
نادیہ مقبول /دبئی
رمضان کے آخری روزہ کی افطار کے ساتھ ہی میں نے اپنی رمضان چیک لسٹ کے آخری خانے کو پر کر دیا۔ یہ وہ
چیک لسٹ تھی جو میں نے اپنے رب کے حضور پیش کرنے کے لیے تیار کی تھی اور اس کا مقصد اپنا محاسبہ کرنا تھا کہ گھر میں موجود لوگوں کی سحر و افطار اور خدمت صحیح سے کی یا نہیں۔ اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کے لئے اس احسان کو اچھے سے ادا کیا یا نہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ اپنی عبادات کو بطریق احسن پورا کیا یا نہیں۔
اس سب سلسلے میں میری چیک لسٹ نے میری بہت مدد کی۔۔۔پھر سوچا کہ رمضان کے لئے ہی کیوں، یہ چیک لسٹ تو زندگی کے ہر شعبے میں ہونی چاہیے، خواہ وہ حقوق اللہ ہوں یا حقوق العباد، اپنا محاسبہ کرنے کا یہ ایک اچھا طریقہ ہے۔اب سوال یہ اٹھتا ہے کہ اس چیک لسٹ کو مکمل کرنے کا معیار کیا ہونا چاہیے؟ کیا یہ معیار اللہ تعالیٰ اور رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کے مطابق ہونا چاہیے یا معاشرے کی خود ساختہ روایات کے مطابق۔
ہمارے رب نے ہمیں بہت پیار سے بنایا ہے اور اسی حساب سے ہمیں حقوق اللہ و حقوق العباد کو نبھانے کے طور طریقے بھی بتا ئے ہیں۔ ہماری عزت نفس یعنی مومن کی حرمت کو کعبہ کی حرمت سے تشبیہ دی ہے، تو کسی انسان کو یہ حق حاصل نہیں ہے کہ وہ زور زبردستی آپ سے وہ کچھ نبھانے کو کہے جس کا ہمیں حکم ہی نہیں دیا گیا ، جس سے ہماری عزت نفس مجروح ہواور نہ ہی خود ہمیں ایسا کوئی قدم اٹھانا چاہیے۔
حیرت تو تب ہوتی ہے جب شعور رکھنے والے لوگ ہی آپ پر خود ساختہ روایات کو پورا نہ کرنے پر گنہگار ہونے کا فتویٰ لگا دیتے ہیں، مزید برآں ان کی فکر کا محور وہ چیک لسٹ نہیں ہوتی کہ جس کو اللہ کے آگے پیش ہونا ہے بلکہ ان کو فکر اس بات کی ہوتی ہے کہ "لوگ" کیا کہیں گے۔
اپنی آگاہی کے لیے جب قرآن و سنت کا قریب سے مطالعہ کیا تو زندگی کے ہر شعبے کی چیک لسٹ کو بنانا اور اپنا محاسبہ کرنا آسان ہو گیا۔ اپنے رب سے اور نبی کریم صل اللہ علیہ والہ و سلم سے محبت میں اضافہ ہو گیا، یہ سمجھ آنے لگا کہ عزت نفس اور مغروریت کے درمیان کی باریک لکیر کو سمجھنے کی ضرورت ہےجو قدر کرتے ہیں ان کی قدر کی جائے اور جو عزت نفس مجروح کرتے ہیں ان سے اخلاق کے دائرے میں اعراز برتا جائے۔ اپنی عزت نفس کی حفاظت کی جائے، بس اب اپنے آپ پر اور ظلم نہیں کرنا اور نہ ہی کبھی اپنے رب تعالیٰ کی رحمت سے مایوس ہونا ہے۔



































