
درشہوار فرقان
پتھر کا دور ہو ،کانسی یا پھر لوہے کا ہر دور میں انسانوں نے ترقی کی ہے ،انسانی تاریخ میں ترقی اور تمدن کا مقابلہ نہیں کیا جا سکتا مگر موجودہ دور کا
سب سے بڑا مسئلہ موسمیاتی تبدیلی ہے ۔یہ محض ایک سائنسی اصلاح نہیں بلکہ ایک عالمی حقیقت ہے جو زندگی کے ہر شعبے کو متاثر کر رہی ہے۔ موسموں کا غیر متوازن ہونا ،درجہ حرارت میں اضافہ، سمندروں کی سطح کا بلند ہونا اور قدرتی آفات کی شدت میں اضافہ سب اسی تبدیلی کے مظاہر ہیں۔
موسمیاتی تبدیلی کی وجوہات
موسمیاتی تبدیلی کی بنیادی وجہ انسان خود ہے۔ صنعتی انقلاب کے بعد کارخانوں گاڑیوں اور بجلی کے پلانٹ سے نکلنے والی زہریلی گیسوں نے فضا میں کاربن ڈائی آکسائیڈ اور دیگر گیسوں کی مقدار بڑھا دی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پاکستان میں لگے درخت پولن انرجی کا بھی سبب بنتے ہیں۔ ایسے درختوں کا انتخاب کیا گیا جو زمین سے زیادہ پانی جب کر لیتے ہیں، اس کے علاوہ درختوں کی بے تحاشا کٹائی نے فضا سے کاربن ڈائی اکسائیڈ جج کرنے کی قدرتی عمل کو کمزور کر دیا ہے اور آہستہ آہستہ جنگلات بھی ختم ہو رہے ہیں۔ برف کے پہاڑ پگھل رہے ہیں اور سمندروں کی سطح بھی بلند ہوتی جا رہی ہے ۔اگر دیکھا جائے تو پلاسٹک کا فضلہ اور توانائی کے غلط استعمال نے بھی ماحولیاتی نظام کو بری طرح متاثر کیا ہے۔
موسمیاتی تبدیلی کا اثر نہ صرف انسانوں بلکہ جانوروں پر بھی ہوتا ہے۔ کچھ جانوروں جیسے مارخور وغیرہ کی نسل خطرے میں ہے ۔اس کے علاوہ شہر میں موجود جانوروں کے لیے بھی کوئی خاطر خواہ انتظام موجود نہیں چونکہ گرمی کا دورانیہ پاکستان میں زیادہ ہوتا ہے ،لہٰذا شدید گرمیوں میں ہیٹ اسٹروک اور دیگر وبائی امراض سے انسانی زندگی خطرے میں آ جاتی ہے۔
برفانی تودے پگھلنے سے سیلابی ریلے انسانی آبادی میں داخل ہو جاتے ہیں اور نظام زندگی درہم برہم کر دیتے ہیں۔ شدید گرمی اور بے وقت بارش اور زرعی پیداوار کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ موسمیاتی تبدیلی اور اس کے ساتھ ساتھ ہونے والے ترقیاتی منصوبے جو ایک صحت مند انسان کو بیمار بنانے کے لیے کافی ہیں، جیسے جا بجا گڑھے ٹوٹی ہوئی سڑکیں مٹی کے ڈھیر گٹر کا پانی وقتا فوقتا مرمت شدہ سڑک کی دوبارہ کھدائی درہم برہم نکاسی آب کا انتظام یہ وجوہات ہیں جو ایک اچھے خاصے صحت مند جسم کو بیماری کا ڈھیر بنا دیتے ہیں جو ہی شہر میں آ مدر و رفت شروع کریں تو فضائی آلودگی فضا میں موجود مٹی دھواں سانس کی نالی کو متاثر کرتی ہے ۔چھوٹے بچے الرجی اور دیگر امراض سے جلد متاثر ہو جاتے ہیں جبکہ اگر سفر طویل ہو جائے تو بس لگتا ہے جیسے کوئی رولر کوسٹر میں بیٹھ گیا ،تمام ہڈیاں ہل جاتی ہیں جبکہ ہڈیوں کے امراض جیسے گردن کی ہڈی میں درد کولہے کی ہڈی مہروں کا ہل جانا وغیرہ شامل ہیں ۔
مغربی ممالک کی بات کی جائے تو وہ آنے والے نئے موسم کا استقبال خوشی اور جوش و خروش سے کرتے ہیں جبکہ ہمارے شہر خاص طور پر کراچی شہر کے رہنے والوں کے لیے یہ کسی چیلنج سے کم نہیں ہوتا دن بدن ان چیزوں میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے جو کہ پریشانی کا باعث ہے ۔ شہریوں کی صحت داؤ پر لگی ہے اور جان و مال کی حفاظت کا کوئی انتظام نہیں ہوتا مگر ان کا حل بھی ہم ہی کو ڈھونڈنا ہے۔
عوامی سطح پر اگر ہم سب اپنے حصے کا کام کریں تو یقینا ًماحول میں تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔ زیادہ سے زیادہ درخت لگائیں اور ان کی حفاظت کا ذمہ لیں پلاسٹک کے استعمال کو کم کر کے ماحول دوست مصنوعات جو آسانی سے ڈی کمپوز ہو جائیں بنائی جائیں۔ زیادہ سے زیادہ ماحولیاتی تعلیم اور آگاہی مہمات چلانی چاہئیں۔
ملکی سطح پر حکمران ایسے اقدامات کریں، ترقیاتی منصوبے جدید، کارآمد ہوں اور جلد تکمیل تک پہنچیں ، ترقیاتی منصوبے دراصل شہریوں کو آسانی فراہم کرنے کے بجائے دشواریاں فراہم کرتے ہیں۔ ان کی وجہ سے زیادہ ماحولیاتی الودگی پیدا ہوتی ہے ۔سڑکوں پر ٹریفک کا شور اور دھواں آلودگی پیدا کرتا ہے جبکہ اس کے ارد گرد موجود مٹی کا ڈھیر سانس کے امراض میں اضافہ کرتا ہے ۔اگر سڑکوں کو اس انداز سے بنایا جائے کہ گرین بیلٹ میں بارش کا پانی درختوں تک پہنچ جائے گرین بیلٹ میں پھل دار درخت لگائے جائیں تاکہ شہریوں کو صحت بخش غذا حاصل ہو ۔ماحول میں آلودگی انسانی مزاج پر بھی اثر انداز ہوتی ہے ۔سر درد چڑچڑا پن مایوسی عام علامات دیکھنے میں آتی ہیں۔
عالمی سطح پر اقوام متحدہ اور مختلف عالمی تنظیمیں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کم کرنے کے لیے سرگرم ہیں ،اگر عوام اور حکومت مل کر اس مسئلے کو حل کریں تو یہ حل ہو سکتا ہے اور اگر اس کو صرف محض پالیسیوں اور کاغذوں سے حل کیا جائے تو یہ انسانی بقا کے لیے مسئلہ بن جائے گا ، ہر فرد کو اپنی سطح پر ذمہ داری محسوس کرناہوگی۔
موسمیاتی تبدیلی محض ماحولیاتی مسئلہ نہیں بلکہ یہ آنے والی نسلوں کے لیے بھی بڑا چیلنج ہے۔ اگر ہم نے اس کے تحفظ کے لیے اقدامات نہیں کیے تو آنے والی نسلوں کے لیے زمین ناقابل رہائش ہو جائے گی ۔زمین ہماری ملکیت نہیں بلکہ ایک امانت ہے اور امانت کی حفاظت انسان کا اخلاقی دینی اور اجتماعی فرض ہے ۔


































