
ثمینہ الیاس
اسلامی تاریخ میں یکم محرم کا دن ایک عظیم اور دردناک یاد اپنے اندر سموئے ہوئے ہے۔ یہ وہ دن ہے جب امتِ مسلمہ کے دوسرے خلیفہ امیر المؤمنین
حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی شہادت کی یاد تازہ ہوتی ہے۔ آپؓ کی زندگی عدل، انصاف، تقویٰ اور خدمتِ خلق کا روشن نمونہ تھی، جس کی مثال تاریخِ عالم میں کم ہی ملتی ہے۔
حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ وہ عظیم شخصیت ہیں جنہیں رسول اللہ ﷺ کی صحبت نصیب ہوئی ۔ آپؓ کے قبولِ اسلام سے مسلمانوں کو قوت اور استحکام حاصل ہوا۔ اسی وجہ سے آپؓ کو "فاروق" کا لقب ملا کیونکہ آپ حق اور باطل کے درمیان واضح فرق کرنے والے تھے۔
خلافت کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد حضرت عمرؓ نے ایک ایسی فلاحی اور عادلانہ حکومت قائم کی جس کی مثال آج بھی دی جاتی ہے۔ آپؓ راتوں کو مدینہ کی گلیوں میں گشت کرتے تاکہ کسی ضرورت مند یا مظلوم کی خبر لے سکیں۔ آپؓ کا یہ مشہور قول آج بھی حکمرانوں کے لیے مشعلِ راہ ہے کہ اگر دریائے فرات کے کنارے ایک کتا بھی بھوکا مر جائے تو عمر سے اس کا حساب لیا جائے گا۔
حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے دورِ خلافت میں اسلامی ریاست نے بے مثال ترقی کی۔ عراق، شام، مصر اور بیت المقدس سمیت کئی علاقوں میں اسلام کا پرچم بلند ہوا لیکن فتوحات اور اقتدار کے باوجود آپؓ کی زندگی سادگی، عاجزی اور خوفِ خدا سے بھرپور رہی۔ذوالحجہ کے آخری ایام میں ایک مجوسی ابولؤلؤ فیروز نے فجر کی نماز کے دوران آپؓ پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں آپ شدید زخمی ہوگئے۔ چند دن بعد آپؓ نے جامِ شہادت نوش فرمایا۔ آپؓ کی خواہش کے مطابق آپ کو رسول اللہ ﷺ اور حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے پہلو میں دفن کیا گیا۔ یہ اعزاز دنیا میں بہت کم لوگوں کو نصیب ہوا۔
یکم محرم ہمیں حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کی عظیم قربانیوں، عدل و انصاف اور اللہ تعالیٰ کے خوف سے بھرپور زندگی کی یاد دلاتا ہے۔ آج امتِ مسلمہ کو پہلے سے زیادہ اس بات کی ضرورت ہے کہ وہ حضرت عمرؓ کے کردار، دیانت، انصاف اور عوامی خدمت کے جذبے کو اپنی زندگیوں میں اپنائے۔اللہ تعالیٰ ہمیں حضرت عمر فاروق رضی اللہ تعالیٰ عنہ کے نقشِ قدم پر چلنے اور ان کی سیرت سے رہنمائی حاصل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔


































