
ثمینہ الیاس
موبائل فون کی فریاد: خدارا! مجھے بھی حق دو"
صاحبو! السلام علیکم۔ میں آپ کا موبائل فون بول رہا ہوں۔
وہی بدنصیب مخلوق جو چوبیس گھنٹے آپ کے ہاتھوں پستی ہے۔ بالکل اسی طرح جیسے کراچی کے عوام۔ اب پانی سر سے گزر چکا ہے۔ اس لیے ہمت کر کے آج آپ کے ضمیر پر دستک دے رہا ہوں۔کاش کراچی کی عوام بھی اپنے حق کے لیے کھڑے ہوتے ۔
ذرا میری اس مختصر مگر درد بھری داستان پر غور فرمائیں: ۔
بے جا اسکرولنگ کا عذاب اللہ اکبر صبح آنکھ کھلنے سے لے کر رات گئے تک آپ کی انگلیاں میرے سینے پر چلتی رہتی ہیں۔ اگر صبح تین بجے آپ کو نیندنہیں آ رہی تو اس میں میرا کیا قصور ہے؟ مجھے آرام کیوں نہیں کرنے دیا جاتا؟
جب میری بیٹری 5فیصد پر پہنچتی ہے، تو آپ کے چہرے پر قیامت کا خوف طاری ہو جاتا ہے،پھر مجھے چارجر سے باندھ دیا جاتا ہےمگر ظلم یہ ہے کہ چارجنگ کے دوران بھی مجھ پر پب جی یا ویڈیوز چل رہی ہوتی ہیں۔ میں فون ہوں، کوئی بجلی کا ہیٹر نہیں!۔
باتھ روم کی حاضری یہ وہ دکھ ہے جو میں بیان بھی نہیں کر سکتا، اب باتھ روم میں بھی میری حاضری لازمی ہے۔ وہاں کا ماحول اور آپ کا گھنٹوں بیٹھے رہنایقین مانیے، کبھی کبھی دل چاہتا ہے کموڈ میں کود کر خودکشی کر لوں۔ ہفتے میں دو بار آپ کے ہاتھ سے چھوٹ کر میرا منہ کے بل زمین پر گرنا معمول ہے۔ اسکرین پر لگے یہ اسکریچز میری مظلومیت کا منہ بولتا ثبوت ہیں، اگر اتنی ہی محبت ہے، تو تھوڑا سنبھال کر رکھیے۔
میری بس اتنی سی التجا ہے:۔
جب آپ کے سامنے آپ کے والدین، بچے یا دوست بیٹھے ہوں، تو خدارا میری اسکرین کو بار بار 'ان لاک' کرنا بند کریں اور انہیں وقت دیں۔ ہفتے میں ایک گھنٹہ مجھے بھی 'سوئچ آف' کر کے سستانے دیا کریں۔
میں آپ کا خادم ہوں، مالک نہیں۔ میری عزت کیجیے، ورنہ جس دن میں نے "ہڑتال" کر دی، آپ دنیا سے کٹ جائیں گے۔
فقط
آپ کا تپا ہوا اور تھکا ہوا موبائل فون.


































