرتے ہیں بلکہ اگر وہی جرثومہ دوبارہ آنے کی ہمت کرتا ہے تو اس کے لیے پہلے سے ہی بندوبست کر کے رکھتے ہیں کہ اس کا صفایا کیسے کرنا ہے، اگر ان خلیات کو لگتا ہے کہ یہ کم تعداد میں ہیں تو یہ اپنے آس پاس کے خلیات کو پیغام بھیجتے ہیں کہ آجاؤ جسم میں ایک جنگ شروع ہو چکی ہے اور اس میں تمہارا حصہ ڈالنا ضروری ہے ۔
جی ہاں بالکل میں مدافعتی نظام میں حصہ لینے والے خلیات بی اور ٹی خلیہ کے بارے میں بات کر رہی ہوں ،بی اور ٹی خلیات اگرچہ ہڈیوں کے گودے میں پیدا ہوتے ہیں مگر الگ الگ جگہوں پر بڑے ہوتے ہیں بی خلیات ہڈیوں سے نکل کر خون میں شامل ہو جاتے ہیں جبکہ ٹی خلیات ہڈیوں سے نکل کر تھائمس میں پہنچ جاتے ہیں۔ جہاں ان کو تربیت دی جاتی ہے جہاں انہیں اپنے اور غیر جسم کے خلیات کی تمیز کرائی جاتی ہے اپنے جسم کے خلیات کے خلاف کوئی کام نہیں کرنا ہے اور جو خلیات اس عمل کو اپناتے ہیں وہ جسم میں کارامد اور جو خلیے تربیت یافتہ نہیں ہوتے وہ اپنے انجام کو پہنچ جاتے ہیں یعنی پروگرام سیل ڈیتھ۔
جسم میں جیسے ہی کسی جرثومہ کے داخل ہونے کی اطلاع ملتی ہے تو بی اور ٹی خلیات آپس میں ایک کانفرنس کرتے ہیں بی سیل تو اس کو اپنے اندر داخل کر کے اس کے کسی حصے کو سطح پر پیش کرتا ہے اور دکھاتا ہے کہ دیکھو میں نے اس کا شکار کیا ہےپھر کیا ٹی خلیے کو شرم آتی ہے اور وہ کہتا ہے آؤ آپس میں بات چیت کرتے ہیں اور یوں ایک دوسرے کے ساتھ تبا دلہ خیال کرنے کے بعد ان دونوں کے حصے میں کام آتے ہیں جیسے بھی خلیات اینٹی باڈیز پیدا کرتے ہیں جو کہ دوسرے جرثوموں اور ان سے پیدا ہونے والے ٹاکسین کا صفایا کرنے میں مدد کرتی ہیں اور دوبارہ اسی جرثوموں کا حملہ ہونے کی صورت میں میموری بی خلیات بھی بناتے ہیں جبکہ ٹی خلیات کے خیال میں جرثوموں کو مار دینا ہی کافی ہوتا ہے اور یہ اپنے آس پاس دوسرے خلیات کو بھی پیغام بھیجتے ہیں ٹی خلیات کے تین طرح کے ساتھی ہوتے ہیں پہلا مدد گار خلیات یعنی سی ڈی 4یہ خاص کیمیائی اجزا کا اخراج کرتے ہیں جو اس پاس کے خلیات کو بلاتے ہیں کہ آجاؤ مدد کے لیے دوسرا ساتھی سائٹو ٹاکسک ٹی خلیات یعنی سی ڈی 8 یہ ساتھی وائرس اور کینسر کے خلیات کو ہلاک کرتے ہیں۔ تیسرا ساتھی ریگولیٹری ٹی خلیات جو پورے نظام کو دیکھتا ہے کہ اب کتنے مزید خلیات کو اکٹھا کرنا ہے یا نہیں اور آٹو امیونٹی سے بھی بچاتا ہے تو یہ ہے ہمارے جسم کا وہ خاص مدافتی نظام یا ہمدرد خلیات جو ہمیں بتائے بغیر جسم میں داخل ہونے والے جرثوموں کا صفایا کرتے ہیں بغیر کسی تنخواہ کے تو زبان بے اختیار کہہ اٹھتی ہے۔۔
" اور تم اپنے رب کی کون کون سی نعمتوں کو جھٹلاؤ گے"۔


































