
نادیہ مقبول / دبئی
"بس میں ہی میں ہوں"
کیا ہوتا ہے یہ "میں" کیا کوئی انسان اتنی آسانی سے 'میں' پر آجاتا ہے۔
نہیں سالوں لگ جاتے ہیں، سالوں تک اپنی خودی کو بھلائے رکھنا، دوسروں کو آگے رکھنا، گھر میں سب کی خوشیوں کا خیال رکھنا، جوڑ کر رکھنا، امن کی خاطر بنا قصور کے معافی مانگ لینا، فرما بردار بیوی اور بہو کے نام پر اپنی عزت نفس کو کچلتے رہنا، ماں اور گھر کے نام پر اپنا کیریئر قربان کر دینا، اپنے جذبا ت اور احساسات کو دبا لینا کیونکہ آپ کا شریک حیات خود ایک بچے کا دماغ رکھتا ہے (جو کہ ہمارے معاشرے میں نہایت نارمل بات ہے) اور اس کے بعد آپ کو وہ مان نہ ملے جس کے آپ حقدار ہیں تو پھر ہاں اب" میں" بھی ہوں۔
یہ سب کیوں برداشت کیا، کلچر یا دین، معذرت کے ساتھ، ہم نے اپنے کلچر کو دین سے اوپر رکھا ہوا ہے۔ اس معاشرے میں جب تک مرد ساتھ نہ کھڑا ہو آپ کو عزت کی نگاہ سے دیکھا بھی نہیں جاتا اور اگر کوئی عورت اپنے بنیادی حقوق کے لیے کھڑی ہو جائے جو کہ اللہ تعالیٰ نے دیے ہیں تو وہ اور اس کے بچے اس معاشرے کے ہاتھوں جج کیے جاتے ہیں، عورت باغی سمجھی جاتی ہے۔
جب آپ کے اخلاق اور عاجزی کو اور اچھی تربیت کو آپ کی کمزوری سمجھا جانے لگے اور روئیے آپ کی ذہنی اور جسمانی حالت کو دگرگوں کرنے لگیں تو" میں" کو اپنا لو۔۔۔ اللہ تعالیٰ کے بتائے ہوئے راستے اور اخلاق پر چلتے ہوئے " نو " کہنا سیکھو۔ اپنی خودی پہ کام کرو، اپنا حق پہچانو اور مانگو۔۔۔ شروعات میں یہ قدم ہمارے معاشرے کے نام نہادوں کو برا لگے گا۔۔۔ ایک کان سے سنو اور دوسرے سے نکال دو۔۔ اپنے آپ پر توجہ دو، بس اب بہت ہوئی قربانی، اب "میں ہی "میں "ہوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔



































