
نادیہ مقبول / دبئی
اللہ جسے چاہتا ہے اپنے فضل سے نوازتا ہے، کسی کو کم دیتا ہے تو کسی کو زیادہ دیتا ہے، یہ اس کا فضل اور کرم ہے ۔
قرآن پاک کی ان آیات کو پڑھتے ہوئے "فضل" پر جیسے دل اور دماغ ٹھہر سا گیاکیا ہوتا ہے یہ "فضل"فضل ہے اللہُ تعالیٰ کی نوازش ہے اپنے بندے پرخواہ وہ دنیاوی ہو یا دینی۔تو اگر ہم ایسے انسان کو دیکھتے ہیں جو فضل یافتہ ہو اور ان تمام نعمتوں سے مالا مال ہو جو ہمارے پاس نہیں ہیں، تو کیا ہمیں یہ زیب دیتا ہے کہ بحیثیت مسلمان اور امتی آقائے دوجہاں محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے ہم اس پر حسد کریں یا یہ سوچیں کہ اس میں ایسا کیا ہے جو یہ سب کچھ اس کہ پاس ہمارے پاس نہیں تو اس کاجواب ہے"نہیں"کیوں کہ یہ اللہ کا فضل ہے "وہ" جسے چاہتا ہے نوازتا ہے۔
اسی طرح ایک فضل یافتہ شخص کے لیے یہ مناسب نہیں کہ وہ ان تمام نعمتوں کو لے کر ایسے بیان کرے جیسے یہ سب اس کا کارنامہ ہے، اسی میں سرخاب کے ایسے پر لگے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے وہ نوازا گیا ہے اور اللہ کی مخلوق کی دل آزاری کرتا پھرے جن کہ پاس وہ سب نعمتیں نہیں ، تو اس کا جواب ہے "نہیں" درحقیقت یہ اللہ کا فضل ہے اور یہ نعمتیں آزمائش ہیں۔
علامہ اقبال کے مطابق "فضل "اللہ کا وہ کرم ہے جو انسان کے اعمال کےبدلے نہیں بلکہ اللہ کی اپنی شان کے مطابق ہوتا ہے"
پھر کیسا غرور ،کیسا تکبر۔
اقبال کے مطابق "خودی"کی بیداری بھی اللہ کے فضل میں شامل ہےتو پھر آؤ اپنے رب اپنے خالق حقیقی سے اس کا فضل مانگیں، ایسا فضل جو زندگی کے اندھیروں کو دور کر کے نور لے آئے۔ایسا فضل جو خودی کی تکمیل کرے، نعمتوں کا ادراک عطا فرمائے، شکر کا طریقہ سیکھائے۔ایسا فضل کہ جس سے ہم اپنے رب کے خاص ہو جائیں، اس دنیا میں بھی سبقت لے جائیں اور آخرت میں بھی۔
میں نے کسی سے سنا تھا کہ دل اللہ کا گھر ہے تو آؤ اس گھر کو شکایت، کینہ، بغض، حسد اور حسرت سے پاک کرنے کے لیے اپنے رب کا فضل مانگیں۔
ایسا فضل و کرم جو ہمارے دلوں کو دنیا کی آزاریوں سے آزاد کر دے۔



































